Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, June 6, 2020

ہندوستان کورونا متاثرین کے لحاظ سے دنیا میں چھٹے نمبر پر آگیا۔

ہندوستان کورونا وائرس کے دو لاکھ پینتالیس ہزار متاثرین کے ساتھ، دنیا میں چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔
نٸی دہلی /صداٸے وقت/ذراٸع /6 جون 2020.
==============================
ہندوستانی وزارت صحت سنیچر کی صبح جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں چوبیس گھنٹے میں کورونا کے 9827 نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد یہ ملک متاثرین کے معاملے میں اٹلی کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔ 
اٹلی میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دو لاکھ 34 ہزار 800 بتائی گئی ہے جبکہ ہندوستان میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ 45 ہزار 962 ہو گئی ہے ۔ البتہ اٹلی میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 33774 ہے جبکہ ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 294 نئی اموات کے بعد مجموعی طور پر کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6642 ہو گئی ہے۔
اس دوران دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کے معالجے میں لاپرواہی کرنے والے اسپتالوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کورونا کے سب سے زیادہ ٹیسٹ دہلی میں کئے جا رہے ہیں اور بیشتر اسپتال کورونا سے نمٹنے میں تعاون کر رہے ہیں لیکن بعض من مانی بھی کر رہے ہیں جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اسی کے ساتھ صحت کے عالمی ادارے ڈبلو ایچ او نے کورونا سے نمٹنے میں ایوشمان بھارت اسکیم کی ستائش کی ہے۔ ڈبلو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر ٹیڈوروس گیبریس نے اپنی یومیہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کورونا کے خلاف ایوشمان بھارت اسکیم کی ستائش کرتا ہے ۔
صحت کی عالمی تنظیم ڈبلو ایچ او نے اسی کے ساتھ خبردار کیا ہے کہ ہندوستان میں کورونا کے کیسیز میں دوگنا اضافے کا خطرہ بھی پایا جاتا ہے اس لئے بہت زیادہ احتیاطی تدابیر بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ 
یاد رہے کہ ہندوستان کی مرکزی حکومت نے ایوشمان بھارت اسکیم کے تحت دس کروڑ غریب کنبوں کے لئے سالانہ پانچ لاکھ روپے کی مفت صحت خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔