Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, June 22, 2020

مدھیہ پردیش : سرحد کی حفاظت کیلئے مسلم جوانوں کو نمائندگی دینے کا مطالبہ۔

مسلم مورچہ ، علما ، دانشوران بھوپال اور جمیعت علما مدھیہ پردیش کے زیر اہتمام بھوپال کے مختلف مقامات پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنےکے ساتھ چین کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔

از/ڈاکٹرمہتاب عالم/نیوز 18 اردو /صداٸے وقت۔/٢٢ جون ٢٠٢٠
=============================
چینی جارحیت کے خلاف پورے ملک کے ساتھ بھوپال میں بھی احتجاج جاری ہے۔ مسلم مورچہ ، علما ، دانشوران بھوپال اور جمیعت علما مدھیہ پردیش کے زیر اہتمام بھوپال کے مختلف مقامات پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنےکے ساتھ چین کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ بھوپال کے قاضی کیمپ میں نماز ظہر کے بعد انسانی زنجیر بناکر سینکڑوں کی تعداد میں مسلمانوں نے چینی جارحیت کے خلاف سڑکوں پر اتر کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجی مظاہرہ نے کورونا کی وبائی بیماری کے درمیان سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے انسانی زنجیر بنا کر ہندستانی فوج کے ساتھ اپنے اتحاد کا مظاہرہ کیا اور حکومت ہند سے چینی فوج کو سخت جواب دینے کے ساتھ چینی اشیا کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ۔
قاضی کیمپ میں احتجاج کی قیادت کر رہے مولانا یعقوب خان نے کہا کہ گلوان گھاٹی میں چینی فوج نے جو بزدلی کام کیا ہے ، ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں اورملک کی سرحد کی حفاظت میں شہید ہوئے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ ساتھ ہی حکومت ہند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وطن عزیز ہندوستان میں چینی سامان کی فروخت پرفوری پابندی کرے ۔ چین کے ذریعہ تیار کئے گئے سوشل میڈیا ایپ پر بھی پابندی لگائی جائے ۔ حکومت چین کی آنکھوں میں آنکھیں ڈا ل کر بات کرے اور ایک انچ زمین بھی اس کے قبضہ میں نہ رہنے دے ۔ چین کو ایسا سبق سکھائے کہ کوئی دشمن ہماری جانب آنکھ اٹھاکر دیکھنے کی ہمت  کبھی نہ کر سکے ۔
وہیں مدھیہ پردیش جمیعت علما کے صدر حاجی محمد ہارون نے حکومت ہند سے چینی سامان کی در آمد و برآمد پر فوری طور پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ حاجی محمد ہارون کہتے ہیں کہ ملک کی سرحد کی حفاظت میں ہمارے جو جوان شہید ہوئے ہیں ، ہم انہیں اپنے دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ مگر ہمیں افسوس اس بات کا ہے کہ سرحد پر ملک کے جوانوں کی شہادت کی فہرست میں کسی مسلمان کا نام نہیں ہے۔ جبکہ ملک کی سرحد کی حفاظت کے لئے ہر مذہب ہر فرقے کے لوگ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے تیار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ہند سے مانگ ہے کہ سرحد کی حفاظت کے لئے ہمیں بھی فوج میں نمائیندگی دی جائے ۔ تاکہ ہمارے مسلم نوجوان ملک کی  سرحد کی حفاظت کے لئے ویسے ہی اپنی جان کی بازی لگائیں ، جیسے ملک کی آزادی کے وقت تمام قوموں کے ساتھ مسلم مجاہدین آزادی نے مادر وطن کے لئے قربانی دی تھی ۔ عوام نے تو چینی سامان کے بائیکاٹ پر عمل شروع کردیا ہے ۔ اب حکومت کو بھی چاہئے کہ سخت موقف اختیار کرتے ہوئے چین کے ہر طرح کے سامان پر پابندی لگائے اور گھریلو سامانوں کو فروغ دے ۔
بھوپال میں مسلم سماج نے بھی اقبال میدان میں مینار شاہین کے نیچے چینی جارحیت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکومت ہند سے چین کو منھ توڑ جواب دینے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر سر حد پر شہید ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔