Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, July 8, 2020

چہرے ‏کے ‏داغ ‏، ‏دھبوں ‏(جھاٸیں ‏، ‏کلف ‏، ‏برش، ‏نمش ‏) ‏کا ‏آسان ‏اور ‏مجرب ‏علاج۔

از/حکیم شاہد بدر فلاحی /صداٸے وقت 
==============================
لاک ڈاؤن کا پہلا مرحلہ جومارچ اخیر سے شروع ہوا تھایہ بڑا سخت مرحلہ تھا۔۔ ان دنوں بھی میں پابندی سے اپنے دواخانے جاتا تھا۔ ہاں صبح 7 بجے سے 11:30 بجے صبح تک ہی مطب پر بیٹھتا تھا کیونکہ 12 بجے سے بالکل کرفیو لگ جاتا تھا۔ ڈاکٹر حضرات کو تو چھوٹ تھی کہ وہ اپنے مطب پر بیٹھیں لیکن مریضوں کیلئے اور خاص کر یونانی اطباء کے یہاں آنے والے مریض ماشاءاللہ بظاہر ہٹے کٹے ہوتے ہیں وہ کسی بھی طور پر نہیں آ پاتے تھے۔ ان ایام میں کچھ زیادہ ہی فرصت رہا کرتی تھی۔۔۔۔۔۔ کتابوں کا مطالعہ اور غور وخوض........ میں ایسے ہی کسی گھری سوچ میں تھا کہ میری اہلیہ نے مجھ سے کہا کہ آپ اتنی ساری دوائیں بناتے ہیں اور لوگوں کو استعمال کراتے ہیں کیا آپ کے پاس میری اس "جھائیں" کا علاج ہے؟؟ چہرے پر دونوں طرف رخسار پہ گہرا سرخ نشان۔۔جھائیں۔۔۔ اسکا علاج کر دیجئے۔ میں نے جانے اس پر کتنی کریم لگا لی لیکن یہ داغ ہے کہ مٹتا ہی نہیں۔۔۔۔ یہ داغ تو پہلے نہیں تھا۔ یہ بعد میں آ لگا اب اور ہی گہرا ہوتا جا رہا ہے لگتا ہے کہ عمر بھر ساتھ رہے گا۔ یہی سوچ کر میں نے توجہ ہٹا لی تھی لیکن اس لاک ڈاؤن کی فرصت میں بیوی نے اصرار کیا۔۔۔۔۔ اسکے مطالبہ میں ٹھیک ہونے کی آرزو تھی، حسرت تھی، حکم تھا، تقاضہ تھا۔۔۔۔۔ میں نے کہا کہ میں تمہارے لئے دوا بناؤں گا لیکن جیسے کہوں گا ویسے ہی استعمال کرنا جب میں نے اس سے مضبوط عہد لے لیا تب میں نے سفوف تیار کیا اور اسے گنے کے سرکہ میں ملاکر پیسٹ بنایا اور جہاں تک سیاہ داغ تھا وہاں تک لیپ کرا دیا۔ اور کہا کہ جب یہ لیپ سوکھ جائے تب چہرہ دھو لینا۔۔۔ اس نسخہ کو میں پہلے سے جانتا تھا لیکن اب تک کسی بھی مریض کو استعمال نہیں کرایا تھا اس نے لگانے کے کچھ دیر بعد بتایا کہ جتنی حصہ پر سیاہی ہے اتنے حصہ میں سوزش اور جلن ہورہی ہے کچھ دیر بعد اس نے بتایا کہ اب جلن کم ہو رہی ہے پہلے دن کے بعد اس نے پیسٹ کو رات میں لگانا شروع کیا اور صبح اٹھ کر چہرے کو دھو لیتی تھی چار پانچ دن کے بعد میں نے دیکھا کہ چہرے سے جھائیں کے داغ مکمل ختم ہو گئے تھے۔ پھر کیا تھا عورتوں کا اپنا میڈیا بہت تیز ہوتا ہے۔۔۔۔۔ میں نے اپنی اہلیہ سے کہا کہ جو بھی خاتون لگانا چاہیں یہ سفوف علاحدہ سے پڑیا بناکر اور گنے کا سرکہ پلاسٹک شیشی میں بھر کر ایک بار طریقہ استعمال بتا کر مفت میں دے دینا اور تاکید کرنا کہ وہ استعمال کرنے کے بعد رپورٹ ضرور دیں گی۔
ایک خاتون نے دس دن استعمال کرنے کے بعد رپورٹ دی کہ اسکے رخسار پر "داد" تھی کچھ بھی لگاؤ وہ ٹھیک نہیں ہوتی تھی اس پیسٹ کو لگاتار استعمال کیا داد بھی  ٹھیک ہو گئی اور اسکے نشانات بھی غائب ہو گئے ۔
ایک خاتون نے بتایا : کہ اسکے چہرے کی رنگت بنسبت بدن کے رنگ کے زیادہ سانولی تھی اسکو یہ فکر رہا کرتی تھی کہ میرے ہاتھوں اور کلائیوں کی رنگت تو صاف ہے آخر چہرہ ہی کیوں سانوالہ ہے اس پیسٹ کو لگانے سے اسکے چہرے کی رنگت نکھر گئی۔
ایک خاتون نے بتایا۔ کہ اسکے پورے رخسار پر کالے کالے چھوٹے چھوٹے نقطے تھے۔ اسکو پابندی سے لگایا وہ سیاہ نقطے ختم ہو گئے۔۔۔۔ کسی کے گردن پر وہ سیاہی زیادہ تھی وہ صاف ہو گئی ۔ الغرض بکثرت مریض بحمدللہ ٹھیک ہوئے۔
نسخہ بہت آسان، کم خرچ ، سہل الحصول اور کثیر الفوائد ہے۔
ریوند خطائی/ ریوند چینی Rhubarb Root
یہ ریباس کی جڑ ہے۔۔۔عطاروں کے یہاں با آسانی ملتی ہے۔ یہ چین سے بھی آتی ہے اور ہمارے اپنے ملک میں بھی ہوتی ہے۔ اسکا سفوف زرد۔اور چمکدار ہوتا ہے۔ یہ جالی، محلل، مسکن اور لاذع ہے۔
یہی ریوند چینی خوب باریک سفوف کرلیں ۔ایک چمچ یہی سفوف لیکر گنے کا سرکہ دیسی ایک چمچ ملاکر پیسٹ تیار کریں۔ اور مقام مرض پر لگائیں جب یہ پیسٹ سوکھ جائے تب اسے دھو کر صاف کریں۔ یاد رہے کہ اس پیسٹ کو لگانے سے مقام مرض میں سوزش اور جلن ہوتی ہے لیکن تھوڑی دیر کے بعد آرام ہو جاتا ہے۔ رفقاء اس سے فائدہ اٹھائیں۔اسکو عام کریں۔

حکیم شاہد بدرفلاحی 
8/6/2020