Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, August 8, 2020

ایودھیا میں 5 ایکڑ زمین پر اسپتال، لائبریری اور ریسرچ سینٹر بنائے گا سنی وقف بورڈ، وزیراعلیٰ یوگی کو دے جائےگی دعوت.

انڈو اسلامک کلچرل فاونڈیشن ٹرسٹ کے سکریٹری اور ترجمان اطہر حسین نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ایودھیا ضلع کے دھنی پور گاوں میں وقف بورڈ کو ملی پانچ ایکڑ زمین پر اسپتال، لائبریری، کمیونٹی باورچی خانہ اور ریسرچ سینٹر بنایا جائے گا۔

لکھنو: اتر پردیش /صداٸے وقت / ذراٸع / ٨ اگست ٢٠٢٠۔
==============================
اترپردیش سنی سینٹرل وقف بورڈ کے ذریعہ ایودھیا میں مسجد  اور دیگر تعمیر کے لئے تشکیل ٹرسٹ ہائی کورٹ کے حکم پر وقف بورڈ کو ملی زمین پر بننے والی ’عوامی سہولیات’ کے سنگ بنیاد کے لئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو مدعو کرے گا۔
انڈو اسلامک کلچرل فاونڈیشن ٹرسٹ کے سکریٹری اور ترجمان اطہر حسین نے ہفتہ کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ایودھیا ضلع کے دھنی پور گاوں میں وقف بورڈ کو ملی پانچ ایکڑ زمین پر اسپتال، لائبریری، کمیونٹی باورچی خانہ اور ریسرچ سینٹر بنایا جائے گا۔ یہ سبھی چیزیں عوام کی سہولیات کے لئے ہوں گی اور عوام کو سہولیات دینے کا کام وزیر اعلیٰ کا ہوتا ہے۔ اسی حیثیت سے ان کے سنگ بنیاد کے لئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو مدعو کیا جائے گا۔
انہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اس پروگرام میں نہ صرف شرکت کریں گے بلکہ ان عوامی سہولیات کی تعمیر کے لئے تعاون بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کو ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ایودھیا میں مسجد کے سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کئے جانے کے امکانات سے متعلق سوال پر کہا تھا کہ نہ تو انہیں بلایا جائے گا اور نہ ہی وہ جائیں گے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا، ’اگر آپ ایک وزیراعلیٰ کی حیثیت سے یہ سوال پوچھ رہے ہیں تو مجھے کسی مذہب یا برادری سے کوئی پرہیز نہیں ہے، لیکن اگر آپ مجھ سے ایک یوگی کے طور پر پوچھ رہے ہیں تو میں ہرگز نہیں جاوں گا۔ کیونکہ ایک ہندو کے طور پر مجھے اپنی  عبادت کے طریقہ کار پر عمل کرنے کا حق ہے’۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا تھا ’میں نہ تو مدعی ہوں اور نہ ہی مدعا علیہ، اس لئے نہ تو مجھے بلایا جائے گا اور نہ ہی میں جاوں گا۔ مجھے معلوم ہے کہ مجھے اس کی دعوت نہیں ملے گی۔ اس سوال پر کہ کیا یوگی آدتیہ ناتھ مسجد کا سنگ بنیاد رکھیں گے؟ اطہر حسین نے کہا کہ اسلام کے سبھی چار نظریات والے مراکز حنفی، حنبلی، شافعی اور مالکی میں سے کسی میں بھی مذہب کی بنیاد رکھنے کے لئے پروگرام منعقد کرنے کا التزام نہیں ہے، لہٰذا اس سوال کا کوئی مطلب نہیں بنتا۔