Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, October 1, 2020

طب ‏کی ” ‏وفیات ‏الاعیان”۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ایک ‏تعارف ‏



از / ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی/صداٸے وقت 
==============================
       سیر و سوانح کی قدیم کتاب 'وفیات الاعیان' سے تمام اہل علم واقف ہوں گے ، جو علامہ ابن خلکان ( 608ھ/1211ء ___ 681ھ/ 1282) کی تصنیف ہے _ اس کا پورا نام 'وفیات الاعیان و انباء ابناء الزمان' ہے _ اس کتاب میں مؤلف نے اپنے عہد تک کی نام ور شخصیات کا جامع تذکرہ جمع کردیا ہے ۔ اس موضوع پر عربی زبان میں بہت کتابیں ہیں اور اردو زبان بھی خوب مالامال ہے کہ اس میں مختلف علوم و فنون کی نمایاں شخصیات کی سوانح اور تذکروں پر بہت کتابیں لکھی گئی ہیں _  اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے برادر محترم و مکرم حکیم وسیم احمد اعظمی کو ، جنھوں نے اطبائے ہند و پاک کے حالاتِ زندگی جمع کرنے کا ایک بڑا پروجکٹ شروع کیا ہے _ بجا طور پر اسے طب کی 'وفیات الاعیان' کہا جاسکتا ہے _
         طبی دنیا حکیم اعظمی کی علمی و طبی خدمات سے خوب واقف ہے _ طبی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والا کوئی شخص اگر ان سے ناواقفیت کا اظہار کرے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اسے دورانِ طالب علمی کتابوں سے کوئی واسطہ نہیں رہا ہے _ اس لیے کہ طبی نصاب کے بیش تر موضوعات پر ان کی کتابیں موجود ہیں ، مثلاً امراضِ نسواں ، امراضِ اطفال ، امراضِ اذن و انف و حلق ، کلیاتِ ادویہ ، علم الصیدلہ ، تحفظی و سماجی طب اور معالجات (4 جلدیں)  _ انھوں نے غیر نصابی موضوعات پر بھی خوب لکھا ہے _
بیت الحکمت کی طبی خدمات ، محمد بن زکریا رازی _ احوال و آثار ، اردو طبی رسائل و جرائد _ بر صغیر ہند و پاک میں اور مطالعہ مخطوطات _ طب یونانی کے خصوصی حوالہ سے  ان کی چند اہم تصانیف ہیں _

       وسیم صاحب مرکزی کونسل برائے تحقیقات طب یونانی (CCRUM ) کے لٹریری شعبہ سے وابستہ تھے _  انھوں نے متعدد مخطوطات کی ایڈیٹنگ میں حصہ لیا ہے _   اس کے علاوہ عرصہ تک کونسل کے ترجمان سہ ماہی 'جہانِ طب' کی ادارت بھی کرتے رہے ہیں _ ابھی چند برس قبل وہ وظیفہ یاب ہوئے ہیں _ اس کے بعد بھی ان کی علمی و تحقیقی سرگرمیاں  زوروں پر ہیں _ طبیبوں میں ان کا امتیاز یہ ہے کہ وہ تنقیدی ذوق اور مزاج رکھتے ہیں _ انھوں نے اپنی تحریروں میں تحقیق کا اعلیٰ معیار پیش کیا ہے _ وہ مصنفین کی اغلاط کی نشان دہی میں ذرا بھی رو رعایت نہیں کی ہے ، چاہے وہ کوئی بھی ہوں _

        زیر نظر کتاب 'وفیات اطبائے ہند و پاک'  طبی سوانحی لٹریچر میں ایک قیمتی اضافہ ہے _ اسے الف بائی ترتیب پر مرتّب کیا گیا ہے _ اطباء کے تذکروں پر اردو میں بہت سی کتابیں لکھی گئی ہیں _ اِس کتاب کے پیش لفظ میں ان کی فہرست پیش کی گئی ہے _ ان سب کا مواد اس کتاب میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے _ خاص بات یہ ہے کہ اس میں حوالوں کا اہتمام کیا گیا ہے _ ہر شخصیت کا تذکرہ کرنے کے بعد ان مصادر و مراجع کی فہرست پیش کی گئی ہے جن سے مواد لیا گیا ہے _ اس کتاب کو جلد اول کی حیثیت حاصل ہے ، اس لیے کہ اس میں صرف ان اطباء کا تذکرہ ہے جن کا نام الف سے شروع ہوتا ہے _ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ کتاب کئی جلدوں پر مشتمل ہوگی _
       اس کتاب کو اصلاحی ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن نئی دہلی نے 2019 میں شائع کیا ہے _ لاک ڈاؤن (اواخرِ مارچ 2020) شروع ہونے سے کچھ دنوں قبل راقم سطور کو یہ مصنف سے ملی تھی _ افسوس اور معذرت کہ ذہن سے اوجھل ہوجانے کی وجہ سے اس کا تعارف کرانے میں تاخیر ہوگئی _