Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, November 30, 2019

اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت کی مولانا ارشد مدنی سے ملاقات۔


دیوبند ۔ ۔۔اتر پردیش۔۔۔۔29؍ نومبر 2019. /صداٸے وقت /ذراٸع۔
==============================
اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت نے یہاں مدنی منزل پہنچ کر جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی سے خاص ملاقات کی ،ہریش راوت نے بتایاکہ ان کی مولانا سے ملاقات آپسی بھائی چارہ کو مضبوط کرنے کے لئے تھی۔ گزشتہ دیر شام اچانک اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ و کانگریس کے سینئر لیڈر ہریش راوت نے مدنی منزل پہنچ کر جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی سے ملاقات کی ۔ تقریباً نصف گھنٹے تک دونوں رہنماؤں کی بند کمرہ میں ملاقات ہوئی۔ بعد ازیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہریش راوت نے کہاکہ مولانا مدنی سے ان کی ملاقات خیرسگالی تھی، ہریش راوت نے بتایاکہ مولانا مدنی سے گفتگو کے دوران کہاگیا کہ اجودھیا معاملہ کا اتنا بڑا فیصلہ آنے کے موقع پر ملک کے تمام طبقات نے آپسی بھائی چارہ اور پیار و محبت کا ثبوت دیا جو اس ہندوستان کی پہچان ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مولانا ارشد مدنی کا آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت سے ملاقات کا قدم میری نظر میںبہتر قدم تھا، اس طرح کی ملاقاتوں سے مذہب کے نام پر کھڑی کی گئی نفرتوںکی دیواریں ختم ہوتی ہیں اور ملک میںآپسی بھائی چارہ مضبوط ہوتا و امن وشانتی کاماحول پیدا ہوتاہے۔ ایک سوال کے جواب میں ہریش راوت نے کہاکہ ایودھیا تنازعہ پر اگر مولانا مدنی ریویو پیٹیشن کے لئے جارہے ہیں تو یہ انکا حق ہے جو آئین نے انہیں دیاہے، انہوں نے کہاکہ ریو یو پیٹیشن کو ایشو نہیں بنانا چاہئے بلکہ سپریم کورٹ میں اگر کوئی شخص نظرثانی کی عرضی لیکر جارہاہے تواس کامطلب یہ ہے کہ ملک عدلیہ پر اس کا بھروسہ بہت مضبوط ہے۔ ہریش راوت نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ گاندھی خاندان کی ایس پی جی ختم کرنے کا بی جے پی کا قدم بہت غلط ہے کیونکہ ایسی غلطی ہم نرسمہا راؤکے وقت میں کرچکے ہیں جب ہم نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو کھویا تھا، اگر اس وقت ایسا نہ کیاجاتا تو آج راجیو گاندھی ملک کی قیادت کررہے ہوتے۔ 
سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے بیان پر ہریش راوت نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مہاتماگاندھی کے قاتلوں کو دیش بھکت بنانے والوں کو بی جے پی تقویت فراہم کررہی ہے، انہوںنے کہاکہ باپو کے اس دیش میں ایسے لوگ بھی کھڑے ہوگئے ہیں جو گوڈسے کی پوجا کرتے ہیں اور اس کامندر بنانے کی بات کرتے ہیں جوملک کے لئے شرم کی بات ہے۔ مہاراشٹر کے سیاسی حالات پر انہوںنے کہاکہ مہاراشٹر میں جمہوریت جیت گئی ہے، جس کے لئے سونیاگاندھی،شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے مبارکباد کے مستحق ہیں، انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوںنے راتوںرات مہاراشٹر میں جمہوریت کو ختم کرنے کی سازش رچی تھی جو ناکام کردی گئی ۔اس دوران دیگر کانگریسی موجودرہے۔۔