Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, August 1, 2019

قرآن فہمی کا ذوق بڑھانے والی کتاب”رہنمإ ترجمہ قرآن“

از/محی الدین غازی/صداٸے وقت۔
=========================
یہ خبر دیتے ہوئے بے پناہ مسرت ہورہی ہے کہ مولانا امانت اللہ اصلاحی رحمۃ اللہ علیہ کے افادات کی روشنی میں تیار کی گئی کتاب "رہنمائے ترجمہ قرآن" الحمد للہ شائع ہوگئی۔ بلاشبہ یہ کتاب قرآن فہمی کا ذوق رکھنے والوں کی بڑی ضرورت کو پورا 
کرتی ہے۔

قرآن مجید کے بہت سے ترجمے اردو زبان میں بھی ہوئے اور متعدد شخصیات نے الگ الگ اس عظیم خدمت کو انجام دیا۔ لیکن ان ترجموں کے تنقیدی جائزے کا کام نہیں ہوسکا۔ اس وجہ سے ہر انفرادی کوشش کی طرح ان قابل قدر کوششوں میں بھی کچھ نہ کچھ غلطیاں اور کمیاں رہ گئیں، اور ان کی نشان دہی نہیں ہوسکی۔
تفسیر، حدیث اور فقہ وغیرہ سے متعلق کاموں کا نقد وتجزیہ تو شروع سے ہی ہر زمانے میں ہوتا رہا ہے، ہر معروف رائے اور تحقیق کا اہل علم گہرائی سے جائزہ لیتے رہے ہیں۔ تاہم ترجمہ قرآن کے حوالے سے اس طرح کی کوئی قابل ذکر کوشش نہیں ہوئی، اور میرے علم کی حد تک کسی زبان میں نہیں ہوئی۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ ایک اکیڈمی کے تحت قرآن مجید کے مشہور تراجم کا تنقیدی جائزہ لیا جاتا، ترجموں میں ہونے والی تمام غلطیوں کی نشان دہی کی جاتی، جہاں ایک سے زائد طریقے سے ترجمے کئے گئے وہاں علمی بنیادوں پر مناسب ترین ترجمہ کا تعین کیا جاتا۔ صحیح ترجمے کے معیارات طے کئے جاتے، اور اس طرح بہتر سے بہتر ترجمہ قرآن تک پہونچنے کی اجتماعی کوشش ہوتی۔ لیکن ترجمہ قرآن کا کام جو درحقیقت اجتماعی طور پر کرنے کا تھا، عموما انفرادی طور پر کیا گیا، اور ان انفرادی کاموں کا تفصیلی جائزہ لینے کا انتظام نہیں ہوسکا۔
شیدائے قرآن مولانا امانت اللہ اصلاحی رحمۃ اللہ علیہ کو اللہ تعالی نے خصوصی موقع اور توفیق دی کہ انہوں نے کبر سنی اور خرابی صحت کے باوجود تراجم قرآن کے تنقیدی جائزے کا نہایت اہم اور ضروری کام بڑی باریک بینی سے انجام دیا۔
اللہ تعالی نے اس عاجز کے حصے میں یہ سعادت رکھ دی کہ مولانا مرحوم کے قیمتی افادات کو برسہا برس تک نوٹ کرتا رہے، اور ان کی روشنی میں معروف تراجم قرآن کا جائزہ لیتے ہوئے تفصیلی مضامین تیار کرے اور مولانا مرحوم کی نظر ثانی کے بعد حوالہ اشاعت کرے۔ اس سعادت میں چھوٹے بھائی عزیزم ابوالاعلی سید سبحانی کو بھی بڑا حصہ ملا۔

مولانا مرحوم کے افادات کی روشنی میں لکھے گئے مضامین کا قسط وار سلسلہ گذشتہ پانچ سال سے ماہنامہ الشریعہ پاکستان اور ماہنامہ حیات نو ہندوستان میں جاری ہے۔ اس سلسلے کو مزید مفید بنانے کی غرض سے ان مضامین کو کتاب کی صورت میں شائع کرنے کا ارادہ ہوا، اور اللہ کے فضل سے اب یہ کتاب ہدایت پبلشرز سے شائع ہوگئی۔
یہ کتاب قرآن مجید کے طلبہ کے لئے ایک تربیتی کورس کی حیثیت رکھتی ہے۔ قوی امید ہے کہ اس کتاب کو پڑھتے ہوئے قرآن مجید کے طالب علم کو بے شمار انوکھے اور بے بہا علمی نکات سے آگاہی ہوگی، قرآن فہمی کا ذوق پیدا ہوگا، ترجمے کی باریکیوں سے واقفیت ہوگی، اور قرآن مجید کی درست تفسیر اور ترجمہ کرنے کا ملکہ پروان چڑھے گا۔
تراجم قرآن کے تفصیلی جائزے کے لئے ایک اکیڈمی کی ضرورت ہنوز باقی ہے، یہ کوشش اس راہ کا اہم سنگ میل ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس کتاب میں دئے گئے جائزوں کی روشنی میں نہ صرف اردو زبان بلکہ دنیا کی دوسری زبانوں کے تراجم قرآن کا بخوبی جائزہ لیا جاسکتا ہے۔ اس لحاظ سے یہ کتاب "رہنمائے ترجمہ قرآن" ہے۔
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس کوشش کو قبولیت اور افادیت عطا فرمائے۔
ناشر: ہدایت پبلشرز، دہلی
فون نمبر: 9891051676