Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, March 15, 2020

ہندوستان کی پہلی پر سارک ممالک کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کرونا واٸرس کو لیکر ایک دوسرے سے تبادلہ خیال۔۔۔۔

وزیر اعظم مودی نے حکومت ہند کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی تفصیل سے معلومات دی اور کہا کہ ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ ہم ابھی بھی ایک نامعلوم صورتحال میں ہیں۔

نٸی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع /١٥ مارچ ٢٠٢٠۔
=============================
وزیر اعظم نریندر مودی نے جنوبی ایشیا میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے سارک کے تمام ممالک کی مشترکہ حکمت عملی پر مل کر کام کرنے اور کامیاب ہونے کی اپیل کی ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) کے ممالک افغانستان ، بھوٹان، بنگلہ دیش، مالدیپ، نیپال، سری لنکا اور پاکستان کے لیڈروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر اعظم نے اپنے ابتدائی بیان میں ان ممالک کے لیڈروں کا مختصر مدتی نوٹس پر ایک ساتھ آنے کے لئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عالمی ادارۂ صحت کی طرف سے اسے عالمی وبا قرار کئے جانے کے باوجود سارک میں ابھی تک اس وائرس کے اثرات بقیہ دنیا کی نسبتا کم ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں کورونا وائرس کے مجموعی معاملات 150 سے کم ہیں ۔ لیکن ہمیں بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے ، کیونکہ دنیا کی آبادی کا پانچواں حصہ جنوبی ایشیائی ممالک میں رہتا ہے اور یہ گنجان آبادی والا علاقہ ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے طور پر ہم سب کے پاس طبی سہولیات تک رسائی کے معاملے میں اہم چیلنج ہیں ۔ ہمارے تمام ممالک کے شہریوں کے درمیان باہمی تعلقات قدیم وقت سے ہیں اور ہمارے معاشرے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں ۔ لہذا ہم سب کو ساتھ مل کر تیاری کرنی چاہئے، سب کو ایک ساتھ کام کرنا چاہئے اور ہم سب کو ایک ساتھ کامیاب ہونا چاہئے۔
وزیر اعظم مودی نے حکومت ہند کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی تفصیل سے معلومات دی اور کہا کہ ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ ہم ابھی بھی ایک نامعلوم صورتحال میں ہیں۔ ہم یقینی طورپر یہ اندازہ نہیں لگا سکتے ہیں کہ ہماری بہترین کوششوں کے باوجود صورتحال آگے کیسی ہوگی ۔ آپ کو بھی اسی طرح کے خدشات کا سامنا رہا ہوگا ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم سب کے لئے سب سے اہم یہ ہوگا کہ ہم سب اپنے اپنے نقطہ نظر کا اشتراک کریں ۔
کانفرنس میں نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے کہا کہ اس وبا سے نمٹنے کے لئے مشترکہ سوچ کے ساتھ ایک پختہ اور مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا ضروری ہے ۔ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ووہان سے 23 بنگلہ دیشی طلبہ کو نکالنے کیلئے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا ۔ سری لنکا کے صدر گوتابيا راجا پكشا نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا اپنے خیالات اور تجربات کا اشتراک کرے ۔ تاکہ اس وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔
مالدیپ کے صدر ابراہیم صالح نے سارک کی سطح پر كووڈ 19 چیلنج سے نمٹنے کے لئے پہل کرنے کے لئے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا ۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا کہ دنیا کو اس نامعلوم وبا سے نمٹنے کے لئے اسی طرح کے ایک مشترکہ اور شراکت والے فریم ورک کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کی جانب سے وہاں کے وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اچھے حالات کی امید کرنی چاہئے اور برے سے برے حالات کے لئے تیاری کرنی چاہئے ۔ ويڈيو کانفرنسنگ میں بھوٹان کے وزیر اعظم ڈاکٹر لوتے شیئرنگ اپنے وزیر صحت اورخارجہ کے ساتھ شامل ہوئے ۔