Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, June 15, 2020

کورونا ‏اور ‏طب ‏یونانی۔



      /از /  ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی  صداٸے وقت۔
==========(===================
         کورونا سے تحفظ کے موضوع پر اصلاحی ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن (IHF) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے آن لائن سمینار (Webinar) کی ، جس میں پورے ملک سے تقریباً 150 یونی اطبا شریک ہوئے تھے ، میں نے مختصر رپورٹنگ کی تو میرے بہت سے احباب نے خواہش کی کہ سمینار میں جن یونانی دواؤں کا تذکرہ کیا گیا ہے اور کورونا کی وبا کے دوران انہیں استعمال کی سفارش کی گئی ہے ان کا بھی کچھ ذکر آنا چاہیے _ اِس وقت اس کی کچھ تلافی مقصود ہے _

        میں نے رپورٹ میں تحریر کیا تھا کہ مقررین میں خاص طور سے ڈاکٹر خورشید احمد انصاری ، ایسوسی ایٹ پروفیسر جامعہ ہمدرد نئی دہلی نے بہت عمدہ اور مفصّل گفتگو کی تھی _ انھوں نے کورونا کی ماہیت پر اظہارِ خیال کرنے کے بعد طب یونانی کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے وبا اور وبائی امراض کے بارے میں طب یونانی کے نظریات اور اطبا کے علمی کاموں کا تعارف کرایا تھا _ آخر میں چند ایسی یونانی دواؤں کا تذکرہ کیا جو جسم میں مناعت (Immunity) بڑھانے اور دیگر اعتبارات سے مفید ہیں _
        ڈاکٹر خورشید نے بتایا کہ طب یونانی میں 'طبیعت' اور 'اسبابِ ستّہ ضروریہ' کی بڑی اہمیت ہے _ طبیعت جسم انسانی میں پائی جانے والی وہ قوت ہے جو امراض سے مقابلہ کرتی ہے اور اسباب ستّہ ضروریہ (ہوا ، ماکولات و مشروبات ، حرکت و سکون بدنی ، حرکت و سکون نفسانی ، نوم و یقظہ اور احتباس و استفراغ) میں توازن سے امراض پر قابو پایا جاسکتا ہے _ آج کل کے حالات میں غذا میں احتیاط ، ہلکی ، نرم اور زود ہضم غذاؤں کا استعمال ، کھلی اور تازہ ہوا میں رہنا اور اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے _ انھوں نے بتایا کہ آج کل ٹھنڈے پانی کا استعمال کم سے کم کیا جائے ، ہلکا گرم پانی استعمال کیا جانا بہتر ہے _
        ڈاکٹر خورشید نے بتایا کہ تیز بخار ، گلے میں خراش ، خشک کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کورونا کی نمایاں علامات ہیں _ اس سے تحفظ کے لیے بہت سی ایسی مفرد دوائیں مفید ہیں جو عموماً ہر گھر میں موجود ہوتی ہیں ، مثلاً عنّاب ، سپستاں ، بہدانہ ، دارچینی ، تیز پات، کالی مرچ ، زنجبیل وغیرہ  _ انھیں سفوف یا جوشاندہ کی شکل میں استعمال کیا جاسکتا ہے _ ان ادویہ کے استعمال سے مناعت (Immunity) میں اضافہ ہوگا _
          انھوں نے کچھ یونانی مرکبات کا بھی تذکرہ کیا ، جن کا استعمال اس موقع پر مفید ہے ، مثلاً خمیرہ مروارید ، دواء المسک معتدل ، خمیرہ گاؤزبان عنبرین ، خمیرہ آبریشم حکیم ارشد والا _ انھوں نے بتایا کہ وبا کے اس ماحول میں تریاق وبائی اور تریاق اربعہ  بھی بڑی مفید اور کارآمد یونانی دوائیں ہیں _
        دورانِ سمینار ایک طبیب نے اصل السوس (مُلیٹھی) کو بھی کارآمد بتایا کہ اس کے استعمال سے گلے میں خراش اور سانس کی تکلیف جیسے عوارض کا ازالہ ہوتا ہے _

نوٹ۔۔۔۔۔  اس سمینار کی پوری ویڈیو ریکارڈنگ اب عام کردی گئی ہے _
اس کا لنک درج ذیل ہے :
https://drive.google.com/open?Id=1qFobmwxCpkcID_qVxV_FbodW_3aBLdU1
 اگر لنک کھلنے میں دشواری ہو تو سمینار کے آرگنائزر حکیم نازش احتشام اصلاحی سے رجوع کیا جاسکتا ہے :
+919891651477