Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, February 27, 2021

جلگاؤں کے اقراء بی یو ایم ایس،بی ایڈ کالج میں جلسہ ’اصلاح معاشرہ و نشہ مخالف مہم‘

جلگاؤں کے اقراء بی یو ایم ایس،بی ایڈ کالج میں جلسہ ’اصلاح معاشرہ و نشہ مخالف مہم‘
جلگاؤں /مہاراشٹر  27/ فروری  :نوجوان ملک و ملت کے قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں،معاشرے میں کوئی بھی انقلاب آتا ہے تو اس کے پیچھے سب سے بڑا کردار نوجوانوں کا ہی ہوتا ہے۔اس لئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ نوجوان ہمارے ملک و قوم کامستقبل ہیں۔نسل نو سے اتنی توقعات اس لئے رکھتے ہیں کہ نوجوانی کا دور ہر انسان کی زندگی کا سب سے اہم موڑ ہوتا ہے،جہاں سے اس کی زندگی تبدیل ہوجاتی ہے۔ اس لئے ہمیں ابھی سے اپنی زندگی کو صحیح رخ پر لے کر چلنا ہے،تاکہ ہم ملک و ملت کے لئے مستقبل میں۔۔۔۔۔۔۔نمایاں کردار ادا کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار مفتی محمد ہارون ندوی صدر جمعیۃعلماء ضلع جلگاؤں و ڈائریکٹر وائرل نیوز لائیو جلگاؤں،مہاراشٹر انڈیا نے کیا۔
جلگاؤں کے اقراء بی یو ایم ایس،بی ایڈ کالج میں گزشتہ دنوں منعقد ہ اجلاس میں طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے  مفتی محمد ہارون ندوی نے کہا کہ نوجوانی کے دور میں انسان سب سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے،تمام صلاحیتیں عروج پر ہوتی ہیں،کسی بھی مسئلہ پر انسان کھلے ذہن کے ساتھ غور و فکر کر سکتا ہے،اور کسی بھی مسئلہ کا حل نکال سکتا ہے۔ان تمام چیزوں کی بنیاد پر ہی انسان اپنا مستقبل طے کرتا ہے۔اس لئے آج ہی سے ہمیں اپنے اورملک و ملت کے تابناک مستقبل کے لئے کوشش کرنے کی ضرورت ہ

مفتی محمد ہارون ندوی نے سینکڑوں طلباء وطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے قرآن و حدیث اور طبی نقطہئ نظر سے نشہ کے نقصانات کو تفصیل کے ساتھ بیان فرمایا۔مفتی صاحب نے فرمایا کہ موبائل فون کا استعمال بھی ایک نشہ بن چکا ہے،پڑھنے والے بچے،بچیاں کم از کم پانچ گھنٹہ موبائل میں صرف کر رہے ہیں۔تعلیم کے نقصان کے ساتھ اپنی جسمانی صحت کو بھی نقصان پہونچا کر ڈپریشن کا بھی شکار بن رہے ہیں۔کالج کے طلبہ فیشن کے طور پر سگریٹ نوشی بھی کر نے لگے ہیں۔
مفتی محمدہارون ندوی نے نوجوان نسل میں نشہ کی لت کے بڑھتے رجحان پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابتداء میں پان،نسوار گٹکھا اور سکریٹ جیسے نشہ آور اشیاء سے ہی منشیات کی طرف رغبت بڑھتی ہے۔ پھر آگے چل کراس کا رجحان اتنا بڑھ جاتا ہے کہ اس کو نشہ تصور ہی نہیں کیا جاتا ہے۔نشہ کے نقصانات سے بے پرواہ نوجوان نسل لڑکے لڑکیاں مستقبل میں قوم و ملک کی باگ ڈور کیسے سنبھالیں گے؟
اس سے قبل اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر،جلگاؤں کے سابق میئر ڈاکٹر عبد الکریم سالار نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی طرف سے چلانی جانے والی ’اصلاح معاشرہ و نشہ مخالف مہم‘ جلگاؤں ضلع میں مفتی محمد ہارون ندوی کی قیادت میں بڑی کامیابی کے ساتھ جاری وساری ہے۔یہ مہم وقت کی اہم ضرورت اور خصوصاً امت مسلمہ پر احسان عظیم ہے،۔مَیں اس اہم مہم کوچلانے والوں کی کوششوں و کاوشوں کو سلام کرتا ہوں۔
عبد الکریم سالار نے یہ بھی کہا کہ ٓاج قوم کے نوجوان،پڑھنے لکھنے والے بچے بھی مختلف قسم کے نشہ میں مبتلا ہورہے ہیں۔نشہ ان سے ہر وہ گناہ کروارہا ہے جو ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔نشہ جیسی بری لت سے نوجوان نسل کو بچانے کے لئے جمعیۃعلماء نے ایک بہت ہی اہم اور بر وقت اقدام کیا ہے، یہ مہم بہت ہی اچھے اور منظم انداز میں گلی گلی،گاؤں گاؤں جاکر نشہ اور اس کے کاروبار کر نے والوں کے خلاف چلائی جا رہی ہے،اور عوام الناس کو اس کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا جارہا ہے۔
یونانی میڈیکل کالج کے پرنسپل قاری عبد القدوس نے بھی اس موقعہ پر نشہ کے مضر اثرات پر قرآن و سائنس کی روشنی میں خطاب فرمایا۔
اس موقع پرپروفیسر نسیم انصاری،پروفیسر ڈاکٹر ندیم رحمانی،پروفیسر عرفان سر، پرنسپل قاضی ضمیر،شفیق سر،حافظ عبد الرحیم پٹیل،حافظ مرشد عالم کے علاوہ بڑی تعداد میں اساتذہ،اسٹاف جمعیۃعلماء کے اس نشہ مخالف مہم کے پروگرام میں شریک رہے۔
صدر اجلاس عبد الکریم سالار نے جمعیۃ علماء کے صدر مفتی محمد ہارون ندوی کے شکریہ کے ساتھ،اقراء ہائی اسکول اینڈ جونیئر سینٹر کالج کے لئے بھی وقت مانگا۔قبل ظہر یہ پروگرام ختم ہوا۔