Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, February 28, 2020

دبئی میں ہوگا ایشیا کپ، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا مقابلہ۔

ستمبرمیں ہونے والے ایشیا کپ کا انعقاد پہلے پاکستان میں ہونا تھا، مگر ٹیم انڈیا کا پاکستان کادورہ کرنے سے صاف انکارکرنے کے بعد اب ٹورنامنٹ دبئی میں ہوگا۔

کولکاتا:/ صداٸے وقت / ذراٸع /٢٨ فروری ٢٠٢٠۔
==============================
 اس سال ہونے والے ایشیا کپ کے انعقاد کے مقام کو لےکر کافی وقت سے تعطل بنا ہوا تھا۔ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی۔ مگر سیکورٹی وجوہات اور پڑوسی ملک سے خراب رشتے کے سبب ٹیم انڈیا نے پاکستان کا دورہ کرنے سے صاف منع کردیا تھا، جس سے انعقاد کی چمک پھیکی پڑتی نظر آرہی تھی۔ اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے اب پاکستان کے بجائے ایشیا کپ کا انعقاد دبئی میں ہوگا۔ وہیں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ بھی کھیلا جائےگا۔ بی سی سی آئی صدر سوربھ گانگولی نے جمعہ کوکہا کہ ایشیا کپ دبئی میں ہوگا۔ انہوں نےکہا کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں ممالک کو اس ٹورنامنٹ میں چیلنج پیش کرنےکا موقع ملےگا۔
دراصل پہلے پاکستان میں اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ہونا تھا، مگر بی سی سی آئی نے واضح کردیا تھا کہ سیکورٹی وجوہات کے سبب ہندوستانی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔ اس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔ آئندہ ماہ 3 مارچ کو ایشین کرکٹ کونسل کی دبئی میں میٹنگ ہونی ہے اور دبئی روانہ ہونےسے پہلے بی سی سی آئی صدرگانگولی نے ایڈن گارڈن پر ہوئی پریس کانفرنس میں اس بات کی تصدیق کی۔ انہوں نےیہ بھی واضح کردیا ہےکہ بی سی سی آئی کو اس میں کوئی پریشانی نہیں ہےکہ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کرےگا۔
دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ کچھ وقت سے چل رہے خراب رشتوں کا اثرکرکٹ پر بھی پڑا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان 2013-2012 کے بعد سے کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ صرف آئی سی سی ٹورنامنٹ میں ہی دیکھنےکو ملتا ہے۔ ایشیا کپ کا انعقاد ستمبر میں ہوگا۔ 6 ممالک کے اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان خطاب بچانے اترےگا۔