Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, April 27, 2020

سول سروسیز کی تیاری کیلئے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں سنہرا موقع

جامعہ ریزیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ 25 اپریل سے 15 جون کے درمیان جامعہ کی ویب سائٹ کے ذریعہ آن لائن فارم بھرا جاسکتا ہے۔ 15جون داخلہ کےلئے درخواست دینےکی آخری تاریخ ہے۔
نئی دہلی: صداٸے وقت /ذراٸع /27 اپریل 2020.
==============================
گزشتہ کچھ سالوں میں بہترین نتائج دینےکی وجہ سےجامعہ ملیہ اسلامیہ کی سول سروس کوچنگ اکیڈمی نے کافی نام کمایا ہے، اگر آپ بھی سول سروسزکی تیاری کر رہے ہیں یا پھر سول سروسزکی تیاری کرنےکے بارے میں سوچ رہے ہیں تو جامعہ ملیہ اسلامیہ کی کوچنگ اکیڈمی میں مفت تیاری کا سنہرا موقع ہے۔ جامعہ آر سی اے یعنی جامعہ ریزیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ 25 اپریل سے 15 جون کے درمیان جامعہ کی ویب سائٹ کے ذریعہ آن لائن فارم بھرا جاسکتا ہے۔ 15جون داخلہ کےلئے درخواست دینےکی آخری تاریخ ہے۔ اس کے لئے www.jmicoe.in ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے ملک بھر کے 6  مراکز (دہلی، سری نگر، لکھنؤ، گواہاٹی، بنگلور اور مالا پورم ) میں اس کا انٹرنس ٹیسٹ منعقد ہوگا۔ حالانکہ ابھی انٹرنس ٹیسٹ اور انٹرویو اور فائنل رزلٹ کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن یہ ضرور کہا گیا ہےکہ جامعہ کی ویب سائٹ پر اس کا اعلان جلد کردیا جائےگا۔ اس اکیڈمی میں اقلیتوں، درج فہرست ذات و قبائل اور خواتین کو مفت کوچنگ مہیا کی جاتی ہے۔ وہ امیدوار جنہوں نےگذشتہ تین سالوں میں جامعہ، آرسی اے سےکوچنگ کی خدمات حاصل کرچکے ہیں وہ درخواست  دینےکے اہل نہیں ہوں گے۔
جامعہ ریزیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ 15جون داخلہ کےلئے درخواست دینےکی آخری تاریخ ہے۔
صرف وہ طلباء اس کےلئےدرخواست دے سکتے ہیں ،جو گریجویشن مکمل کرچکے ہیں اور ان کےنتائج آچکے ہیں۔ 10 فیصد نشستیں 24 سال سےکم عمر امیدواروں کے لئے مخصوص ہیں۔ تین صفحہ کے نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ متعدد اصول وضوابط جامعہ نے مفت کوچنگ کو لےکرتیار کئے ہیں۔جامعہ کے قواعد کے مطابق معذور افراد ریزرویشن کے اہل ہوں گے۔ مین  امتحان میں کامیاب ہونے والوں کے لئے ماک انٹرویو سیشن کا انتظام کیا جائےگا۔ اس سال دستیاب کل نشستیں 208 ہیں، جس میں  آرسی اے کو مناسب میرٹ یافتہ امیدوار دستیاب نہ ہونے پر تعداد کم کرنےکا حق حاصل  ہے۔
اکیڈمی میں داخلے کے خواہاں امیدواروں کو دستیابی کی بنیاد پر ہاسٹل مہیا کئے جائیں گے۔ ہاسٹل میں مفت رہائش کا انتظام ہوگا، لیکن  طعام طلباء کے ذمے ہوں گے، جس کی فیس  ماہانہ تقریباً 3000 روپئے ہے۔ اس میں، دن میں تین بارکھانا دیا جاتا ہے۔ امیدوار اپنا درخواست فارم 650 روپئے امتحان فیس کے ساتھ بھر سکتے ہیں۔ وقتاً فوقتاً جامعہ کی ویب سائٹ پر  امتحانات، نتائج، شمولیت کی تاریخ اور دیگر اہم معلومات کو شائع کی جاتی ہیں۔ لہٰذا یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر نظر رکھیں۔ گزشتہ تین سالوں میں ہر سال 25 سے زیادہ امیدوار منتخب ہوتے رہے ہیں، ملکی سطح پر متعدد ٹاپ رینک امیدوار بھی جامعہ کی اس کوچنگ اکیڈمی سے کامیاب ہوئے ہیں۔ قومی سطح پر سول سروسز کے نتائج میں بجنور کے محمدجنید جنہوں نے تیسری رینگ حاصل کی تھی، وہ بھی جامعہ کی کوچنگ اکیڈمی سے استفادہ کرنے والوں میں شامل تھے۔