Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, August 30, 2020

وزیر اعظم مودی نے ’من کی بات’ میں کہا- آتم نربھر بھارت کے لئے کتوں کی ہندوستانی نسل کو پالنا چاہئے

وزیر اعظم نریندر مودی کے ’من کی بات’ پروگرام میں ملک کوایک بار پھر آتم نربھر ہندوستان کا پیغام دیا۔ وزیر اعظم نے کھلونا انڈسٹری سے گزارش کی ہے وہ آگے آئیں اور ملک کو آتم نربھر بنانے میں اہم کردار ادا کریں۔

نٸی دہلی:/صداٸے وقت /ذراٸع /٣٠ اگست ٢٠٢٠ بروز اتوار۔
==============================
 وزیر اعظم نریندر مودی نے آج لوگوں سے ملک کو ہر شعبے میں خود انحصار بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کتوں کی ہندوستانی نسل کو پالنا چاہئے کیونکہ وہ اچھے اور قابل ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے ماحول میں آسانی سے ڈھل جاتے ہیں۔ ریڈیو پر اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات میں، وزیر اعظم نریندر مودی نے فوج کے دو بہادر سپاہی کتوں، سوفی اور ودا کی بہادری اور کارناموں کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنا فرض بخوبی نبھا رہے ہیں۔ ان دونوں کتوں کو حال ہی میں چیف آف آرمی اسٹاف کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
مسلح افواج کے کتوں کی بہادری کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستانی نسل کے کتے بھی بہت اچھے اور قابل ہوتے ہیں۔ ان میں سے، مدھول ہاؤنڈ اور ہماچلی ہاؤنڈ بہت اچھی نسلیں ہیں۔ راجہ پلایم، کنی، چیپی پرائی اور کومبائی بھی بہترین نسل ہیں۔ ان کو پالنے میں خرچ بھی کافی کم آتا ہے اور یہ ہندوستانی ماحول میں بھی ڈھلے ہوئے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی سکیورٹی ایجنسیاں ہندوستانی نسل کے کتوں کو بھی اپنے سکیورٹی اسکواڈ میں شامل کررہی ہیں۔ آرمی، سی آئی ایس ایف اور این ایس جی نے مدھول ہاؤنڈ کو ٹریننگ دی ہے اور اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ سی آر پی ایف نے کومبائی کتا اپنایا ہے۔ انڈین کونسل برائے زرعی تحقیق بھی کتے کی ہندوستانی نسل کے بارے میں تحقیق کر رہی ہے۔ اس کا مقصد ہندوستانی نسلوں کو بہتر اور مفید بنانا ہے۔ انہوں نے کہا ، ’’آپ ان کے نام انٹرنیٹ پر تلاش کرئے، ان کے بارے میں جانئے، آپ ان کی خوبصورتی ، ان کا معیار دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔ اگلی بار ، جب بھی آپ کتے پالنے کے بارے میں سوچیں ، آپ ضرور ان میں سے ہی کسی ہندوستانی نسل کے کتے کو گھر لائیں۔ خود انحصار ہندوستان ، جب لوگوں کے ذہنوں کا منتر بن ہی رہا ہے ، تو کوئی بھی شعبہ اس سے کیسے چھوٹ رہ سکتا ہے۔‘‘
سوفی اور ودا کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنا فرض بخوبی نبھایا ہے۔ انہوں نے کہا ، ’’ہماری فوجوں میں ، ہماری سکیورٹی فورسز کے پاس بہت سارے بہادر کتے ہیں جو ملک کے لئے جیتے ہیں اور اپنے آپ کو ملک کے لئے قربان بھی کردیتے ہیں۔‘‘ ایسے کتوں نے بہت سے بم دھماکوں اور دہشت گردی کی متعدد سازشوں کو روکنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ ‘‘ اس تناظر میں ، انہوں نے امرناتھ یاترا کی گولہ بارود تلاش کرنے والے بلرام کی تلاش ، آئی ڈی دھماکہ خیز مواد تلاش کرنے ووالی بھاونا ، راکی ​​اور کریکر کا بھی ذکر کیا۔