Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, June 26, 2021

*کووڈ 19: ویکسین سے متعلق خدشات میں کتنا سچ کتنا جھوٹ؟*


 کووڈ ویکسینوں میں خنزیر کی جلد کے استعمال کی حقیقت !

از/ مولانابدیع الزماں ندوی قاسمی/صدائے وقت
..۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کووڈ انفیکشن سے بچنے کے لیے ویکسین ہی سب سے اہم اور مؤثر ذریعہ ہے ,ملک میں اب تک ویکسین کی لاکھوں خوراکیں دی جا چکی ہیں ،ملک میں ویکسین کے حوالے سے لوگوں میں اب بھی بہت سی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں اور ایسا صرف ہمارے ملک میں نہیں بلکہ  دنیا کے دیگر ممالک میں بھی صورتحال اس سے کچھ مختلف نہیں۔ ملک کے مشہور عالم دین ، چیرمین انڈین کونسل آف فتویٰ اینڈ ریسرچ ٹرسٹ بنگلور ، کرناٹک وجامعہ فاطمہ للبنات مظفرپور ، بہار مولانابدیع الزماں ندوی قاسمی نے کووڈ ویکسین کے بارے مختلف اخبار کے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین لینے کے بعد بھی کووڈ انفیکشن ہو سکتا ہے ، اس لئے کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کووڈ انفیکشن کا اثر بعض اوقات 14 دن کے بعد ظاہر ہوتا ہے، لہذا یہ ممکن ہے کہ اگر آپ کووڈ ویکسین لینے سے پہلے ہی اس سے متاثر ہو چکے ہیں تو ویکسین لینے کے بعد بھی آپ کو انفیکشن ہو جائے گا کیونکہ ویکسینیشن کے بعد اینٹی باڈیز تیار ہونے میں وقت لگتا ہے۔
ایسا صرف دو ہفتوں کے بعد ہوتا ہے۔ ویکسین لینے کے بعد انفیکشن ہونے کا خطرہ ہے لیکن ویکسین کے ذریعے جسم وائرس کے خلاف بہتر طور پر لڑ سکتا ہے۔ یہ بڑی حد تک آپ کی اپنی جسمانی حالت پر بھی منحصر کرتا ہے۔اسے ایک بریک تھرو انفیکشن کہا جاتا ہے اور زیادہ تر کیسز میں یہ ظاہر ہوا کہ ویکسین لینے سے پہلے ہی انفیکشن ہوا تھا۔ یہ بھی ممکن ہے کہ سفر کے دوران یا ویکسین لینے کے عمل کے دوران آپ اس سے متاثر ہوئے ہوں لیکن ویکسین آپ کو کورونا سے بچاتی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ویکسین لینے کے بعد انفیکشن کا اتنا مہلک اثر نہیں ہوتا۔
ایک صحافی کے سوال کیا کووڈ ویکسینوں میں خنزیر کی جلد استعمال کی گئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ڈکٹروں کا کہنا ہے کہ اس کی کوئی حقیقت نہیں۔عام طور سے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ افواہ کسی خاص مذہب کے لوگوں کو ویکسینیشن سے دور رکھنے کے لیے بھی پھیلائی گئی ہے لیکن اس میں اب تک کوئی حقیقت سامنے نہیں آ سکی۔
ایک صحافی نے سوال کیا کیا  کووڈ ویکسین کے بعد گوشت اور مچھلی کھا سکتے ہیں؟
انہوں کہا کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بالکل کھا سکتے ہیں ، اور جو چاہیں کھا سکتے ہیں۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا
کووڈ ویکسین میں مائیکرو چپس استعمال ہوئی ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ویکسین مختلف اقسام کی اور مختلف شیشیوں میں ہیں تو کیا سب میں چپس ہیں؟ کوئی کسی مائع میں چپ کیسے لگا سکتا ہے؟ یہ سب بیکار باتیں ہیں۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا
خواتین کو حیض کے دوران ویکسین لینی چاہیے یا نہیں؟
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس حالت میں خواتین ویکسین لے سکتی ہیں، کیونکہ یہ ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خواتین کی ماہواری پر ویکسین لینے کا کوئی اثر نہیں ہوتا لہذا خواتین ماہواری کے دوران بھی ویکسین لے سکتی ہیں۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا
کووڈ سے متاثر ہونے کے بعد ویکسین لینے کی ضرورت نہیں؟
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں سے تبادلۂ خیال کے بعد اس حقیقت کا پتہ چلا کہ یہ بات مکمل طور پر درست نہیں۔ کووڈ سے صحت مند ہونے کے بعد اینٹی باڈیز کچھ مہینوں تک باقی رہیں گی لیکن یہ ویکسین ضرور لینی چاہیے اور یہ کووڈ سے صحت مند ہونے کے دو تین ماہ بعد بھی لی جا سکتی ہے۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ
کیا کووڈ ویکسین لینے کے بعد ماسک یا سماجی فاصلوں کے اصول پر عمل کرنا ضروری ہے؟
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ویکسین لینے کے بعد بھی آپ کو کورونا انفیکشن سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اپنانی چاہیں۔ آپ صرف ماسک اور سماجی فاصلے کے ذریعے وائرس پھیلانے (سپریڈر بننے) سے بچ سکتے ہیں۔ویکسین لینے کے بعد بھی آپ کو معاشرتی دوری اور کورونا سے بچاؤ کے قواعد پر عمل کرنا چاہیے۔ اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ آپ کورونا وائرس کا کیریئر بن سکتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ کسی متاثرہ شخص سے انفیکشن لے کر کسی تیسرے شخص کو دے سکتے ہیں۔ آپ کو کورونا نہیں ہو گا لیکن آپ اس کے کیریئر بن سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف اقسام کے وائرس سامنے آرہے ہیں لہذا ایسی صورتحال میں احتیاط برتنی چاہیے۔
اس سلسلہ میں آخری اور حتمی بات انہوں نے یہ کہی کہ موجودہ صورتِ حال میں کووڈ 19 اورکووڈ ویکسینوں کا مسئلہ اس قدر پیچیدہ ، مشکوک اور مشتبہ ہو چکا ہے  کہ اس سلسلہ میں کسی بھی آدمی کے لئے فیصلہ کن بات کرنا ممکن نہیں ہے ،  اور موجودہ صورتحال میں ویکسین کی خوراک لئے بغیر چارۂ کار بھی نہیں ، اس لئے جب ویکسین کی خوراک لینے کی نوبت آئے تو حفظِ ماتقدم کے طور پر دوکام ضرور کریں ، (1) ایک کا م یہ کہ ویکسین کی خوراک لینے سے پہلے تین بار یہ دعا ضرور پڑھ لیں۔ " بِسمِ اللّٰهِ الَّذِی لَا یَضُرُّ مَعَ اسْمِہِ شَئیُُ فِی الاَرضِ وَلَا فِی السَّماءِ وَ ھُوَ السَّمِیعُ العَلِیمُ"( ترمذی ج:2 ص:176) اور دوسرا (2)کام یہ کہ ویکسین لگانے کی جگہ فوری طور سے "حجامہ " (Cupping) لگوانے کا التزام کریں ، ان شاء الله اس کی مضرت اور نقصان سے محفوظ رہیں گے ۔