Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, January 27, 2020

ہندوستان میں سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف خواتین کے دھرنے ، مظاہرے اور ریلیاں۔

ہندوستان میں سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف خواتین کے دھرنے ، مظاہرے اور ریلیاں جاری ہیں۔۔۔۔۔سحر ٹی وی کی رپورٹ۔
نٸی دہلی /صداٸے وقت
==============================
قومی شہریت ترمیمی قانون سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف دہلی کے شاہین باغ میں خواتین کا دھرنا پیر ستائیس جنوری کو بھی جاری رہا۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی نے ایک بار پھر حزب اختلاف کی جماعتوں پر سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف مظاہروں اور دھرنوں کی پشت پناہی کا الزام لگایا ہے ۔ہندوستان کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شاہین باغ اب بقول ان کے دہلی کا ایک محلہ نہیں رہا۔ ان کا دعوی ہے کہ شاہین باغ اور ملک کے دیگر علاقوں میں سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف مظاہرہ کرنے والے بقول ان کے ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں ۔ہندوستان کے مرکزی وزیر نے یہ الزام ایسی حالت میں لگایا ہے کہ سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف مظاہرہ کرنے والے مرکزی حکومت پر نفرت کی سیاست، اور ملک کو تقسیم کرنے کی سازش کا الزام لگاتے ہیں ۔یاد رہے کہ شاہین باغ سمیت دہلی کے مختلف علاقوں اور اسی طرح ہندوستان کی تقریبا سبھی ریاستوں اور اہم شہروں میں سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے مخالفین نے چھبیس جنوری کو ترنگا جھنڈا لہرایا، قومی ترانہ پڑھا اور ملک نیز اس کے جمہوری اور سیکولر نظام سے وفاداری کا اعلان کیا ۔مظاہرین نے اسی کے ساتھ آئین ہند کا پری ایمبل ایک ساتھ پڑھ کے آئین کے تحفظ کا بھی عہدکیا ۔دہلی کے شاہین باغ علاقے میں چھبیس جنوری کو دس لاکھ سے زائد لوگوں نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھنے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دہلی کے شاہین باغ میں ترنگا لہرانے کی تقریب میں دس لاکھ سے زائد لوگوں نے حصہ لیا تھا ۔اسی طرح ملک کے دیگر سبھی اہم شہروں میں بھی سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف مظاہرہ کرنے والے دسیوں لاکھ ہندوستانیوں نے ملک کے آئین اور جمہوری نیز سیکولر نظام سے وفاداری کا اعلان کیا ہے۔