Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, September 3, 2020

بھارت میں 'ٹک ٹاک' کے بعد 'پب جی' پر بھی پابندی عائد

چین کے ساتھ سرحد پر کشیدگی کے بعد ہندوستان نے مقبول ویڈیو گیم 'پب جی' سمیت 118 موبائل ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کر دی ہے۔
نٸی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع / ٣ستمبر ٢٠٢٠۔
==============================
چین کا پب جی گیم ناصرف ہندستان میں بے انتہا مقبول ہے بلکہ یہ کسی بھی ملک کے مقابلے میں بھارت میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کیا جانے والا گیم ہے۔ ایپس اینیلیٹک کمپنی 'سینسر ٹاور' کے مطابق ہندوستان  میں اب تک 'پب جی' گیم کو تقریباً 17 کروڑ 50 لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔
خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق وزارتِ ٹیکنالوجی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جن ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کی گئی ہے وہ بھارتی سلامتی اور سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں۔ یاد رہے کہ 'پب جی' گیم چین کی 'ٹین سینٹ' نامی کمپنی کی ملکیت ہے جس نے بھارتی پابندی سے متعلق کسی بھی قسم کا کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
نئی دہلی میں موجود چینی سفارت خانے نے بھی چین کی موبائل ایپلی کیشنز پر پابندی کی خبروں پر تبصرے سے گریز کیا ہے۔
بھارتی حکومت اس سے قبل بھی سیکیورٹی وجوہات کو بنیاد بنا کر 'ٹک ٹاک' سمیت چین کی 59 ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کر چکی ہے۔  انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کا کہنا ہے ان کے پاس مصدقہ اطلاعات تھیں کہ پابندی کا شکار ایپلی کیشنز بھارت کے مفاد کے خلاف کام کر رہی تھیں۔
واضح ہو کہ چین اور بھارت کے درمیان لداخ کے سرحدی علاقے میں کشیدگی جاری ہے۔ جون میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان سرحد پر جھڑپیں ہوئی تھیں جس کے بعد بھارت میں چین کی مصنوعات پر پابندی کی مہم نے زور پکڑ لیا تھا۔