Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, May 31, 2021

قبلہِ اول بیت المقدس کا سفر کیجئے*۔۔۔

از۔۔محمد عبید اللہ قاسمی۔۔۔۔۔صداؠے وقت۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کعبۃ اللہ اور مسجدِ نبوی کی طرح بیت المقدس کی محبت بھی دنیا کے ہر سچے مسلمان کے دل میں بستی ہے اور بسنا بھی چائیے، اس کے خون میں گردش کرتی ہے اور کرنی بھی چاہیے. بیت المقدس کے لئے مسلمانانِ عالم کا دل دھڑکتا ہے اور دھڑکنا بھی چاہیے. بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہِ اول رہا ہے. تقریباً 17 مہینوں تک رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے اصحاب نے اس کی طرف رخ کرکے نماز پڑھی ہے. یہ متعدد انبیاء کا مرکز رہا ہے اور فلسطین بہتیرے انبیاء کی سرزمین رہی ہے. حضور نے معراج کے موقعے پر وہاں انبیاء کی امامت کی ہے اور بیت المقدس معراج جیسے عظیم الشان واقعے کا حصہ رہا ہے. نیز، قرآنِ مجید کے سورہِ اسراء میں مسجدِ حرام اور مسجدِ اقصی کا ایک ساتھ بہت خوبصورت ذکر کیا گیا ہے اور مسجدِ اقصی کی فضیلت بتائی گئی ہے اور اسے بہت برکت والی جگہ قرار دیا گیا ہے.
حالیہ دنوں کی جنگ میں حقیقی ایمان والے جانباز فلسطینیوں نے بیت المقدس کی عظمت وحرمت اور فلسطین کی ناموس کی باز آبادکاری میں پرجوش حصہ لیا. اپنی بہت ساری جانیں بھی قربان کردیں اور دہائیوں سے اس کارِ عظیم میں مصروف ہیں. اس اہم قربانی اور عقیدت ومحبت پر فلسطین کے مسلمانوں کو دنیا کے تمام مسلمانوں کا سلام اور مبارکبادی پہنچے!

مظلوم فلسطینیوں کے لئے دعاؤں اور مالی تعاون کے ساتھ ساتھ دنیا کے عام مسلمانوں کو اب یہ بھی کرنا چاہیے کہ وہ بیت المقدس کی زیارت کے لئے سفر کریں، وہاں اپنے فلسطینی بھائیوں سے ملاقاتیں کریں اور حج وعمرہ کے ساتھ زیارتِ مسجدِ اقصی کو بھی اپنے پروگرام میں شامل کرلیں. چند روز پہلے حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کی یہ تجویز نظر آئی تھی جو مجھے بہت پسند آئی. دنیا کے مسلمانوں کی دوسری سب سے بڑی آبادی انڈیا میں بستی ہے مگر افسوس کہ زیارتِ بیت المقدس کا شوق یہاں نہیں پایا جاتا ہے اور عوام اس سے واقف تک نہیں ہے. 
بیت المقدس کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر وہاں کا سفر کرنا بھی فلسطینی مسلمانوں کا بڑا تعاون کہلائے گا، ان کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ایسے زائرین کا نام بھی کسی نہ کسی درجے میں بیت المقدس کی باز آبادکاری میں شمار ہوگا اور انہیں بڑا ثواب بھی ملے گا. 

لہذا ضرورت ہے کہ زیارتِ بیت المقدس کی طرف مسلمانوں کو متوجہ وراغب کیا جائے اور ٹریویل ایجینسیز کو بھی اس کے لئے آمادہ کیا جائے. ان شاء اللہ اس کے بڑے اچھے اثرات مرتب ہونگے. 

محمد عبید اللہ قاسمی، دہلی
مورخہ 30 مئی، 2021