Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, June 20, 2021

ایس آئی او کی "ٹیکہ سب کے لئے" مہم کا آغاز، ڈیجیٹل وسائل سے محروم آبادی کو ٹیکہ لگوانے کا عزم. ‏


نئی دہلی/صدائے وقت /، 20 جون2021 (پریس ریلیز).. 

===++=========================

 کرونا ویکسن کی مساویانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) نے ایک اہم مہم کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ٹیکہ لگوانے کے متعلق بیداری پیدا کی جائے گی۔ ساتھ ہی موبائل اور انٹرنیٹ کی سہولیات سے محروم لوگوں کو ٹیکے کے لئے رجسٹر بھی کیا جائے گا۔

"ٹیکہ سب کے لیے" نامی اس مہم کا مقصد ہے کہ ہندوستان کے سبھی شہریوں کو بر وقت ٹیکہ ملے۔ اس مہم کے دوران ایس آئی او کی کویڈ ریلیف ٹاسک فورس کے رضاکار جو کہ ملک کی تقریباً تمام ہی ریاستوں میں موجود ہیں، ٹیکے کے ضمن میں لوگوں کے شکوک و شبہات دور کرنے کی کوشش کریں گے اور ان کا جسٹریشن کروائیں گے۔ ٹیکے کے مراکز تک لوگوں کو پہنچانے کے لیے حمل و نقل اور دیگر سہلولیات بھی بہم پہنچائیں گے۔ تنظیم مرکزی و ریاستی حکومتوں پر دباؤ بھی ڈالے گی کہ وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ کوئی بھی شہری ٹیکے سے محروم نہ رہے۔

واضح رہے کہ ایس آئی او نے اپریل میں ملک بھر میں پھیلے ایک ہزار سے زائد ہمہ وقت (24x7) رضاکاروں پر مشتمل کوویڈ ریلیف ٹاسک فورس کا آغاز کیا تھا۔ اس ٹاسک فورس نے گزشتہ دو ماہ میں کوویڈ مریضوں سے مختلف طبّی ضروریات مثلاً آکسیجن، خون، اسپتال بیڈس ، پلاذمہ اور ایمبولنس کے لیے تیس ہزار سے زائد درخواستیں موصول کیں، جن میں سے لگ بھگ بیس ہزار لوگوں کو ان وسائل کی فراہمی کرنے والوں سے جوڑا گیا۔

ایس آئی او کے صدر تنظیم محمد سلمان احمد نے کہا کہ کرونا کے خلاف اس مسلسل جدوجہد میں اب اگلا مرحلہ ٹیکہ کاری کا ہے۔ اس بحران میں یہ ایک اہم ہتھیار ہے۔ تاہم ابھی بھی بہت سے لوگ ٹیکے کے سلسلہ میں غلط فہمیوں کا شکار ہیں۔ وہیں دوسری طرف سماج کا بہت بڑا طبقہ ایسا ہے جو انٹرنیٹ اور موبائل کی سہولیات سے محروم ہے۔ جس کے نتیجہ میں وہ ٹیکے سے بھی محروم ہورہے ہیں۔ مرکزی حکومت کی ناقص منصوبہ بندی اور غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں ہم ابھی تک سبھی کو ٹیکہ مہیا کرنے کے ہدف سے کوسوں دور ہیں۔  


آئندہ ہفتوں میں ایس آئی او سما ج کی بااثر شخصیات، مذہبی و سماجی قائدین اور ماہرین کے تعاون  سے بڑے پیمانے پر عوامی بیداری کا کام کرے گی۔ ایس آئی او کے والنٹیرز دیگر این جی اوز کے اشتراک سےعبادت گاہیں، کمیونٹی سنٹرز اور دفاتر پر رجسٹریشن سنٹرس قائم کریں گے۔ اس ضمن میں بالخصوص ایسے علاقوں پر توجہ دی جائے گی جہاں کے لوگ ڈیجیٹل آلات سے محروم اور اُن کے استعمال سے ناواقف ہیں۔

سلمان احمد نے مزید کہا کہ جہاں حکومت وباء پر قابو پانے اور ٹیکہ فراہم کرنے کے سلسلہ میں ناکام ہوئی ہے، وہیں ہم  بحیثیت مسلم اور ایک ذمّہ دار شہری اپنی ذمہ داری کو جانیں اور ضرورت مندلوگوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ ہم کوویڈ ریلیف ٹاسک فورس کی کامیابی کو آگے بڑھائیں گے اور تنظیم کے انفراسٹرکچر اور وسائل کو استعمال کرتے ہوئے سماج کے محروم طبقے تک ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔