Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, December 18, 2019

سنا آپ نے وی سی صاحبہ۔۔۔۔۔۔۔۔!!!


ایم ودود ساجد/صداٸے وقت۔
====================
نجمہ اختر صاحبہ !  کیا آپ نے این ڈی ٹی وی پر رویش کمار کا پروگرام دیکھا۔۔۔؟ نہیں دیکھا تو کل یو ٹیوب پر ضرور دیکھئے گا۔۔۔ پولیس کے لاٹھی ڈنڈوں سے پٹنے والی ہندوستان کی یہ 10 بیٹیاں آپ کے موقف کی صداقت کا پردہ چاک کر رہی ہیں ۔۔۔۔

آپ فرماتی ہیں کہ پولیس کیمپس میں اس لئے داخل ہوئی کہ کیمپس کے اندر "باہری" لوگ آگئے تھے۔۔۔ یہ بچیاں بتارہی ہیں کہ افراتفری کے وقت یونیورسٹی کے گیٹ تقریباً بند تھے اور ہر گیٹ پر تین چار گارڈز موجود تھے اور وہ اسٹوڈنٹس تک کو بھی ان کے شناختی کارڈ دیکھے بغیر جانے نہیں دے رہے تھے۔۔۔

اس سیاہ رات کی داستان سنانے کے لئے این ڈی ٹی وی کے دفتر خود پہنچنے والی ان بچیوں کو بھی اپنے شناختی کارڈ دکھا کر ہی اندر جانے کی اجازت ملی تھی۔۔۔ جبکہ ان کے پیچھے پولیس ڈنڈے لئے دوڑی ہوئی آرہی تھی۔۔۔۔

آپ فرماتی ہیں کہ پولیس باہری لوگوں کے پیچھے آئی تھی۔۔۔۔ لیکن ہاتھ پاؤں ان بچیوں کے ٹوٹے ہیں ۔۔۔ اور ہاں ان دس بہادر بچیوں میں سے پانچ ہندو ہیں ۔۔۔ آپ نے کہا کہ پولیس بغیر اجازت داخل ہوئی۔۔۔ پولیس کہتی ہے کہ اس کے پاس اجازت تھی۔۔۔ آپ کی دونوں باتیں جھوٹی لگتی ہیں ۔۔۔ کم سے کم مظلوم بچیاں تو جھوٹ نہیں بول رہی ہیں ۔۔۔

اور ہاں کیا آپ ان بچیوں سے ملیں نجمہ صاحبہ۔۔۔؟
میرا خیال ہے کہ آپ نے اس کی زحمت نہیں فرمائی۔۔۔ اسی لئے یہ بچیاں رویش کمار سے ملنے پہنچ گئیں ۔۔۔ وائس چانسلر' اسٹوڈنٹس کے لئے ماں اور باپ دونوں ہوتا ہے۔۔۔۔ آپ ان پریشان حال اسٹوڈنٹس کے لئے ایک ماں کا کردار ادا کرنے میں ناکام رہیں ۔۔۔

میرا گھر' میری بستی' میرا شہر اور میرا دیس عورت کی عظمت وشجاعت کی داستانوں سے بھرا پڑا ہے۔۔۔ جب عورت محبت کرتی ہے تو اپنا سب کچھ قربان کردیتی ہے۔۔۔ لیکن جب وہ ظلم کے خلاف اٹھتی ہے تو ظالم کو خس وخاشاک کی طرح اُڑا ڈالتی ہے۔۔۔ قوم کی یہ بچیاں ظالموں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہیں ۔۔۔ ظلم کی سیاہ رات کتنی ہی طویل ہو انصاف کی صبح ضرور طلوع ہوتی ہے۔۔۔ یہی نظام فطرت ہے۔۔۔ یہی نظام الہی ہے۔۔۔

میں ان ستم رسیدہ بہادر بچیوں میں اپنی بچیوں کی شبیہ دیکھتا ہوں ۔۔۔۔ تاریخ ان کا نام جلی حروف میں لکھے گی۔۔۔  مورخ کو ناز ہوگا کہ اس نے ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے والی ان بہادر بچیوں کے ذکر سے اپنی تاریخ مکمل کی۔۔۔۔ آپ بھی ایک خاتون ہیں ۔۔۔ تاریخ آپ کا بھی ذکر کرے گی۔۔۔ لیکن ان بہادر بچیوں کے ساتھ نہیں ۔۔۔۔