Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, October 15, 2020

جمعہ ‏نامہ ‏۔۔۔۔۔۔دعوت ‏و ‏حکمت ‏،عمدہ ‏نصیحت ‏اور ‏احسن ‏مباحثہ۔



ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان/صداٸے وقت 
=============================
ارشادِ ربانی ہے:’’اے نبیؐ، اپنے رب کے راستے کی طرف دعوت دو، حکمت اور عمدہ نصیحت کے ساتھ، اور لوگوں سے مباحثہ کرو ایسے طریقہ پر جو بہترین ہو۔ تمہارا رب ہی زیادہ بہتر جانتا ہے کہ کون اس کی راہ سے بھٹکا ہوا ہے اور کون راہ راست پر ہے‘‘۔داعی کی اہم ذمہ داری دعوت کی قبولیت میں آڑے آنے والی رکاوٹ کو دور کرنا بھی ہے۔ انسانی وجود کے تین اہم مقامات پر یہ رکاوٹ قیام کرتی ہے ۔دماغ اور دل کے علاوہ انسانی نفس بھی اس کا مسکن ہے۔انسانی وجود کے یہ تینوں مقامات الگ الگ مزاج کے حامل ہوتے ہیں جیسے روئے زمین پر پائی جانے والی مٹی کی کیفیت جدا جدا ہوتی ہے۔ کہیں پر وہ ریتیلی تو کہیں پتھریلی ہوتی ہے۔ ان دونوں سے مختلف نرم اور چکنی مٹی بھی کرۂ ارض کی سطح پر موجود ہوتی ہے۔
ان مختلف زمینوں پر چلتے ہوئے الگ الگ قسم کا احتیاط درکار ہوتا ہے۔ ریتیلی زمین پر انسان اس طرح نہیں چل سکتا جیسے پتھریلی زمین پر چلتا ہے اور چکنی مٹی پر چلنے کے لیے انسان کو بہت زیادہ محتاط ر ہنا پڑتا ہے۔ اس داخلی کیفیت کے علاوہ موسم کا بھی اثر مختلف ہوتا ہے ۔ گرمی میں ریت تپنے اور اڑنے لگتی ہے ایسے اس پر نہ صرف پیر رکھنا مشکل ہوجاتا ہے بلکہ آنکھ کھولنا تک دشوار ہوجاتا ہے۔ اسی طرح بارش میں پتھروں پر کائی جم جائے تو پھسلن سے بچنے کے لیے قدم جما کر چلنا پڑتا ہے ۔ بہت زیادہ بارش سے چکنی مٹی اگردلدل میں تبدیل ہوچکی ہو تو اس میں دھنسنے سے بچنے کا احتیاط لازم ہوجاتا ہے ۔ اسی طرح بیرونی عوامل اور ماحول انسانی شخصیت پر اثرا انداز ہوتے ہیں۔ اسلام سے متعلق مختلف افکارو نظریات یا پروپگنڈے نےمدعو کے کس پہلو متاثر کیا ہے یہ پتہ لگانا ضروری ہوتا ہے کیونکہ جسم کے الگ الگ اعضاء کینسر کا اثر مختلف ہوتا ہے اس رکاوٹ کی مناسبت سے احتیاط لازم ہے۔