Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, September 18, 2021

آٹھویں امیر شریعت کے انتخاب کے لیے ارباب حل و عقد کا اجلاس. ‏. ‏.دس اکتوبر١٢٠٢؁ءکو المعہد العالی کیمپس پھلواری شریف،پٹنہ میں: ‏

پھلواری شریف.. بہار /صدائے وقت /ذرائع. 
==============================
امارت شرعیہ قوم و ملت کا ایک عظیم سرمایہ اور دستوری ادارہ ہے ، اس کے تمام کام ایک ضابطہ اور اکابر کے بنائے ہوئے دستور کے مطابق انجام پاتے ہیں ۔ یہ باتیں امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے پریس کے لیے جاری بیان میں کہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں امیر شریعت مفکر اسلام حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب نور اللہ مرقدہ  کی وفات کے بعد آٹھویں امیر شریعت کا انتخاب بھی ہر حال میں دستور کے مطابق صاف شفاف ماحول میں ہو گا ۔ امارت شرعیہ کی مجلس شوریٰ کے نصف سے زائد ارکان نے امار ت شرعیہ کے دستور کی دفعہ۱۷؍کی شق(و)ور ٹرسٹ ڈیڈ میں مذکور دستور امارت شرعیہ کی دفعہ ۹؍ کی شق(ایف) کی روشنی میں ارباب حل و عقد کا اجلاس مورخہ دس اکتوبر٢٠٢١ءروز اتوار کو المعہد العالی امارت شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی صاحب مد ظلہ العالی نے بھی اس کی منظوری دے دی ہے۔امار ت شرعیہ کے جملہ کارکنا ن و ذمہ داران اجلاس کی تیاری کے لیے مستعد ہیں ۔ آج مورخہ ۱۸؍ستمبر١٢٠٢؁ءکو مرکزی دفتر میں ذمہ داران وکارکنان امارت شرعیہ کی میٹنگ بھی ہوئی اور انتظامی امور سمیت اجلاس کو پر امن اور صاف شفاف بنانے پر غور و خو ض کیا گیا اور باہمی مشورے سے ابتدائی مرحلے کے ضروری امور بھی طے کیے گئے ۔ عوام و خواص اور امارت شرعیہ کے مخلصین و محبین اس فیصلہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں ۔
لہٰذا آٹھویں امیر شریعت کا انتخاب مورخہ دس اکتوبر١٢٠٢؁ءروز اتوار کو دن میں گیارہ بجے المعہد العالی کیمپس امارت شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ میں منعقد ہو گا اورمجلس ارباب حل و عقد کے ارکان آٹھویں امیر شریعت کا انتخاب کریں گے ، ان شاء اللہ ۔ امارت شرعیہ کے چھوٹے بڑے تمام ذمہ داران و کارکنان صاف شفاف اور منصفانہ انتخاب کے لیے عند اللہ و عند الناس جواب دہ ہیں ۔ ارباب حل وعقد کے جملہ ارکان سے درخواست ہے کہ اپنا قیمتی وقت اس کام کے لیے اس دن فارغ رکھیں ، اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو ۔