Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, January 9, 2021

مختار انصاری کو پنجاب سے یوپی لانے کو روانہ ہوئی پولیس کی ٹیم، ۔۔۔۔سپریم کورٹ کے حکم پر کارروائی۔

مختار انصاری  کے لئے کئی بار پروڈکشن وارنٹ جاری ہوچکا ہے۔ تاہم پنجاب کی روپر جیل انتظامیہ خراب صحت کا حوالہ دے کر مختار انصاری کو یوپی بھیجنے سے انکار کرتی رہی ہے۔
لکھنو: اتر پردیش / صداٸے وقت /ذراٸع / ٩ جنوری ٢٠٢١۔
==============================
پنجاب  کی روپڑ جیل میں بند مافیا مختار انصاری  کو اترپردیش لانے کی تیاری تیز ہوگئی ہے۔ غازی پور ضلع کے تین پولیس اہلکار پنجاب روانہ ہوگئے ہیں۔ دراصل سپریم کورٹ نے روپڑ جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کیا تھا۔ یوپی حکومت کی اپیل پر سپریم کورٹ نے 18 دسمبر کو یہ نوٹس جاری کیا تھا۔ اب غازی پور پولیس نئی دہلی سے نوٹس لے کر روپڑ جیل لائے گی۔ واضح رہے کہ کئی بار مختار انصاری کے لئے کئی پروڈکشن وارنٹ جاری ہوچکا ہے، لیکن پنجاب پولیس خراب صحت کا حوالہ دے کر مختار انصاری کو یوپی نہیں بھیجتی ہے۔
مختار انصاری کو 2019 میں لوک سبھا انتخابات سے قبل یوپی کی باندہ جیل سے پنجاب کی روپڑ جیل بھیج دیا گیا تھا۔ تبھی سے وہ وہاں بند ہیں۔ ان کے خلاف غازی پور میں کئی معاملے چل رہے ہیں۔ انہیں میں پیشی کے لئے مختار انصاری کا پروڈکشن وارنٹ جاری کرایا گیا، لیکن ہر بار روپڑ جیل انتظامیہ کی طرف سے مختار انصاری کی خراب صحت کا حوالہ دیا جاتا ہے۔
اس کے بعد یوپی کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے معاملے میں سپریم کورٹ کی پناہ لی، جس کے بعد روپڑ جیل سپرنٹنڈنٹ کو 18 دسمبر 2020 کو ایک نوٹس جاری کیا گیا۔ اب یوپی حکومت نے اس نوٹس کو دہلی حکومت سے لے کر سیدھے روپڑ جیل میں ہینڈ ڈلیوری کروانے کی تیاری کی ہے۔
واضح رہے کہ اترپردیش میں یوگی حکومت نے گزشتہ کچھ ماہ میں مختار انصاری کے گروہ کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ مختار انصاری ہوں یا اس کے نام پر غیر قانونی کاروبار کرنے والے لوگ، سبھی کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ اب تک لکھنو سے لے کر مئو اور غازی پور میں کروڑوں روپئے کی جائیداد بلڈوزر سے منہدم کی جاچکی ہیں۔ اسی ضمن میں یوگی حکومت مختار انصاری کو کسی بھی طرح یوپی لانے کی کوشش میں مصروف ہے، لیکن کئی بار پروڈکشن وارنٹ لے کر پنجاب گئی غازی پور اور اعظم گڑھ پولیس کو بے رنگ لوٹنا پڑا تھا۔