Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, December 7, 2019

ویلفٸیر پارٹی نے سیٹیزن شپ امینڈمینٹ بل کی پر زور مخالفت کی !



نئی دہلی، 7 دسمبر 2019:/صداٸے وقت۔
=========================

ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے کیبینٹ کے ذریعہ متنازعہ سٹی زن شپ ا مینڈ منٹ بل کی منظوری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں کابینہ کے ذریعہ متنازعہ سٹی زن شپ امینڈ منٹ بل 2019 ( CAB) کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غیر آئینی قرار دیا اس لئے کہ وہ دستور کی دفعہ 14,15 اور 16 سے متصادم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بل امتیاز اور تفریق پر مبنی ہے جو سٹی زن شپ ایکٹ 1995 میں تبدیلی کرکے مسلمانوں کے علاوہ ان تمام ھندو، سکھ ، بو دھ، جین اور پارسی تارکین وطن کو اگر وہ افغانستان، پاکستان اور بنگلہ دیش سے نقل مکانی کرکے 31 دسمبر 2014 سے پہلے بھارت میں داخل ہوگئے ہوں شہریت دینے کی بات کرتا ہے۔ یہ بل کثرت میں وحدت کے ہندوستانی تصور کے منافی اور بی جے پی کے نعرہ سب کا ساتھ سب کا وکاس سے متصادم ہے۔
ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ یہ بل آر ایس ایس کے ہندو راشٹرا کے مقاصد کی تکمیل کرتا ہے اور دستور ہند کے سوشلسٹ، سیکولر اور جمہوری ری پبلک کے تصور کی نفی کرتا ہے۔ انہون نے کہا کہ یہ بل بی جے پی کی ووٹ بینک کی سیاست اور مسلم منافرت کو ہوا دینے کے لئے لایا جارہا اور اس کا ہرگز بھی مقصد انسانی ہمدردی نہیں ہے، اس لئے کہ اس میں ان پڑوسی ریاستوں جیسے سری لنکا ، میانمار ، تبت اور چین میں ظلم و جبر کا نشانہ بننے والے افراد کا ذکر نہیں ہے جنھیں بدترین مذہبی منافرت کا سامناُہے۔
ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ بی جے پی دراصل اس طرح کے جذباتی اور فرقہ وارانہ مسائل چھیڑ کر اہل ملک کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے۔ یہ حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ جو حکومت اپنے شہریوں کو ملازمت اور روزگار دینے سے قاصر ہے وہ کس طرح غیر ملکی تارکین وطن کی ضروریات پوری کرے گی۔  انہون نے کہا کہ حکومت اس امر پر بھی توجہ نہیں دے رہی ہے کہ بڑی تعداد میں غیر مسلم تارکین وطن کا شمال مشرقی ریاستوں میں داخلہ اور ان کو شہریت کا دیا جانا نہ صرف اس علاقہ کی آبادی کو متاثر کرے گا بلکہ علاقائی کلچر، تمدن اور انسانی ضروریات کو بھی اتھل پگھل کرکے رکھ دے گا۔
ڈاکٹر الیاس نے انتباہ دیا کہ ہمارا ملک ابھی تک دو قومی نظریہ اور تقسیم ھند کے گھاؤ سے ابھر نہیں سکا ہے ، بی جے پی ایک بار پھر اسے امتیاز اور تفریق کی راہ پر ڈال دینا چاہتی ہے۔
ویلفیئر پارٹی کے قومی صدر نے ملک کی تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کہ اس خطرناک بل کی مخالفت کرکے اسے پارلیمنٹ سے منظور نہ ہونے دیں۔ انہوں نے ملک کے تمام شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ متحدہ طور پر اس کے خلاف پرزور احتجاج کریں اور اس وقت تک چین سے نہ بیٹھیں جب تک کہ حکومت اسے واپس نہ لے لے۔