Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, November 20, 2019

غیر ملکی دشمنوں کی ایمإ پر ہونیوالے احتجاج پر قابو پا لیا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ایرانی صدر۔

ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ایران کے غیر ملکی دشمنوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی ابتر صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے۔
تہران /صداٸے وقت /ذراٸع ۔۔ایجینسیاں۔/٢٠ نومبر ٢٠١٩۔
==============================
 ایران میں پیٹرول کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اضافے کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے سامنے آئے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ میں ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے 'آئی آر آئی بی' کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ 'ایرانی عوام تاریخ کی سب سے بڑی آزمائش میں کامیاب ہوگئے ہیں اور انہوں نے دکھا دیا ہے کہ وہ صورتحال سے دشمنوں کو فائدہ حاصل نہیں ہونے دیں گے چاہے انہیں ملک کی انتظامیہ سے شکایت ہی کیوں نہ ہو'۔
حسن روحانی کا کہنا تھا کہ 'ان عناصر کے خلاف عوام کے حکومت کی حمایت میں گھروں سے نکل کر باہر آنا ایرانی عوام کی قوت کا سب سے بڑا مظاہرہ تھا'۔
واضح رہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ایران میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے متعدد شہروں میں حکومت کی حمایت میں بھی ریلیاں نکالی گئی تھیں۔
سرکاری چینل نے گورگان شہر اور تہران کے جنوبی حصے شہریار میں ریلیاں دکھائیں جہاں اس سے قبل احتجاجی مظاہروں کے دوران سیکیورٹی فورسز کے کئی اہلکار بھی ہلاک ہوئے تھے۔
ریاستی میڈیا نے ایران کی اعلیٰ سیکیورٹی ادارے کے سیکریٹری علی شمخانی کی تصاویر دکھائیں جن میں وہ بینر پکڑے ہوئے تھے جس پر لکھا تھا کہ 'امریکا اور اسرائیل کے دھوکوں کی موت ہو'
ایران نے امریکا، اسرائیل اور سعودی عرب سمیت غیر ملکی دشمنوں اور جلا وطن افراد سے منسلک 'غنڈوں' پر احتجاج کا الزام عائد کیا تھا۔
مظاہروں کا آغاز جمعہ کے روز سے ہوا جب حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ احتجاج سیکیورٹی کا مسئلہ تھا، کوئی تحریک نہیں تھی اور اس سے کامیابی سے نمٹ لیا گیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے عینی شاہدین کی معلومات، تصدیق شدہ ویڈیوز اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی معلومات کے مطابق 21 شہروں میں تقریباً 106 مظاہرین ہلاک ہوچکے ہیں۔
تاہم اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے اس رپورٹ کو 'بے بنیاد الزامات اور حقائق کے برعکس' قرار دیا تھا۔
ایران نے انٹرنیٹ پر پابندیاں عائد کردی ہیں جس کی وجہ سے مظاہرین کی جانب سے سوشل میڈیا پر احتجاج کی ویڈیوز ڈالنا ناممکن ہوگیا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ اب تک تقریباً 1 ہزار افراد کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔
اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے دفتر کا کہنا تھا کہ انہیں رپورٹس ملی ہیں کہ درجنوں افراد کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے قوت کا استعمال نہ کیا جائے۔