Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, May 4, 2020

کووڈ -19: کورونا انفیکشن کی رفتار ہوئی تیز، پچھلے 3 دنوں میں بڑھ گئے 25 فیصد مریض

پچھلے چوبیس گھنٹوں میں دہلی میں 427، گجرات میں 374، پنجاب میں 330، تمل ناڈو میں 266، ہریانہ میں 66 اور جموں وکشمیر میں 35 معاملوں نے اب تک کے سبھی ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔

نئی دہلی۔صداٸے وقت /ذراٸع / 4 مٸی 2020.
==============================
 ملک میں کورونا وائرس  کا قہر ایک بار پھر تیزی سے بڑھنے لگا ہے۔ کووڈ۔ 19   کے انفیکشن سے دوچار مریضوں کی تعداد اب 40,000 سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ وزارت صحت کے اعدادوشمار پر غور کریں تو پچھلے تین دنوں میں کورونا انفیکشن والے مریضوں کی تعداد میں 25 فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں دہلی میں  427، گجرات میں 374، پنجاب میں 330، تمل ناڈو میں 266، ہریانہ میں 66 اور جموں وکشمیر میں 35 معاملوں نے اب تک کے سبھی ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔
ملک میں کورونا انفیکشن کو روکنے کے لئے چوبیس مارچ کو لاک ڈاون کا اعلان کیا گیا تھا۔ لاک ڈاون میں دو بار کی توسیع کے بعد دو دن پہلے ہی لاک ڈاون کے تیسرے مرحلے کو بھی منظوری مل گئی۔ ملک میں اب 17 مئی تک لاک ڈاون رہے گا۔ لاک ڈاون کے دوسرے مرحلے کے آخری تین دنوں پر نظر دوڑائیں تو ملک کی تشویش بڑھنا لازمی ہے۔ اتوار کو ملک میں 2,667  نئے معاملے سامنے آئے جبکہ ہفتہ کو نئے معاملوں کی تعداد 2,564 تھی۔ حالانکہ، ان سب کے بیچ ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر میں حالات بہتر ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ اتوار کو مہاراشٹر میں 678 نئے معاملے درج کئے گئے جبکہ ہفتہ کو یہ تعداد 790 تھی جبکہ جمعہ کو 1,008 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔
ریاستی حکومتوں کو ملے تازہ اعداد وشمار کے مطابق، ملک میں اب تک 42,456 کورونا کے معاملے درج کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 11,442 مریضوں کو ٹھیک کیا جا چکا ہے جبکہ 1,390 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ دہلی میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ دہلی حکومت کے لئے یہ اس لئے بھی تشویش کا موضوع ہے کیونکہ اس نے کل ہی ریاست کے معمول کے حالات کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاون میں کچھ چھوٹ دینے پر غور کیا تھا۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں ریکارڈ 427  نئے معاملے سامنے آنے کے بعد ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد 4,549 تک پہنچ گئی ہے۔ وہیں، ریاست میں اب تک 64  لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔