Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, March 1, 2020

ایک ”غزل“۔۔۔۔از/ڈاکٹر فیاض علیگ۔

ڈاکٹر فیاض احمد علیگ کا  مختصر تعارف/ صداٸے وقت۔
==============================
ڈاکٹر فیاض احمد علیگ کا تعلق ہندوستان سے ہے اور علمی حلقوں میں ان کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے بینا پارہ اعظم گڑھ میں بحثیت استاد اور قریب ہی بطور معالج خدمات انجام دیتے ہیں ڈاکٹر فیاض احمد علیگ ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں انہیں جس قدر دسترس طب و جراحت پر ہے اسی قدر شعر و سخن میں بھی ہے، یہی نہیں وہ تحریر و تحقیق کے فن میں بھی طاق ہونے کے ساتھ ساتھ اپنا ایک منفرد نام و مقام رکھتے ہیں ہم نے اس سے قبل بھی ڈاکٹر صاحب کے متعدد فن پارے شائع کئے ہیں اور ساتھ ساتھ ان کے تحقیقی مضامین بھی شائع ہوتے رہتے ہیں ہمارے ہاں جن لوگوں کے گذشتہ برس میں سب سے زیادہ پڑھا گیا ہے ان میں پروفیسر شمیم ارشاد اعظمی اور ڈاکٹر فیاض احمد علیگ ہی ہیں۔یہ بھی لکھنا ضروری ہے کہ ان کی غیر حاضری کو ہم تو محسوس کرتے ہیں کہ یہ ہمارے بہت محسن اور اچھے دوست و مشیر ہیں ہمارے ساتھ قارئین کرام بھی یاد کرتے ہیں اور ان کے مضامین سب سے زیادہ تلاش کئے جاتے ہیں۔ ہمارے معاونین میں یہ دونوں وہ احباب ہیں جن کی تحقیق کو ابھی تک کسی نے چیلنج نہیں کیا.

                          غزل
                     ========
پھول خوشبو چاند سورج روشنی لے آئے ہیں
زندگی تیرے لئے ہم ہر خوشی لے آئے ہیں

شہر جا کر لوگ اکثر گمرہی لے آئے ہیں
روشنی کی انجمن سے تیرگی لے آئے ہیں۔

تم ہماری جان کے دشمن ہو جانی اس لئے
تیری خاطر جان اپنی پیشگی لے آئے ہیں۔

کیوں زمانہ اس قدر ناراض آخر ہے میاں
ہم زمانے کے لئے تو روشنی لے آئے ہیں ۔

زندگی فٹ پاتھ پر ہنستی ہوئی ہم کو ملی
ہم اٹھا کر بس وہیں سے کچھ ہنسی لے آئے ہیں۔

حسن بے پروا کی یارو سادگی کو دیکھ کر
ہم بھی اپنی زندگی میں سادگی لے آئے ہیں۔

لوگ دریا کو سمجھتے ہیں بہت فیاض ہے
ہم اسی دریا سے دیکھو تشنگی لے آئے ہیں۔