Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, November 5, 2020

خدمت ‏خلق ‏، ‏مولانا ‏حسن ‏الہاشمی ‏کی ‏زندگی ‏کا ‏جلی ‏عنوان ‏۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔محمد ‏ثناءٕ ‏الہدیٰ ‏قاسمی ‏۔



صداٸے وقت / پٹنہ ( عبد الرحیم برہولیاوی) ۵/نومبر ۔٢٠٢٠.
==============================
مولانا حسن الہاشمی کی زندگی خدمت خلق سے عبارت تھی، وہ نثر اور نظم پر یکساں قدرت رکھتے تھے، بحثیت عامل ان کی خدمت کا دائرہ بڑا وسیع تھا، "طلسماتی دنیا"  نکال کر انہوں نے بہت نام کمایا،  اس کے بہت سارے مندرجات سے اتفاق نہ ہونے کے باوجود اس رسالہ کی مقبولیت کا انکار نہیں کیا جاسکتا، وہ مشہور عالم مولانا عامر عثمانی کے بہنوئی تھے اور ان کے انتقال کے بعد انہوں نے بہت دنوں تک "تجلی" کے مدیر کی حیثیت سے کام کیا تھا؛لیکن انہیں جلد ہی احساس ہوگیا کہ تجلی کے مستقل عنوان ،عرض حال ، تجلی کی ڈاک، کھرے کھوٹے، اور مسجد سے میخانے تک کو عامر عثمانی کے انداز میں لکھنا کھیل نہیں ہے، ظاہر ہے ان کے قلم کی شگفتگی اور مسائل پر علمی تجزیہ اور منطقی توجیہ آسان کام نہیں تھا، اس لئے انہوں نے جلد ہی اپنا رخ طلسماتی دنیا کی طرف موڑ دیا، خدمت خلق کے نام سے ادارہ قائم کرکے رفاہی کاموں میں وقت لگانے لگے، عامر عثمانی پوری زندگی جس کے خلاف لڑتے رہے، طلسماتی دنیا کے مندرجات اس کے بالکل خلاف تھے، لیکن اس نے دھیرے دھیرے عوام میں مقبولیت کا رکارڈ بنا لیا۔
ان خیالات کا اظہار مشہور عالم دین مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے ایک پریس اعلانیہ میں کیا ہے، انہوں نے فرمایا کہ وہ خوش اخلاق، ملنسار اور لوگوں کے کام آنے کا جذبہ رکھتے تھے، اکابر دیوبند سے ان کے تعلقات استوارہی نہیں خوشگوار بھی تھے، یہی وجہ ہے کہ ۴/نومبر ۲۰۲۰ء کی شام جب ان کے انتقال کی خبر آئی تو بڑا صدمہ ہوا، انہوں نے تہتر سال عمر پائی اور اچھی زندگی گزاری ، مفتی صاحب نے فرمایا کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، مرنے والے کے لئے بہترین خراج عقیدت ان کے لئے دعاء مغفرت ہی ہے۔