Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, April 3, 2021

مولانا ‏ولی ‏ رحمانی ‏کے ‏ انتقال ‏ پرجمعیۃعلماء مہاراشٹر کااظہار تعزیت ‏

ممبئی.. مہاراشٹر /صدائے وقت /پریس ریلیز /03 اپریل 2021. 
+++++++++++++++++++++++++++++ 
قحط الرجال کے اس دور میں یہ خبر نہایت اندوہناک ہے کہ مولانا سیدمحمد ولی رحمانی(جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا ءبورڈ) کا مختصرعلالت کے بعدسنیچر کے روز دوپہر میں انتقال ہوگیا ۔انا للہ و انا الیہ راجعون 
نماز جنازہ اتوارکوصبح ۱۱؍بجے  خانقاہ جامعہ رحمانیہ مونگیر میں ادا کی جائے گی ۔
امیر شریعت مولاناسید ولی رحمانیؒ کا سانحہ ارتحال ملت اسلامیہ کا عظیم خسارہ ہے ،آپ ایک علمی خانوادے کے گل سرسبد تھے، آپ کے دادا مولانا محمد علی مونگیری رح بانی ندوہ اور والد مولانا منت اللہ رحمانی رح آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے پہلے جنرل سیکرٹری تھے، 
مولانا ولی رحمانی نے اپنے بزرگوں کے نقش قدم کی پیروی کرتے ہوئے اپنی پوری زندگی ملت اسلامیہ کی فلاح و بہبودی میں بسر کی ۔
آپ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری کے عہدہ پر فائز تھے ،آپ کی نگرانی میں ملت کے نوجوانوں کو عصری تعلیم سے آراستہ کرنےکے لئے ٹیکنیکل کالج،اسپتال،آئی اے ایس کی کوچنگ چل رہی تھی۔ آپ ملی ،قومی اورعوامی مسائل پر بھی گہری نظر رکھتے تھے۔ 
مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلما ءمہاراشٹرنے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ان کی رحلت سے جو خلا پیدا ہوگیا ہے،بظاہر اس کا پر ہونا مشکل نظر آرہا ہے ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اوردرجات کو بلند فرمائے اور ملت اسلامیہ کو اس نازک گھڑی میں ان کا بدل عطا فرمائے ،آمین
ائمہ مساجد ،ذمہ داران مدارس عربیہ اور جماعتی احباب سے ایصال ثواب اور دعاء مغفرت کی درخواست کی جاتی ہے ۔  
دفترجمعیۃعلماء مہاراشٹر