Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, March 26, 2020

جمعہ کی نماز گھر پر ادا کی جاٸے ۔۔۔علمإ کی اپیل۔

کوروناکوہے ہرانا:مساجدمیں مصلیوں کوداخل کی نہیں ہے اجازت،جمعہ کے دن گھرپراداکی جائے نماز
کورونا وائرس کے وباء پر قابوپانے کے لیے عالمی سطح پر جدوجہد جاری ہے۔ ایسے میں کل جمعہ کے موقع پر ہندوستان کے کئی بڑے شہروں میں تاریخی مساجد سمیت تمام چھوٹے بڑے مساجد میں عام مصلیوں کو داخلہ کی اجازت نہیں ملے گی.

صداٸے وقت /ذراٸع / 26 مارچ 2020.
==============================
کورونا وائرس کے وباء پر قابوپانے کے لیے عالمی سطح پر جدوجہد جاری ہے۔ ایسے میں کل جمعہ کے موقع پر ہندوستان کے کئی بڑے شہروں میں تاریخی مساجد سمیت تمام چھوٹے بڑے مساجد میں عام مصلیوں کو داخلہ کی اجازت نہیں ملے گی ۔ کیوں کہ تقریباً تمام ریاستوں میں مساجد کمیٹیوں اور ریاستی وقف بورڈس کی جانب سے جمعہ کے موقع پر گھر پر ہی نماز جمعہ ادا کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ ہم آپ کو اس اسٹوری میں آپ کو اب تک مختلف ریاستوں میں جمعہ کی نماز کے سلسلہ میں کیے گئے اعلانات کی تفصیلات سے واقف کروائیں گے۔
بھوپال

کورونا وائرس کے خطرات سے بچنے کے لئے بھوپال محکمہ دادالقضا و دارالالفتاءنے تمام فرزندان تو حید سے گھروں میں ظہر کی نماز ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ محکمہ دارالقضا و دارالافتاءکے لیٹر ہیڈپر شہر قاضی سید مشتاق علی ندوی اور مفتی ابو الکلام قاسمی کے دستخظ سے جاری ہوئی اپیل میں کہا گیا ہے کہ شہر کے تمام مسلمانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ شریعت ک گنجائش پر عمل کرتے ہوئے جمعہ کی نماز کے لئے کسی بھی مسجد میں لوگ جمع نہ ہوں بلکہ اپنے گھروں میں لوگ ظہرکی نماز ادا کریں۔مسجدوں کو آباد رکھنے کے لئے اور جمعہ کی نماز کو قائم رکھنے کے لئےصرف چار پانچ لوگ جمعہ کی نماز ادا کرلیں۔
کل ہونے والی جمعہ کو نماز کو لیکر لوگوں کے من میں جہاں بہت سارے سوالات تھے وہیں شہر قاضی کے بیان کے بعد وہ سوال دورہوگئے ہیں اور خود بھوپال میں ایشیا کی بڑی مسجد تاج المساجد میں شہر کے قاضی سید مشتاق علی ندوی کے بیان کو چسپاں کردیاگیا ہے تاکہ شہر کے مسلمانوں کو شریعت کی روشنی میں اطلاع بھی دی جا سکے ساتھ ہی کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات سے بچایا بھی جا سکے۔مدھیہ پردیش میں کورونا وائرس کے ابتک بیس معاملے سامنے آچکے ہیں اس میں اجین کے ایک مریض کی کل اندور میں مو ت ہو گئی ہے۔ ان سب کے بیچ خوشی کی بات یہ ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں احتیاطی تدبیر کے سبب کورونا کا کوئی نیا معاملا مدھیہ پردیش میں سامنے نہیں آیا ہے ۔

مغربی بنگال کی تمام مساجد کو بند کرنے کا فیصلہ

کورونا کے بڑھتے اثرات کو روکنے کیلئے مغربی بنگال علمإ ایسوسی ایشن نے بڑا فیصلہ لیا ہے ۔بنگال کی تمام مسجد کمیٹیوں نے مسجد بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جسکے بعد سے آج شہر کی کئی مساجد میں تالا لگا دیا گیا ہے ۔
جھارکھنڈ

رانچی کی انجمن اسلامیہ نے جمعہ کی نماز گھروں ہی میں ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ انجمن کی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ جس میں انجمن راحت فنڈ کی پانچ لاکھ روپے کی رقم سے غریب، بے گھر لوگوں کے درمیان کھانے پینے کا راحٹ پیکٹ تقسیم کرنے کا فیصلہ لیا جا ئے گا۔ اس ضمن میں مقامی انتظامیہ کی مدد بھی لی جائے گی۔۔

تلنگانہ :مسلمانوں سے گھروں میں ہی نماز ادا کرنے کی اپیل

حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی نماز ہوگی ۔ مگر مختصر ۔ عام مصلیوں کو نماز کی اجازت نہیں ہے ۔ مکہ مسجد کے سپرنٹنڈنٹ عبدالقدیر صدیقی نے یہ بات کہی ۔ وہیں تلنگانہ وقف بورڈ نے ایک سر کولر جاری کرتے ہوئے لوگوں کو گھروں میں نماز جمعہ ادا کرنے کا مشورہ دیاہے۔ اس سرکولر میں کہا گیاہے کہ مساجد میں آنے سے گریز کیاجاناچاہیے۔ کیوں کہ کورونا وائرس کی وباء پر قابوپانے کے لیے احتیاطی طورپر مسلمانوں کو گھر پر ہی نماز پڑھنا چاہیے۔وہیں دوسری جانب جنوبی ہند کی قدیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اس اجلاس کی نگرانی شیخ الجامعہ مولانا مفتی خلیل احمد نے کی۔ جس میں موجودہ حالات میں کوروونا وائرس کی وباء کے پیش نظر مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اور احتیاطی اقدامات پر عمل کرنے فیصلہ لیا گیا۔ مولانا مفتی خلیل احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شریعت میں ہنگامی حالات میں ترک جماعت کی اجازت دی گئی ہے ۔چنانچہ موجودہ کوروونا وائیرس کی وباء بھی اس میں شامل ہے۔
بہار

کورونا کو لیکر سابق سکریٹری حکومت ہند اور بہار ریاستی ریگولیٹری اتھاریٹی کے چیئرمین افضل امان اللہ نے مسلمانوں کو مسجد میں جانے کے بجائے لوگوں کو اپنے گھروں میں نمازادا کرنے پر زور دیاے۔ افضل امان اللہ آئی اے ایس ا فسر رہے ہیں اور بہار سمیت ملک میں اہم عہدوں پر فائز بھی رہے ہیں ۔ افضل امان اللہ نے کہناہے کہ کورونا کی وباء پر قابوپانے کے لیے مسلمانوں کو سنجیدگی سے فیصلے کرنے چاہیے۔

کرناٹک
کورونا وائرس کے پیش نظر کرناٹک کی تمام مساجد میں عوام کے داخلہ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ مسجدوں میں صرف پیش امام، موذن اور مسجد میں رہنے والا عملہ ہی نماز ادا کررہا ہے۔ کرناٹک کے امیر شریعت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے تمام مساجد میں 31 مارچ تک یہ پابندی رہے گی۔عوام کو گھروں میں ہی نماز ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کورونا وائرس نے ملک بھر میں کہرام مچا رکھا ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں تمام طرح کی احتیاتی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ اسی کے پیش نظر بنگلورو کے منہاج نگر میں حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدام کے تحت مسجد منہاج میں نوٹس چسپا کر دیا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ مسجد میں نماز صرف وہی لوگ ادا کریں گے جو مسجد میں رہتے ہیں۔ باقی افراد کو مسجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔کورونا کی وجہ سے ملک بھر کے علماء مسلمانوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ گھر میں ہی نماز ادا کریں اور مسجد میں ایک ساتھ اکٹھا نہ ہوں ۔

جموں وکشمیر
جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے ضلع انتظامیہ سری نگر نے ضلع میں مساجد و گردواروں سمیت تمام عبادت گاہوں کو بند رکھنے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے اس سلسلے میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انتظامیہ کمیٹیوں کے بھر پور تعاون سے سری نگر میں تمام عبادت گاہوں کو بند کیا جارہا ہے ، مقدس زیارت گاہیں حضرت بل اور نقش بند صاحب نشان راہ بند ہوگئے ہیں ، گھروں میں ہی بیٹھے رہیں ۔
ایک سرکاری ترجمان کے مطابق تمام بڑی مساجد و گردواروں کی انتظامیہ کمیٹیاں ضلع انتظامیہ کے اس فیصلے کے ساتھ متفق ہیں اور ضروری تعاون فراہم کررہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ افسران ضلع کے گوشہ وکنار میں جاکر مساجد، گردواروں، مندروں اور گرجا گھروں کو بند کرنے کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں ۔

(یواین آئی)