Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, July 4, 2020

عربی ‏مدارس ‏کے ‏فارغین ‏کے ‏نام۔۔


از:  محمد مزمل فلاحی علیگ/صداٸے وقت 
==============================
مندرجہ ذیل چند باتیں ایسی ہیں جن کو اگر سنجیدگی اور جانفشانی سے عمل میں لایا جائے تو مدارس کے فارغین طلباء اپنی علمی اور عملی صلاحیت میں کئی گنا اضافے، تہذیبی اور تمدنی ارتقاء کے ساتھ دین کا متوازن فھم اور زمانے سے مرعوب ہوکر جینے کے بجائے، زمانے کی لگام ہاتھ میں لیکر امت کی صحیح قیادت کرنے کے بخوبی اھل ہونگے -

اس پس منظر میں سب سے زیادہ ضروری بات یہ ہے کہ مدرسے کے فارغین طلباء ہرگز اس غلط فھمی کا شکار نہ ہوں کہ ان کی تعلیم مکمل ہوگئی بلکہ صحیح معنوں میں آپ نے اپنی تعلیم کی بنیاد رکھی ہے جو واقعی بہت مضبوط بنیاد ہے۔ 

عالمیت اور فضیلت کرکے گویا آپ نے ہائی اسکول کے مساوی سرٹیفیکٹ حاصل کی ہے ۔ اب آپ کے سامنے علم کا سمندر ہے ۔ کالج اور یونیورسٹی کا رخ کیجئے۔ وہاں داخلہ لیجئے اور کسی ایک فیلڈ اور تخصص میں بی اے، ایم اے، ایم فل، پی اچ ڈی کیجئے اور اس فیلڈ میں اتنی محنت کیجئے کہ سب سے اپنا لوہا منوالیجئے ۔ یہ ہوگی اہل علموں والی بات۔ اب آپ کو کوئی "بیچارے مدرسے کے فارغ" کہکر آپ کے ساتھ یتیموں جیسا سلوک نہیں کرے گا ۔ آپ کے خیالات پختہ ہوچکے ہونگے۔ تب تک آپ سمجھ چکے ہونگے کہ عربی مدارس کے فارغین کا دوسروں کو کافر اور غلط کہنے کے بجائے ایک اعلی نصب العین ہے۔ اب آپ اپنے اندر ایسی پختگی محسوس کریں گے کہ اپنے کو دوسروں سے اعلی اور ارفع محسوس کریں گے۔ اس مرحلے میں آکر آپ فقہی، مسلکی، جماعتی، گروہی اور علاقائی تعصب سے بہت اوپر اٹھ چکے ہونگے۔ اب آپکو اپنے مسلک یا جماعت والوں کے مقابلے میں پوری امت کا درد زیادہ تڑپائے گا۔ آپ کی سوچ میں وسعت اور خیالات میں پختگی آچکی ہوگی۔

کالج اور یونیورسٹی میں آپ کونسا تخصص چنیں گے اسکا انحصار بہت سارے عوامل پر ہوگا۔ طب، قانون، اکنامکس، ایجوکیشن، نفسیات، اسلامک اسٹڈیز، پولیٹیکل سائنس، تاریخ، جغرافیہ، عربی، انگریزی، ہندی، اردو وغیرہ جو بھی آپ اپنا تخصص بناسکیں بنالیں۔ انگلش میڈیم آپ کے لئے مشکلات کا سبب بن سکتا ہے لیکن مدرسے میں تعلیم کے دوران آپ سخت محنت کے عادی ہوچکے ہیں۔ انشاءاللہ جلد اس پر قابو پالیں گے۔ 

مالی مسائل آپ کو ڈرائیں گے۔ یہ شیطانی وسوسے ہیں۔ اللہ پر بھروسہ کریں اور نکل پڑیں۔ اس مرحلے میں اپنے سینیر فارغین سے عارضی طور سے مدد لیں۔ داخلہ ہوجانے کے بعد جب کلاسیں شروع ہوجائیں تو کوئی پارٹ ٹائم کا ڈھونڈ  لیں۔ اللہ آپ کا حامی وناصر ہو۔ آمین ۔

تیری خاک میں ہے اگر شرر تو خیال فقروغنی نہ کر
کہ جہاں میں نان شعیر پر ہے مدار قوت حیدری