Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, July 16, 2020

دبئی میں اسپتال کی انسانیت نوازی ، ہندوستانی شہری کا ڈیڑھ کروڑ روپے کا بل کیا معاف.

کورونا سے متاثر تلنگانہ کے ضلع جگتیال سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ اودنالہ راجیش روزی روٹی کمانے دبئی میں مقیم تھے ۔ راجیش وہیں کورونا سے شدید متاثر ہوگئے ، انہیں 23 اپریل کو دبئی کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا ۔
صداٸے وقت /نیوز 18 اردو / 16 جولاٸی 2020
=============================
تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد میں جہاں آئے دن نجی اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کو پورا بل ادا نہ کئے جانے تک حراست میں رکھنے یہاں تک کہ بعض صورتوں میں متوفی مریضوں کی نعش تک حوالہ نہ کرنے کے واقعات پیش آرہے ہیں ، وہیں دبئی میں مقیم تلنگانہ کے ایک مریض اودنالہ راجیش کے 7,62,555 ریال یعنی ایک کروڑ باون لاکھ روپے کے بل کو مقامی اسپتال نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاف کر دیا ۔
کورونا سے متاثر تلنگانہ کے ضلع جگتیال سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ اودنالہ راجیش روزی روٹی کمانے دبئی میں مقیم تھے ۔ راجیش وہیں کورونا سے شدید متاثر ہوگئے ، انہیں 23 اپریل کو دبئی کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا ۔  اسپتال میں علاج کے بعد راجیش کی حالت سنبھلی اور اس کے بعد انہیں صحت یاب قرار دیا گیا ۔  لیکن اس علاج کے لیے انہیں اسپتال نے جو بل چارج کیا وہ  تقریبا ڈیڑھ کروڑ  روپے کا تھا ۔ مزدور پیشہ راجیش خواب میں بھی اتنی بڑی رقم ادا کرنے کے قابل نہیں تھے ۔
راجیش کے ساتھی غیر مقیم ہندوستانیوں نے راجیش کی حالت سے دبئی میں ہندوستانی قونصلر ہرجیت سنگھ کو واقف کرایا ۔ ہرجیت سنگھ نے دبئی استپال کی انتظامیہ کو راجیش کی معاشی صورتحال کے بارے میں بتاتے ہوئے خط لکھ کر درخواست کی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کا پورا بل معاف کر دیا جائے ۔ قونصلر ہرجيت سنگھ کی درخواست پر مثبت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے دبئی استپال نے راجیش کا پورا بل کو معاف کردیا اور انہیں ڈسچارج کردیا ۔
اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد دبئی میں غیر مقیم ہندوستانیوں کی ایک تنظیم نے راجیش کو دبئی سے وطن واپس  بھیجنے کے انتظامات کئے ۔ انہیں دبئی سے حیدرآباد تک کے ہوائی ٹکٹ اور وہاں سے اپنے گھر جانے کا خرچ  دیا گیا ۔ اس طرح راجیش 14 جولائی کو ہندوستان پہنچے ۔ حیدرآباد ایئر پورٹ پر طبّی معائنہ کے بعد انہیں اپنے گھر پر چودہ روزہ ہوم کوارنٹائن کی صلاح کے ساتھ ان کے افراد خاندان کے حوالے کر دیا گیا ۔