Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, November 7, 2020

'اُردو ڈے' 9 نومبر کے موقع پر ’اردو کے آئینی درجہ کے نفاذ کی حکمت عملی‘ کے عنوان سے دہلی میں نیشنل سمپوزیم کے انعقاد کی تیاریاں مکمل.

نئی دہلی، / صداٸے وقت /پریس ریلیز / 7 نومبر 2020 : 
==============================
عظیم مفکر اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے 9 نومبر کو ’عالمی یوم اردو‘ کی تقریبات کا انعقاد ملک اوربیرون ملک ہوتا ہے۔ اس سلسلے کو مزید تقویت دینے کے لیے یونائیٹڈ مسلم آف انڈیا اور اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے زیراہتمام ہر سال 9 نومبر کو اردو ڈے تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
تقریب کے کنوینر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے جاری بیان میں کہا کہ اس سال 9 نومبر ’اردو ڈے‘ کی تقریب جواہر لعل نہرو نیشنل یوتھ سینٹر، راﺅز ایونیو، آئی ٹی او، اردو گھر کے سامنے، نئی دہلی میں پروفیسر شہپر رسول  کی صدارت میں شام پانچ بجے ’اردو کے آئینی درجہ کے نفاذ کی حکمت عملی‘ کے عنوان پر نیشنل سمپوزیم کے طور پر منعقد ہوگا۔

جبکہ مہمانان خصوصی و مہنانان مکرم کے طور پر معروف و ممتاز شخصیت پروفیسر اخترالواسع صاحب، پروفیسر عبدالحق صاحب، خواجہ شاہدصاحب، پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین صاحب، ڈاکٹر سیّد فاروق صاحب، حامد احمد صاحب، مولانا محمد رحمانی صاحب، سیّد منصور آغا صاحب وغیرہ شریک ہوں گے اور اظہار خیال کریں گے۔

حسب سابق اس سال ڈاکٹر خورشید احمد شفقت اعظمی، سہیل انجم، محمد عارف اقبال، جاوید اختر اور ڈاکٹر سیّد احمد خاں کی ادارت میں مجلہ ’عالمی یوم اردو‘ مولوی اسمٰعیل میرٹھی: حیات و خدمات کا اجرا بھی عمل میں آئے گا اور عالمی یوم اردو ایوارڈز بھی تفویض کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مزید کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ اردو بھارت میں پیدا ہوئی اور بھارت میں ہی پروان چڑھی جس میں قوم کے ہرطبقہ فکر اور مذہب کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہنوز آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔