Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, November 28, 2019

مہا راشٹر۔۔حلف برداری سے قبل کامن مینیمم پروگرام جاری۔۔۔اولین ترجیح کسانوں کو۔۔۔بڑی راحت کا اعلان۔


مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری سے قبل کانگریس-این سی پی-شیوسینا اتحاد نے ’کامن منیمم پروگرام‘ جاری کر دیا، جس میں کسانوں کو اولیں ترجیح دیتے ہوئے فوری طور پر قرض معافی اور معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے

 ممبٸی ۔۔مہاراشٹر :/صداٸے وقت /ذراٸع ۔۔28 /نومبر 2019 ۔
==============================
ممبئی کے شیواجی پارک میں ادھو ٹھاکرے کی سربراہی میں ’مہا وکاس اگھاڑی‘ اتحاد کی حکومت کے حلف اٹھا کر تاریخ رقم کرنے سے قبل اتحاد میں شامل تین جماعتوں کی جانب سے مہاراشٹر میں حکومت کو بخوبی چلانے کے لئے ایک کامن منیمم پروگرام جاری کر دیا گیا۔ کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کے رہنماؤں کے ذریعہ جاری کردہ اس مشترکہ پروگرام میں آئندہ 5 سال کے لئے مخلوط حکومت کی ترجیحات کا اعلان کیا گیا ہے۔
مشترکہ پروگرام میں حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی کسانوں اور کاشتکاری کو ترجیح دیتے ہوئے فوری طور پر قرض معافی اور معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، بیروزگاری کو دور کرنے اور خواتین کی حفاظت کے ساتھ تعلیم کے شعبہ پر بھی توجہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی پریشانیوں پر سنجیدگی ظاہر کرتے ہوئے پروگرام میں متعدد اہم اقدامات کرنے کی بات کہی گئی ہے، جس میں ملازمتوں میں مقامی نوجوانوں کو 80 فیصد ریزرویشن اور بے روزگار نوجوانوں کو فیلوشپ فراہم کرنا شامل ہے۔ نیز، لوگوں کو ایک روپیہ میں علاج معالجہ کرنے کا منصوبہ بھی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

تینوں پارٹیوں کے مشترکہ پروگرام کو جاری کرتے ہوئے شیوسینا کے رہنما ایکناتھ شندے نے کہا کہ سونیا گاندھی، شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کی ہدایت پر اتحاد کا مشترکہ پروگرام تیار کیا گیا ہے۔ این سی پی رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پروگرام جاری کرتے ہوئے شندے نے کہا کہ ادھو ٹھاکرے کی زیر قیادت مخلوط حکومت ’ملک سب سے پہلے‘ کے نعرے کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ نیز، اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ معاشرے کا کوئی طبقہ خوف زدہ نہ رہے۔ حکومت تمام مذاہب کو ساتھ لے کر ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ شندے نے کہا کہ یہ حکومت مرکز میں آئین کے بنیادی عناصر کے ساتھ تمام زبان اور ریاستوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھے گی۔ نیز عوام کے ساتھ کسی بھی طرح کے امتیاز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کامن منیمم پروگرام کی اہم باتیں.
----------------------------------------------
بارش اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو فوری امداد دی جائے گی
کسانوں کے قرضے فوری طور پر معاف کر دیئے جائیں گے
جن کسانوں کی فصلیں ضائع ہو گئی ہیں انہیں فوری طور پر معاوضہ دینے کے لئے فصل بیمہ اسکیم میں ترمیم کی جائے گی
خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے لئے پانی کی فراہمی کے مستقل نظام بنایا جائے گا
ریاستی حکومت میں تمام خالی آسامیوں کو پُر کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کردیا جائے گا
تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کے لئے فیلوشپ مہیا کی جائے گی
مقامی نوجوانوں کو ملازمتوں میں 80 فیصد ریزرویشن یقینی بنانے کے لئے ایک قانون بنایا جائے گا