Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, April 11, 2021

حمی دائمہ / حمی مطبقہ (طب جدید۔ جسکے علاج سے قاصر ہے )کا شافی یونانی علاج ۔۔۔


از/ حکیم شاہدبدرفلاحی
بی یو ایم ایس ۔ اے ایم یو 
                   صدائے وقت 
++++++++++++++++++++++++++++++
حکیم صاحب ! اس بچی کو تقریباً ایک ماہ سے مسلسل بخار ہے اسکو ایک ماہ قبل بخار آیا تو مقامی ڈاکٹر کو دکھایا ۔ ڈاکٹر نے دوا دی بخار کچھ ہلکا ہوا میں نے سمجھا کہ اسے آرام ہو گیا۔ لیکن بچی کمھلائی ، مرجھائی رہتی تھی پھر اسے بخار تیز ہو گیا اب کی بار اسے مقامی ڈاکٹر کی دوا سے کچھ بھی فائدہ نہیں ہوا بخار بالکل بھی نہیں اترا تو فوراً سے ماہر امراض اطفال ۔ڈاکٹر ایل جے یادو ۔ ایم بی بی ایس ۔ ایم ڈی اعظم گڑھ کے یہاں ( 10/2/2021) کے یہاں دکھایا ڈاکٹر صاحب نے تین دن کیلئے دوا دی گھر لیکر آئے دوا کھلائی لیکن بخار بالکل بھی نہیں اترا تین دن کے بعد دوبارہ ڈاکٹر ایل جے یادو کے یہاں گئے ( 13/2/2021) انہوں نے اپنے ہاسپیٹل میں ایڈمٹ کرلیا تین دن تک ایڈمٹ رکھا لیکن بخار اترا ہی نہیں ہم سب بچی کے بخار کو لیکر کافی فکر مند ہوئے بالآخر شہر اعظم گڑھ کے ایک دوسرے ماہر امراض اطفال ڈاکٹر ۔ محمد اظفر  ایم بی بی ایس ڈی سی ایچ کے یہاں لیکر آئے انہوں نے مریضہ کی حالت کو دیکھتے ہوئے اپنے ہاسپیٹل میں ایڈمٹ کرلیا انہوں نے اس بیچ مریضہ کی کئی جانچ کروائی ٹائیفائڈ بخار کی جانچ کرائی لیکن ٹائیفائڈ بخار نہیں نکلا انہوں نے Mantoux Test کرایا یہ رپورٹ بھی Negative آئی انہوں نے پیشاب کی جانچ کرائی انہوں نے USG کرایا تو Mild Hepato megally کی رپورٹ آئی انہوں نے دس دن تک علاج کرنے کے بعد جب بخار بالکل بھی نہیں اترا تو مریضہ کو بنارس کیلئے ریفر کردیا ۔۔کسی نے یونانی علاج کا مشورہ دیا تو اب آپ کے یہاں آئے ہیں ۔ 
میں نے مریضہ کو بہت غور سے دیکھا ہونٹ پر پپڑی تھی چہرے کا رنگ زرد تھا ۔ حد درجہ کمزوری و نقاہت اس کو بھوک بالکل بھی نہیں لگ رہی تھی بخار مستقل تھا اور پیٹ میں درد بھی میں نے مریضہ کی ماں سے پوچھا کہ کیا اسکو ٹھنڈھک لگ کر بخار آتا ہے اسکی ماں نے کہا نہیں ۔۔ بس مسقل بخار رہتا ہے جسکی وجہ سے یہ حد درجہ کرب و بے چینی میں ہے سر میں درد اور بدن میں درد کی شکایت مستقل کرتی ہے۔۔
مسلسل بخار اور کثرت سے انگریزی ادویہ کے استعمال سے مریضہ کی بھوک بالکل غائب تھی پیٹ میں درد ورم کبد کی وجہ سے تھا ۔ مجھے حمی دائمہ / حمی لازمہ کی علامات صاف نظر آرہی تھیں ۔
" حمی لازمہ ۔ یہ بخار اپنی پوری میعاد تک ابتدا سے انتہا تک اگر مسلس چڑھا رہے اور کسی وقت نہ اترے تو اسکو حمی لازمہ یا حمی دائمہ کہتے ہیں۔
حمی لازمہ کی ہی ایک قسم حمی مطبقہ ہے اس بخار میں حرارت تقریباً ایک جیسی قائم رہتی ہے ۔ شب و روز یا صبح و شام میں اگر کچھ اختلاف ہوتا ہے تو محض معمولی اور خفیف سا ۔( ترجمہ کبیر ج چہارم ص 93)
عروق دمویہ میں چونکہ خون ، بلغم ، صفرا و سودا باہم ملے ہوئے ہوتے ہیں اسلئے اس مجموعہ کو اخلاط کہا جاتا ہے ۔ خلط فاسد جو بخار کا باعث ہو سکتی ہے اسکی بے شمار قسمیں ہیں ان میں سے بعض مواد کی نوعیت اچھی طرح معلوم ہے اور بعض کے متعلق اب تک کوئی صحیح علم نہیں ہو سکا ۔
" خلطیں جو متعفن ہوتی ہیں ( خون ، صفرا ، بلغم ، سودا) اور عفونت خون سےتپ مطبقہ پیدا ہوتی ہے کی اسکو سونو خس کہتے ہیں اور یہ تپ بشدت گرم اور پر خطر ہے اسلئے کہ ہر وقت لازم رہتی ہے اور کسی وقت نہیں اترتی ہے ۔ اور بیمار آسائش نہیں پاتا۔
(ذخیرہ خوارزم شاہ ج پنجم ص 24)
سونو خس ۔ خلطی بخار کی اس قسم کا نام بقراط نے سونو خس رکھا ہے سونوخس کے معنی تپ دائم و لازم کے ہیں ۔
( اکسیر اعظم ص 895 )
" وہ تپیں جو نہیں اترتی ہیں تپ لازمہ / تپ مطبقہ کہلاتی ہیں " 
( ذخیرہ خوارزم شاہی ج پنجم ص 5 )
" دموی بخاروں کو حمی مطبقہ / حمی لازمہ کہتے ہیں ۔ ( اکسیر اعظم ص 913 )
حمی مطبقہ ۔ اس بخار کا نام مطبقہ اسلئے رکھا گیا کہ یہ رات دن یکساں چڑھا رہتا ہے ۔ مطبقہ لغت کو اس بخار کو کہا گیا جو دن رات چڑھا رہے ۔حمی مطبقہ ۔ حمی دمویہ لازمہ کو کہتے ہیں ۔( خونی بخار کو کہتے ہیں جو ہر وقت چڑھا رہے ) 
( ترجمہ کبیر ج چہارم ص 210 )
تپ مطبقہ یا تپ دائمی میں لرزہ نہیں آتا ۔
( ترجمہ کبیر ج چہارم ص 122 )
بخار کا اصول علاج : 
" 1  ۔ بخار کی حرارت کو مبردات یا مسکنات حرارت یا معرقات کے ذریعہ کم کیا جائے ۔

"2 .. بخار کے مادے کو منضجات و ملینات و مسہلات کے ذریعہ توڑا اور خارج کیا جائے ۔
" 3 ۔ ضعف و نقاہت کی حالت میں مفرحات و مقویات قلب استعمال کرائی جائیں ۔ معرقات میں کرنجوہ ہے ۔
( اصول طب ص 553 )
"حمی مطبقہ کا علاج حمی صفراویہ کے مطابق کریں ۔ طبیعت کے تلین کیلئے آب انار شیریں ۔ ۔۔ کا استعمال کریں ۔
(اکسیر اعظم ص 917 )
میں نے اپنے تجربہ میں پایا کہ " افسنتین " خلطی عفونت کو دور کرنے میں لاجواب ہے افسنتین کے فوائد و خواص ۔۔۔۔"افسنتین دیگر فوائد کے علاوہ بطور خاص اسکا جوشاندہ خلطی بخاروں اور مرکب بخاروں کو مفید ہے ۔ اس تپ کو جو اخلاط میں عفونت آجانے سے پیدا ہوتی ہو اور پرانی پڑ گئی ہو دور کرتی ہے یہ معدے کو قوت دیتی ہے خاص کر بھوک بڑھانے میں عجیب الفعل ہے ۔
( خزائن الادویہ ص 245 )
میں نے کرنجوہ کو پایا کہ یہ ہرطرح کے بخار کو دور کرنے کی تاثیر رکھتا ہے ۔۔۔" مغز کرنجوہ کو کھانے سے انسان ہوائے وبائی کی تاثیر سے محفوظ رہتا ہے یہ پرانے بخار کو نافع ہے یہ دافع بخار نوبتی ہے اسکے استعمال سے دن میں دو بار آنے والا بخار چھوٹ تا ہے ۔
( خزائن الادویہ ص 1038 )
تپ ملیریا تپ لرزہ نوبتی بخاروں خصوصاً ربع کی نوبت کو دفع کرنے کیلئے کھاتے ہیں۔
( تاج المفردات ص 553 )
حمی مزمنہ میں عام طور پر پیشاب میں انفیکشن کی شکایت ہو جاتی ہے ویسے بھی دافع حمی دواؤں کے ساتھ مدر بول دواؤں کی شمولیت سے بخار جلدی اترتا ہے اس مقصد کیلئے میں شربت بزوری کو از حد مفید پاتا ہوں ۔ شربت بزوری کے فوائد و خواص ملاحظہ کریں ۔ "شربت بزوری بذریعہ ادرار جگر ، گردہ و مثانہ اور رحم کے فضلات خارج کرتا ہے ۔ مرکب بخاروں میں مفید ہے ۔( کتاب المرکبات ۔ حکیم سید ظل الرحمن ۔ ص 103 )
حمی لازمہ / دائمہ کے علاج میں قاطع صفرا دواؤں کی شمولیت کی ضرورت میں محسوس کرتا ہوں اور اس مقصد کیلئے جوارش عود ترش مرکب کو سب سے بہتر پاتا ہوں۔۔۔ "جوارش عود ترش۔۔۔معدہ کی چاروں قوتوں کو طاقت دیتی ہے ۔ صفرا کی زیادتی اور منہ کی تلخی کو دور کرتی ہے ۔ ( کتاب المرکبات ص 41 )
بخار کی وجہ سے پیدا شدہ نقاہت کو دور کرنے میں خمیرہ مروارید سے بہتر کوئی مرکب نہیں پاتا۔
"خمیرہ مروارید دل و دماغ کو قوت بخش تا ہے۔ خفقان وحشت اور حرارت کو زائل کرتا ہے ۔ موتی جھرا ، چیچک اور بیماری کے بعد کی کمزوری میں مفید ہے ۔ ( کتاب المرکبات  ص 72 )

میں نے بچی کو حوصلہ دلایا کہ تم میری کڑوی دوا پی لو انشاءاللہ بالکل ٹھیک ہو جاؤ گی اس کے بعد حسب ذیل نسخہ مرتب کیا اور دس دن کے دوا دیکر رخصت کیا ۔۔ 
11/3/2021
ھوالشافی 
جوشاندہ حمی ( چرائتہ ، گلو ، افسنتین ) ہمراہ شربت بزوری بیس ، بیس ملی لیٹر صبح خالی پیٹ شام چار بجے جوشاندہ میں ملاکر ہمراہ حب کرنجوہ ( کرنجوہ کے مغز کی گولیاں مٹر کی سائز میں ) دو دو گولی صبح خالی پیٹ شام چار بجے 

جوارش عود ترش  ایک ایک چمچہ صبح و شام کھانا کھانے کے بعد ۔۔

خمیرہ مروارید ایک چمچہ ( سات گرام بقدر ) رات سوتے وقت دیا۔۔
دس دن بعد بچی خوش و خرم مطب پر آئی اسکی ماں نے بتایا کی دوا استعمال کرنے کے دوسرے دن ہی بخار اتر گیا اور اب بخار سے بالکل نجات مل چکی ہے البتہ پیٹ میں درد کی شکایت بدستور ہے ۔
اس بار میں نے ورم کبد کا لحاذ کرتے ہوئے ۔کیونکہ پیٹ میں درد کی شکایت باقی ہے میں نے حسب ذیل دوا دی ۔  
 بیس دن کیلئے دوا دی ۔19/3/2021
ھوالشافی
جوشاندہ حمی + شربت کاسنی  بیس بیس ملی لیٹر  + حب کرنجوہ دو دو گولی صبح خالی پیٹ اور شام چار بجے 
جوارش عود ترش + سفوف انگوزہ بعد غذائیں صبح و شام 
خمیرہ گاؤزباں عنبری جواہر والا ایک چمچہ شام چار بجے 
خمیرہ مروارید ایک چمچہ رات سوتے وقت 

۔۔ 9/4/2021 کو مریضہ مطب پر آئی اب اسکو مکمل آرام تھا اسے اب سلیقے کی بھوک لگ رہی تھی پیٹ کا درد بالکل غائب تھا اور اس پورے عرصہ میں ایک لمحے کیلئے بھی بخار نہیں آیا تھا ۔ میں نے اس بار اسے شربت کاسنی اور خمیرہ مروارید دیکر رخصت کردیا۔۔
حمی مطبقہ / حمی دائمہ کے علاج میں ایلو پیتھ پوری طرح ناکام ہے جیسا کی اس واقعہ میں آپ نے دیکھا کیونکہ ایلو پیتھ میں اخلاط کا یہ تصور ہی نہیں پایا جاتا اسی لئے وہ ان جیسے بخاروں کے علاج میں ناکام ہے ۔ میرے عزیز طبیب دوستوں یہ طب یونانی کا کمال ہے ۔ جہاں ایلو پیتھ دم توڑ چکی ہوتی ہے یونانی وہیں سے شروع ہوتی ہے۔۔ یونانی طریقہ علاج بہت سستا اور بہت مؤثر ہے ۔ 
اے کاش آپ تمام طب یونانی کو عملاً فروغ دینے والے بنیں ۔اے کاش ۔۔۔

حکیم شاہد بدرفلاحی 
9936205756