Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, December 7, 2020

اروند کیجریوال نے مظاہرہ کرنے والے کسانوں سے کی ملاقات، انتظامات کا لیا جائزہ.

اروند کیجریوال آج اپنی کابینہ کے ساتھ ہریانہ-دہلی سرحد سنگھو بارڈر پر کسانوں سے ملنے پہنچے۔ انہوں نے کسانوں سے ملاقات کرنے کے ساتھ ہی وہاں مہیا کرائی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا اور کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کی سیوادار ہے۔

نئی دہلی۔ /صداٸے وقت /ذراٸع /7 دسمبر 2020.
=============================
مرکزی حکومت کے زراعت سے جڑے تین قوانین کے  خلاف مظاہرہ کرنے والے کسانوں سے پیر کو دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے ملاقات کرکے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کی سیوادار ہے۔ تینوں قوانین کے خلاف کسان پچھلے 12 دن سے دہلی میں مقیم ہیں اور مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر سے کئی دور کی بات چیت کے باوجود کوئی حل فی الحال نہیں نکل پایا ہے۔ منگل کو کسانوں کی حمایت میں بھارت بند کا اعلان کیا گیا ہے اور مختلف سیاسی پارٹیوں اور کئی مزدور تنظیموں نے بند کو حمایت کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی (عاپ) نے بھی بند کی حمایت کی ہے۔ کسان دہلی کی سرحدوں پر دھرنے پر بیٹھے ہیں اور حکومت سے زرعی قوانین کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اروند کیجریوال آج اپنی کابینہ کے ساتھ ہریانہ-دہلی سرحد سنگھو بارڈر پر کسانوں سے ملنے پہنچے۔ انہوں نے کسانوں سے ملاقات کرنے کے ساتھ ہی وہاں مہیا کرائی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا اور کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کی سیوادار ہے۔ وزیراعلی نے میڈیا سے بات چیت میں کسانوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا،’’میری حکومت کسانوں کی سیوادار ہے ۔کسانوں کا مسئلہ اور ان کے مطالبات جائز ہیں۔ میں اور میری پارٹی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کسانوں کی تحریک شروع ہونے کے وقت دہلی پولیس نے ہم سے نو اسٹیڈیم کو جیل میں بدلنے کی اجازت مانگی تھی۔ میرے اوپر دباؤ بنایا گیا تھا لیکن میں نے اجازت نہیں دی۔ تب سے آپ کے سبھی رکن اسمبلی،کارکنان سیوادار بن کر کسانوں کی خدمت کررہے ہیں۔ میں خود بھی سیوادار بن کر یہاں آیا ہوں۔‘‘