Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, May 9, 2021

‎: ایس پی ممبر پارلیمنٹ اعظم خان کی طبیعت بگڑی ، میدانتا اسپتال لکھنو منتقل. ‏. .اہل خانہ ‏کا ‏ اظہار ‏ تشویش ‏. ‏

گزشتہ ایک سال سے زیادہ وقت سے اعظم خان سیتاپور جیل میں بند ہیں ۔ سیتا پور جیل انتظامیہ نے دو دن پہلے ہی ان کا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا ۔ کورونا ٹیسٹ رپورٹ میں اعظم خان سمیت جیل میں 13 قیدی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں ۔

لکھنو.. اتر پردیش /صدائے وقت /ذرائع /9 مئی 2012. 
==============================
 اترپردیش کے رامپور سے ممبر پارلیمنٹ اور سماج وادی پارٹی کے قدآور  لیڈر اعظم خان کی طبیعت اتوار کو اچانک بگڑ گئی ہے ۔ اعظم خان کی رپورٹ گزشتہ یکم مئی کو کورونا پازیٹیو آئی تھی ۔ بتایا جارہا ہے کہ ضلع انتظامیہ کے افسران اعظم خان کو لکھنو کے میدانتا اسپتال کے کورونا سینٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے.  ۔ سیتا پور ضلع میں بند اعظم خان کو لے جانے کیلئے ایمبولینس اور اسکاٹ تیار ہے ۔ جائے واقعہ پر اے ایس پی ، ایس ڈی ایم صدر سمیت سی او سٹی ڈسٹرکٹ جیل  سیتاپور میں موجود رہے 
گزشتہ ایک سال سے زیادہ وقت سے اعظم خان سیتاپور جیل میں بند ہیں ۔ سیتا پور جیل انتظامیہ نے دو دن پہلے ہی ان کا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا ۔ کورونا ٹیسٹ رپورٹ میں اعظم خان سمیت جیل میں 13 قیدی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں ۔
بتادیں کہ اعظم خان کی ممبر اسمبلی اہلیہ تزئین فاطمہ کو کچھ دنوں پہلے ہی ضمانت مل گئی تھی ، لیکن اعظم خان اور عبد اللہ اعظم کا انتظار طویل ہوتا جارہا ہے ۔ اعظم خان کے اوپر 80 سے زیادہ مقدمات درج ہیں جبکہ عبد اللہ اعظم پر 40 سے زیادہ کیسز درج ہیں ۔ جانکاری کے مطابق زیادہ تر معاملات میں انہیں ضمانت مل چکی ہے ۔ اب کچھ مقدمات میں ہی ضمانت ملنی باقی ہے ۔
گزشتہ سال 26 فروری کو اعظم خان ، ان کی اہلیہ تزئین فاطمہ اور بیٹے عبد اللہ اعظم نے رامپور کی عدالت میں خودسپردگی کی تھی ۔ تینوں کے اوپر دستاویز میں ہیرا پھیری کرکے فرضی پین کارڈ اور پاسپورٹ بنوانے کا سال 2019 میں مقدمہ درج ہوا تھا ۔ اس مقدمہ میں عدالت کے ذریعہ بار بار بلانے کے باوجود وہ حاضر نہیں ہورہے تھے ، جس کے بعد عدالت نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کردیا تھا ۔ این بی ڈبلیو جاری ہونے کے بعد تینوں نے عدالت میں خودسپرگی کی اور ضمانت مانگی ، لیکن عدالت نے انہیں رامپور کی ضلع جیل بھیج دیا 
27 فروری کو تینوں کو سیتا پور جیل میں منتقل کیا گیا ۔ دسمبر 2020 میں ان کی اہلیہ اور رامپور صدر سے ایس پی ممبر اسمبلی تزئین فاطمہ کو ضمانت مل گئی تھی اور وہ باہر ہیں ، لیکن اعظم خان اور ان کے بیٹے کو ابھی بھی ضمانت کا انتظار ہے ۔
ادھر جب اعظم خان کو کورونا اسپتال میں داخل کرنے اطلاع اہل خانہ کو ملی تو ان لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اعظم خان کی طبیعت ٹھیک ہے.. دس دن قبل کورونا ٹیسٹ ہوا تھا جس میں وہ پازیٹیو پائے گئے. مگر اب دس روز ہوگیا ہے. ان کو اسپتال شفٹ کرنے کی ضرورت نہیں تھی. 
اس سے قبل جب اعظم خان کو اسپتال منتقل کرنے کی تیار چل رہی تھی تو انھوں نے انکار کر دیا تھا.. مگر اعلی حکام کے سمجھانے پر وہ راضی ہوئے... ان کیساتھ ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا ہے.. وہ بھی کورونا پازیٹیو تھے.