Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, December 25, 2020

مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سوسائٹی نے بورڈ طلبہ کی مفت کوچنگ اور کیریر گائڈنس کے لئے اٹھایا بڑا قدم.

بھوپال میں مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سو سائٹی کا قیام 80 کی دہائی میں عمل میں آیا تھا۔ سماج کے دانشوروں،ادیبوں اور سماجی کارکنان نے مسلم طلبا کی تعلیمی ضرورت کو سمجھتے ہوئے اس سو سائٹی کو قائم کیا تھا۔

بھوپال۔ مدھیہ پردیش /صداٸے وقت / ٢٥ دسمبر ٢٠٢٠۔
==============================
کورونا قہر میں یوں تو سبھی لوگ کسی نہ کسی طرح سے متاثر ہوئے ہیں مگر  سماج کے نچلے اور متوسط طبقے پر کورونا کی وبائی بیماری عذاب بن کر آئی ہے ۔ سماج کے نچلے اور متوسط طبقے کے لئے کورونا اور گرانی میں جہاں دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا مشکل ہورہا ہے ایسے میں وہ اپنے بچوں کی تعلیم کا خواب بھی چھوڑ چکے ہیں ۔ کورونا قہر میں اسکولوں کے ذریعہ آن لائن کلاس تو جاری ہے مگر سماج کے نچلے اور متوسط طبقے کے طلبا کے لئے یہ بھی مشکل ہو رہا ہے اور جو بچے آن لائن کلاس جوائن بھی کر رہے ہیں وہ کنفیوزن کا شکار ہیں۔ ایسے میں وہ اپنے ڈاؤٹس کلیئر کرنے کہاں جائیں اور ان کی تعلیم کا سلسلہ کیسے جاری رہے وہ سمجھنے سے قاصر ہیں۔ ایسے میں بھوپال کی سماجی تنظیم مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سوسائٹی میکپس کی کوششیں طلبا کے لئے بیش قیمتی نعمت ثابت ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ بھوپال میں مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سو سائٹی کا قیام 80 کی دہائی میں عمل میں آیا تھا۔ سماج کے دانشوروں،ادیبوں اور سماجی کارکنان نے مسلم طلبا کی تعلیمی ضرورت کو سمجھتے ہوئے اس سو سائٹی کو قائم کیا تھا۔ ابتدا میں اس کے ذریعہ صرف ہونہار طلبا کو اسکالرشپ دینے کا کام کیا جاتا تھا۔ پھر سماج میں طلبا کی تعلیم کی دیگر ضرورت کو سمجھتے ہوئے سو سائٹی کے دائرے میں اضافہ کیاگیا اور سماج کےپسماندہ طلبا کو تعلیم کے لئے مالی معاونت کرنے اور ان کی فیس کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کیاگیا۔ اور جب تعلیم کے میدان میں سماج کی نئی ضرورت سامنے آئی تو سو سائٹی نے طلبا کے لئے مفت کیریر گائڈنس ،کاؤنسلنگ اور مفت کوچنگ وتربیت کے ساتھ طلبا کو تعلیم حاصل کے لئے مفت کتابیں فراہم کرنے کا بھی سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ وسائل کی کمی سے کوئی بھی طالب علم کی روشنی سے محروم نہ رہ سکے۔
مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سو سائٹی کے سکریٹری ڈاکٹر ظفر حسن کہتے ہیں کہ کورونا قہر میں سماج کے نچلے اور متوسط طبقے کے تعلیمی خواب کیسے چکنا چور ہورہے ہیں اس کابیان نہیں کیاجا سکتا ہے۔ کہنے کو تو آن لائن کلاسیسں کورونا قہر میں جاری ہیں مگر طلبا کی ضرورت آن لائن کلاس سے پوری نہیں ہورہی ہے اور سچ تو یہ ہے کہ بیشتر طلبا کنفیوزن کا شکار ہیں ۔ ایسے میں فوری طور پر بورڈ طلبا کو مفت کیریر کاؤنسلنگ،کیریر گائڈنس اور انہیں کوچنگ دینے کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے تاکہ طلبا کھلنے ذہن سے اپنے تعلیمی سلسلہ کو جار رکھ سکیں ۔ بورڈ طلبا کے لئے اب بشمکل دو مہینے کا وقت امتحان کے لئے رہ گیا ہے اس لئے امتحانات تک ہماری یہ تحریک جاری رہے گی اس کے بعد دوسرے تعلیمی مشن پر کام کیا جائے گا۔
مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سو سائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ کیریر گائڈنس اور کاؤنسلنگ میں طلبا کے ساتھ ان کے والدین کو بھی بلایا گیاتھا۔ پہلے دن طلبا کی کاؤنسلنگ کی گئی تاکہ اندازہ ہوسکے کہ کس طالب علم کو کس مضمون میں گائڈنس کی کتنی ضرورت ہے اور اس کے مطابق ماہرین کے ذریعہ اس کی رہنمائی کی جاسکے۔ میکپس کے پروگرام میں شرکت کرنے والے طالب علم رشید خان کہتے ہیں کہ کورونا قہر میں پھچلے آمھ مہینے سے اپنے کیریر کو لیکر بہت پریشان تھا۔ آج یہاں آنےکے بعد نہ صرف ماہرین نے ہماری رہنمائی کی بلکہ ہمیں اپنے کیریر کو لیکر مفیید مشورہ بھی دیا۔ مفت گائڈنس سے مجھے بہت حوصلہ ملا اور میں اب اپنے بورڈ امتحان بہت اچھا کر کے اپنے گھروالوں کو دکھا سکوں گا۔
دسویں کی طالبہ اقرا اقبال کہتی ہیں کہ ہمارے لئے تو یہ اللہ کی بڑی نعمت ہے۔ گھر والوں نے تو مالی دشواریوں کے سبب کہہ دیا تھا کہ ہم نہیں پڑھا سکتے ہیں ۔ یہاں ہم اپنی والدہ کے ساتھ آئے ہیں ہمیں فیس کے لئے چار ہزار روپیہ کا چیک بھی دیاگیا ہے اور کیریر کے لئے مفت تعلیم دینے کا بھی سلسلہ شروع کیاگیا ہے ۔ اللہ سے دعا ہے کہ ان لوگوں کو سلامت رکھے جو اس مشکل وقت میں غریب طلبا کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ میں دوسرے بھائی بہنوں سے بھی کہونگی کہ وہ کورونا قہر میں مایوس نہ ہو ں بلکہ یہاں مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سوسائٹی سے رابطہ کریں ان کی تعلیم کے سبھی ادھورے خواب یہاں سےپورے ہونگے ۔ یہ لوگ تو کسی سے اسکا نام اور مذہب بھی نہیں پوچھتے ہیں بس یہی پوچھتے ہیں کہ آپ کی ضرورت کیا ہے اور پھر اس کے لئے اپنا کام شروع کردیتے ہیں۔