Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, February 29, 2020

دیوبند۔۔۔ تیز ہوا اور بارش کے درمیان سی اے اے کے خلاف متحدہ خواتین کمیٹی کا بے معیادی دھرنا اور احتجاجی مظاہرہ 34ویں دن بھی جاری۔

دیوبند ؍ 29فروری (رضوان سلمانی)۔/صداٸے وقت۔
=============================
 تیز ہوا اور بارش کے درمیان سی اے اے کے خلاف متحدہ خواتین کمیٹی کا بے معیادی دھرنا اور احتجاجی مظاہرہ 34ویں دن بھی جاری رہا۔ مظاہرہ کررہی خواتین نے ہر مشکل کا سامنا کرتے ہوئے آئین مخالف قانون کے ختم ہونے تک احتجاجی مظاہرہ جاری رکھنے کا عہد کیا۔ شہر کے عیدگاہ میدان میں مظاہرہ کو خطاب کرتے ہوئے متحدہ خواتین کمیٹی کی صدر آمنہ روشی نے کہا کہ موسم کی یہ مار حکومت کی اس مار سے کہیں زیادہ بہتر ہے جو سی اے اے اور این آرسی کے نام سے ملک کے عوام کو دینے کی تیاری ہے 
۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت آئین مخالف اپنے غلط فیصلے پر جتنا اڑیل رخ اختیار کررہی ہے ہمارے حوصلوں میں اتنا ہی اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ اہل اقتدار کے غلط فیصلوں کے خلاف احتجاج کرنا جمہوریت کا اہم حصہ ہے لیکن جنرل ڈائر کی سوچ رکھنے والے لوگ پرامن احتجاجوں میں بدامنی پھیلاکر سچائی کا گلا دبانا چاہتے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ آج جو اقتدار میں ہیں وہ جب اپوزیشن میں تھے تو احتجاج جائز تھے اور آج وہی احتجاج دیش دروہ بن گئے ہیں۔ ارم عثمانی نے کہا کہ ہم نہ رکیں گے اور نہ ہم جھکیں گے ، آئین اور ہٹلر شاہی کی اس لڑائی میں آخرکار کامیابی ملک کی ہی ہوگی ۔ سی اے اے کو لے کر عالمی سطح پر سرکار کی ہورہی فضیحت کا ذکر کرتے ہوئے انہو ںنے کہا کہ سرکار کا یہ جھوٹ ملک سے محبت اور یہاں کے عوام پر بھاری پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہی نہیں دنیا بھر کی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ اہل اقتدار نے ہمیشہ ہی حق کو دبانے کے لئے سازشیں کی ہیں اور طاقت کا استعمال کیا ، لیکن ہمیشہ فتح سچائی کی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں نفرت پھیلانے والوں کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ واضح ہو کہ آج موسم بے حد خراب ہونے کے باوجود بھی بڑی تعداد میں خواتین احتجاجی مظاہرے کے مقام پر پہنچیں اور زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے سی اے اے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔