Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, July 4, 2020

کانپور انکاونٹر: وکاس دوبے پر یوپی حکومت کی کارروائی، منہدم کیا گیا مکان.گاڑیوں ‏کو ‏بلڈوزر ‏سے ‏کچل ‏ڈالا ‏گیا۔

پولیس نے مکان کے آس پاس کے علاقے کو سیل کردیا ہے اور یہاں پولیس والوں کے علاوہ کسی کو بھی آنے کی اجازت نہیں ہے

کانپور۔اتر پردیش /صداٸے وقت /ذراٸع /4 جولاٸی 2020.
==============================
 اترپردیش کے ضلع کانپور کے چوبے پور میں بدمعاشوں کے ساتھ ہوئے انکاونٹر میں مارے گئے 8 پولیس اہلکاروں کے قتل کے کلیدی ملزم ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کے قلعہ نما مکان کو ضلع انتظامیہ نے زمین دوز کردیا ہے۔ پولیس ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ اس خوفناک واردات کو انجام دینے کے بعد مفرور ہسٹری شیٹر وکاس دوبے اور اس کے ساتھیوں کی تلاش کے لئے 50 سے زیادہ ٹیمیں لگائی گئی ہیں۔۔ مکان کی تلاشی کے دوران پولیس کو دیر رات ایک بیسمنٹ ملا ہے۔ بنکر نما اس بیسمنٹ کو لکڑی کے پٹروں سے ڈھکا گیا تھا۔ پولیس نے بنکر کا سرا تلاش کرنے کے لئے اب مکان کو منہدم کردیا ہے۔
پولیس نے مکان کے آس پاس کے علاقے کو سیل کردیا ہے اور یہاں پولیس والوں کے علاوہ کسی کو بھی آنے کی اجازت نہیں ہے۔ پولیس ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ بکرو گاؤں میں تقریبا 2بیگھے زمین پر بنے عالیشان مکان کے اندر ایک پرانا خستہ حال مکان بھی ہے۔ پولیس مکان کے ہر ایک حصے کی باریکی سے چھان بین کرچکی ہے۔ احاطے کے چاروں جانب تقریبا 12فٹ اونچی چہار دیواری پر کنٹیلے کانٹے بھی لگے ہوئے تھے۔
خبروں کے مطابق مکان کے احاطے میں کھڑی ہوٸیں مختلف کمپنیوں کی قریب نصف درجن کاروں کو بھی بلڈوذر سے کچل کر برباد کردیا گیا۔
مکان کے مین گیٹ کے علاوہ تین اور گیٹ تھے جس میں سے بڑی گاڑیاں بھی آسانی سے نکل سکتی تھیں۔ سبھی گیٹوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگے تھے۔ گھر میں باتھ روم سے لے کر واش بیسن تک سب جدید طرز کے بنے ہوئے تھے۔ مکان کے احاطے کے ارد گرد چاک وچوبند سیکورٹی کا انتظام اس طرح سخت ہے کہ گیٹ پر پہنچتے ہی چوکیدار چوکنے ہو جاتے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ بکرو گاؤں میں جمعرات اور جمعہ کی رات ہسٹری شیٹر وکاس دوبے اور اس کے گروپ ممبران نے پولیس ٹیم پر اس وقت حملہ کردیا تھا جب دوبے کو گرفتار کرنے تین تھانوں کی پولیس پہنچی تھی۔ اس حادثے میں ایک پولیس سرکل افسر سمیت 8 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔جبکہ دیگر سات شدید طور سے زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج چل رہا ہے۔ اس حادثے کے بعد پولیس نے ایک دیگر مدبھیڑ میں وکاس کے دو رشتہ داروں کو مار گرایا تھا۔