Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, September 3, 2020

بی ایچ یو طلب علم شیو کمار ترویدی کا ابھی تک نہیں چل سکا پتہ ، چھ ماہ قبل پولیس حراست سے ہوا تھا غائب ، الہ آباد ہائی کورٹ سخت

بی ایچ یو کے طالب علم شیو کمار ترویدی کے معاملہ میں الہ آباد ہائی کورٹ نے پولیس انتظامیہ پر اپنی سخت ناراضگی ظاہر کی ہے ۔ عدالت نے بنارس پولیس کو حکم دیا ہے کہ شیو کمار ترویدی کو 22 ستمبرسے پہلے تلاش کر کے ان کے گھر والوں کے سامنے پیش کیا جائے ۔
الہٰ باد ..اتر پردیش /ذراٸع /صداٸے وقت۔٣ ستمبر ٢٠٢٠۔
==============================
دہلی میں نجیب کی گمشدگی کی طرح ہی بنارس ہندو یونیورسٹی کے طالب علم شیوکمارترویدی کی گمشدگی کا معاملہ اب اور بھی پیچیدہ ہوتا جا رہا  ہے ۔ چھ مہینے پہلے پولیس حراست سے پراسرار طریقے سے غائب ہونے والے بنارس ہندویونیورسٹی ( بی ایچ یو ) کے طالب علم شیو کمار ترویدی کے معاملہ میں الہ آباد ہائی کورٹ نے پولیس انتظامیہ پر اپنی سخت ناراضگی ظاہر کی ہے ۔ عدالت نے بنارس پولیس کو حکم دیا ہے کہ شیو کمار ترویدی کو 22 ستمبرسے پہلے تلاش کر کے ان کے گھر والوں کے سامنے پیش کیا جائے ۔ چھ مہینے پہلے بنارس کے لنکا پولیس تھانے سے شیو کمار ترویدی غائب ہو گئے تھے ۔
پولیس حراست سے طالب علم کے لاپتہ ہونے کے واقعہ پر بنارس میں کئی سماجی اور طلبہ تنظیمیں مہم چلائی ہوئی ہیں ۔ شیو کمار کے والد پردیپ کمار ترویدی کی طرف سے داخل عرضی پر سماعت کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ نے بنارس پولیس کو 22 ستمبر تک کا وقت دیا ہے ۔ عدالت نے کہا ہے کہ اگر 22 ستمبر تک پولیس شیو کمارکا پتہ نہیں لگا پاتی ہے ، تو اس کیس کو سی بی آئی  کے حوالے کر دیا جائے ۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ششی کانت  گپتا اور جسٹس شمیم احمد کی بنچ نے پولیس کی کار کردگی پرکئی سنگین سوالات اٹھائے ۔عدالت کا کہنا تھا کہ پولیس ابھی تک یہ نہیں بتا پائی ہے کہ اس کی حراست میں ہونے کے با وجود شیو کمار کہاں غائب ہو گیا 
واضح رہے کہ گذشتہ 13 فروری کو بنارس ہندو یونیورسٹی میں بی ایس سی سیکنڈ ائیر کے طالب علم  شیو کمار کو مقامی پولیس نے صبح ساڑھے آٹھ ایمفی تھیٹرگراؤنڈ سے گرفتار کیا تھا ۔ پولیس شیو کمار کو گرفتار کرکے مقامی لنکا تھانے لے آئی تھی اور اس کو حوالات میں بند کر دیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شیو کمارحوالات سے غائب ہو گیا ۔ لیکن شیو کمار پولیس حراست سے کیسے غائب ہوا ؟ اس کا اطمینان بخش جواب پولیس عدالت کے سامنے نہیں دے پائی ۔
دوسری جانب بنارس میں بی ایچ یو کے طلبہ اور کئی سماجی تنظیموں نے شیو کمار کی برآمدگی کے لئے مہم چلائی ہوئی ہے ۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حالیہ بنارس دورے کے موقع پر بھی بی ایچ یو طلبہ نے سی ایم یوگی کو میمورنڈم پیش کیا تھا ۔ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے اس معاملہ میں موثر کارروائی کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی ۔ لیکن اس معاملہ میں ابھی تک کوئی ٹھوس نتیجہ بر آمد نہیں ہوا ہے ۔ الہ آباد ہائی کورٹ اس معاملہ کی سماعت ۲۲ ستمبر کو پھر کرے گی ۔