Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, January 5, 2020

دہلی پولیس کا اعتراف، مظاہرے کے دوران گولی چلائی تھی۔

نٸی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع /مورخہ ٥ جنوری ٢٠٢٠۔
==============================
ملک میں شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کے خلاف ملک کی مختلف ریاستوں اور علاقوں میں عوام کے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اس درمیان دہلی پولیس نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ پندرہ دسمبر کو جامعہ ملیہ کے طلبا کے مظاہرے کے دوران اس نے گولی چلائی تھی
ذراٸع کے  مطابق ایک ایسے وقت جب پورے ملک میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف مظاہرے بدستور جاری ہیں دہلی پولیس نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے پندرہ دسمبر کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا کے مظاہرے کے دوران گولی چلائی تھی ۔ اس سے پہلے دہلی پولیس اور حکومتی عہدیدار اس بات سے انکار کرتے رہے ہیں کہ پولیس نے کوئی گولی چلائی تھی - دہلی پولیس پر یہ الزام عائد کئے جا رہے ہیں کہ پندرہ دسمبر کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا کے مظاہرے کے دوران اس نے طلبا پر بے رحمی سے تشدد کیا اور یونیورسٹی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کیمپس میں داخل ہو کر اس نے توڑ پھوڑ کی تھی - جو ویڈیو سامنے آیا اس میں پولیس کو گولی چلاتے ہوئے دکھایا جارہا ہے تاہم پولیس نے کہا ہے کہ اس نے اپنے دفاع میں ہوائی فائرنگ کی تھی - طلبا پر پولیس کے تشدد اور یونیورسٹی میں توڑ پھوڑ کے معاملے میں جامعہ کی وائس چانسلر نجمہ اختر نے پولیس کے خلاف شکایت بھی درج کرائی ہے - اس درمیان دہلی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں سی اے اے اور این آرسی کے خلاف احتجاجی مظاہرے بدستور جاری ہیں - دہلی کے جامعہ نگر اور شاہین باغ علاقوں سمیت شمال مشرقی ریاستوں منجملہ آسام میں سی اے اے کے خلاف مظاہرے جاری ہیں - ہفتے کو حیدرآباد میں لاکھوں افراد نے ایک بہت بڑا مظاہرہ کرکے سی اے اے اور این آرسی کے خلاف احتجاج کیا -