Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, February 8, 2020

دہلی اسمبلی انتخابات 2020 : تقریبا 60 فیصد ووٹنگ ، امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند

دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹ ڈالنے کا عمل پرامن طریقے سے ختم ہوا ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آٹھ بج کر 58 منٹ تک 59.92 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔

نٸی دہلی / صداٸے وقت /ذراٸع /٨ فروری ٢٠٢٠
============================
دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹ ڈالنے کا عمل پرامن طریقے سے ختم ہوا ۔ انتخابات میں تقریبا 60 فیصد ووٹروں نے اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کیا ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آٹھ بج کر 58 منٹ تک 59.92 فیصد ووٹنگ درج کی گئی ۔ قبل ازیں دہلی کے چیف الیکٹورل افسر رنبیر سنگھ نے بتایا کہ شام سات بجے تک موصولہ رپورٹ کے مطابق 57.68 فیصد ووٹروں نے ووٹ کا حق استعمال کیا اور اب 100 سے زائد مراکز پر پولنگ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو بھی ووٹر مقررہ وقت پرشام چھ بجے تک پولنگ مرکز کے حد میں آ گئے ہیں ، انہیں ووٹ ڈالنے دیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سال 2015 میں ہوئے اسمبلی انتخابات 67.47 فیصد ووٹروں نے ووٹ ڈالے تھے۔ گذشتہ سال ہوئے لوک سبھا انتخابات میں 60.06 فیصد ووٹروں نے ووٹ کے حق استعمال کیا تھا۔ صدر رام ناتھ کووند ، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی ، کانگریس لیڈر راہل گاندھی ، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ، نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا ، چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ اور دہلی کے چیف الیکٹورل افسر رنویر سنگھ ، ایم پی میناکشی لیکھی اور کئی معزز افراد نے اپنے  اپنے حلقوں میں ووٹ ڈالا ۔
ان پولنگ مراکز پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ووٹروں کو خصوصی سہولیات بھی فراہم کی گئیں ۔ وی آئی پی پولنگ مرکز ہونے کی وجہ سے وہاں کافی لوگ جمع تھے اور وہ ان نامی گرامی شخصیات کو دیکھنے کے لیے کافی دیر تک رکے رہے ۔ صبح آٹھ بجے پولنگ شروع ہونے کے بعد پہلے تو ووٹنگ کی رفتار سست تھی اور سردی کی وجہ صبح ووٹنگ کے لیے کم لوگ نکلے ، لیکن جیسے ہی دھوپ نکلی اور دن بڑھتا گیا ، عوام گھروں سے ووٹ ڈالنے کے لیے امنڈ پڑے ۔ دوپہر بعد پولنگ نے رفتار پکڑ لیا۔
سابق نائب صدر حامد انصاری ، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے لیڈر پرکاش کرات ، دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواری ، مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی ، کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور کانگریس لیڈر الکا لامبا نے بھی اپنے اپنے حلقوں حق رائے دہندگی کا استعمال کیا ۔
مسٹر سنگھ نے بتایا کہ 70 سیٹوں کے لیے ہوئے انتخابات میں کل 672 امیدوار میدان میں تھے جس میں 593 مرد اور 79 خواتین تھیں ۔ 23 سیٹوں پر کوئی خاتون امیدوار نہیں تھیں ۔ کل ایک کروڑ 47 لاکھ 86 ہزار 382 ووٹرس ہیں ۔ پولنگ کرانے کے لیے 98 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیےگئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولنگ ڈیوٹی کے دوران دو ملازمین کا انتقال ہو گیا ۔ ان میں بابرپور میں تعینات ایک پولنگ افسر اودھم سنگھ کا دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال ہو گیا جبکہ ایک اور اہلکار اترپردیش ہوم گارڈ کا جوان گیان سنگھ تھا ، جس کی کل طبیعت خراب ہوئی تھی اور اسے صفدر جنگ اسپتال میں داخل کروایا گیا ، جہاں آج اس کی موت ہو گئی ۔