Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, June 15, 2021

ایس آئی او نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلہ کا استقبال کیا. ‏


نئی دہلی،/صدائے وقت / 15 جون 2021 /(پریس ریلیز). 
==============================
دہلی ہائی کورٹ نے دہلی فسادات کے الزام میں گرفتار کیے گئے تین طلباء کارکنان آصف اقبال تنہا، دیوانگنا کالیتا اور نتاشا ناروال کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم سنایا ہے۔ ملک کی اہم طلباء تنظیم، اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) نے اس فیصلے کا استقبال کیا اور اسے مثالی فیصلہ قرار دیا۔ 
             محمد سلمان احمد. قومی صدر. 

دہلی ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد ایس آئی او نے پریس بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ "آصف اقبال تنہا، دیوانگنا کالیتا اور نتاشا ناروال کو دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت ملنے کے فیصلہ کا ہم استقبال کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ سی اے اے مخالف تحریک کی نوجوان قیادت کمزور کرنے کے لئے ان تینوں سمیت کئی اور افراد کو دہلی فساد کے الزام میں تقریبا ایک سال پہلے جیل میں بند کردیا گیا تھا۔ یہ عمل سراسر ناانصافی اور ظلم پر مبنی تھا۔"
اس فیصلے پر ایس آئی او کے قومی صدر محمد سلمان احمد نے کہا کہ "ہمیں خوشی ہے کہ معزز کورٹ نے ان بے بنیاد الزامات کو خارج کردیا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ فیصلہ معصوم نوجوانوں کو فرضی الزامات میں پھنسا کر ظلم زیادتی کا نشانہ بنانے کے خلاف ایک مثال ثابت ہوگا۔"

محمد سلمان احمد نے مزید کہا کہ "ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ تمام سیاسی قیدیوں کو جو قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں ،انہیں جلد رہائی نصیب ہو اور دہلی فساد کے اصل مجرمین اپنے انجام کو پہنچیں۔"

واضح رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی، دہلی کے طالب علم آصف اقبال تنہا اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کی دو طالبات دیوانگنا کالیتا اور نتاشا ناروال کو دہلی پولیس نے پچھلے سال 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہوئے فسادات کی سازش رچنے کا الزام لگا کر یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیا تھا۔