Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, March 9, 2021

*اہم فیصلوں کے ساتھ وفاق المدارس الاسلامیہ کی مجلس عاملہ کا اجلاس اختتام پذیر*

*سرکاری ضابطوں کی پابندی کے ساتھ تعلیمی سلسلہ مدارس میں شروع کیا جائے:
وفاق المدارس الاسلامیہ*
     پٹنہ۹؍مارچ (پریس ریلیز)./ صدائے وقت۔
++++++++++++++++++++++++±++++++++++
حالات آتے جاتے رہتے ہیں،حالات سے نہ تو ناامید ہونا چاہیے اور نہ ہی خائف رہنا چاہیے،عزم وحوصلہ اور مضبوط قوت ارادی کے ساتھ مدارس کے کام کو آگے بڑھا نا چاہئے، ان خیالات کا اظہاروفاق المدارس الاسلامیہ امارت شرعیہ کے نائب صدر قاری شبیر احمد ناظم مدرسہ اسلامیہ شکر پور بھروارہ دربھنگہ نے مجلس عاملہ کے ارکان سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا، اس موقع سے و فاق المدارس الاسلامیہ کے ناظم ،امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈکے نائب ناظم اور ہفت روزہ نقیب کے مدیر مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نے سرکاری ضابطوں کی پابندی کے ساتھ مدارس اسلامیہ میں تعلیمی سلسلہ رمضان کے قبل ہی شروع کرنے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے زمانہ میں وفاق  المدارس سے ملحق مدارس سے مسلسل رابطہ رکھا گیا اور وقتاً فوقتاًانہیں ضروری ہدایات دی گئیں۔اور آج جبکہ حالات میں تبدیلی آئی ہے اور تعلیمی ادارے کھولے جارہے ہیں، ضروری مشورے اور لائحۂ عمل طے کرنے کے لیے آن لائن ارکان عاملہ اورذمہ داران وفاق کی یہ میٹنگ ہورہی ہے۔
    مفتی اختر امام عادل ناظم جامعہ ربانی منوروا شریف سمستی پور، مولانامحمد اسحاق صاحب ناظم مدرسہ اصلاح المسلمین سرکار ڈیہہ دھنباد ،مولانا قاضی محمد اعجاز صاحب ناظم مدرسہ اسلامیہ محمود العلوم دملہ مدھوبنی،مولانا عبد الباسط ندوی ناظم المعھد العالی امارت شرعیہ، قاضی محمد عمران قاسمی دار العلوم الاسلامیہ بالاساتھ سیتامڑھی،مولانا مفتی وصی احمد قاسمی دار القضاء امارت شرعیہ ، قاضی ارشد صاحب مدرسہ نور العلوم گوگری کھگڑیا، مفتی انوار احمد صاحب سابق صدر مدرس مدرسہ عارفیہ سنگرام مدھوبنی نے مدارس کی مالیات کو مضبوط کرنے اور وسائل کے اعتبار سے رمضان بعد جدید داخلہ لینے اور طلبہ کے تعلیمی نقصان کی تلافی کی مختلف شکلیں تجویز فرمائیں۔مفتی خالدحسین نیموی استاذ مدرسہ بدر الاسلام بیگو سرائے اور مفتی سعید الرحمن صاحب مفتی امارت شرعیہ کی رائے تھی کہ جو نقصان ہو چکا ہے اس کی تلافی تو ممکن نہیں، البتہ آئندہ کے لیے مضبوط منصوبہ بندی کے ساتھ کام کو شروع کرنا چاہیے اور اللّٰہ کی نصرت پر یقین واعتماد رکھنا چاہیے۔
    مولانا سہیل احمد ندوی سکریٹری دار العلوم الاسلامیہ نے فرمایا کہ ہمارے مدارس، دار العلوم دیوبند کے طرز پر طلبہ کو بلاکر تعلیم دیں اور ممکن ہو تو شوال میں امتحان لیا جائے؛تاکہ طلبہ کے اندر سے مایوسی دور ہو، تحریری امتحان میں دشواری سمجھ میں آتی ہوتو تقریری امتحان لے کر صلاحیتوں کے ساتھ اعتبار سے ان کو ترقی دی جائے۔
    مفتی سہیل احمد قاسمی صدر مفتی امارت شرعیہ نے اللّٰہ پر بھروسے او رکامل ایمان ویقین کے ساتھ مدارس کے نظام کو جاری رکھنے پرزور دیا ،انہوں نے کہا کہ لڑکوں کا داخلہ وسائل کے اعتبار سے کیا جائے اور قیام وطعام کا اچھا انتظام رکھا جائے ۔
    آن لائن میٹنگ کے صدرمولانا قاری شبیر احمدصاحب نے رمضان بعد اگلے میقات کے لیے ذمہ داروں کا انتخاب اپنے مدرسہ میں کرانے کا اعلان کرکے ہمت افزائی فرمائی، بین المدارس اجتماع کے بارے میں جلدہی اعلان کیا جائے گا۔
     ارکان عاملہ کی آرا کی روشنی میں طے پایا کہ سرکاری ضابطوں کی پابندی کے ساتھ مدارس میں تعلیم فوری طور پر شروع کی جائے، درجہ حفظ، اطفال اور عربی درجات کا امتحان امسال مدارس اپنے طور پر لے لیں اور نتائج امتحان دفتر وفاق کو ارسال کریں۔
    اس آن لائن میٹنگ میں مولانا سید فخر الدین احمد، مولانا راشد عزیری ندوی، مولانا عادل فریدی، مولانا سعید کریمی اور سابق چیرمین مدرسہ بورڈ مولانا اعجاز احمد نے بھی شرکت فرمائی،میٹنگ کا آغاز مولانا سعید کریمی کی تلاوت اور اختتام مولانا قاری شبیر احمدکی دعا پر ہوا، مولانا عادل فریدی اور مولانا راشدالعزیری نے آن لائن میٹنگ کو کامیاب کرنے کے لیے ٹیکنیکل محاذ کو سنبھالا۔یہ اطلاع مولانامحمدسعید کریمی نے دی ہے۔