Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, December 14, 2021

*جمعیۃ علماء مہاراشٹرکی مجلس عاملہ کی تشکیل*

 *مولانا مستقیم احسن اعظمی صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے مولانا حلیم اللہ قاسمی کو جنرل سکریٹری نامزد کیا*
ممبئی14/دسمبر 2021 / صدائے وقت /پریس ریلیز 
==================================
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی مجلس منتظمہ کا اجلاس ختم ہوتے ہی نو منتخب صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی صاحب نے پچھلے ٹرم کی مجلس عاملہ کی از سر نو تجدید کرتے ہوئے نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر حافظ مسعود صاحب حسامی کو مجلس عاملہ کا اجلاس بلاکر جنرل سیکرٹری کی تعیین کے لئے استصواب رائے کی تاکید کی جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے ریاستی دفتر میں   مجلس عاملہ کا اجلاس 12 دسمبر 2021 کو سہ پہر میں تین بجے  مولانا مسعود احمد حسامی نائب صدر جمعیۃ مہاراشٹر کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس کا آغاز مفتی محمد یوسف قاسمی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
دستور اساسی جمعیۃ علماء ہند کی دفعہ 36(الف) کے ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے الحاج گلزار احمد اعظمی سکریٹری قانونی امداد کمیٹی نے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سیکرٹری مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری دانست میں جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی تاریخ میں مولانا حامد الانصاری غازی مرحوم اور مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی دو ایسی شخصیتیں ہیں جنھوں نے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے ایسی مرتب، منضبط اور فعال خدمات انجام دی ہیں جن کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا ہے، اس بنا پر آئندہ ٹرم میں جنرل سکریٹری کے لیے میں مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب کے نام کو پیش کرتا ہوں ،مجلس عاملہ کے تمام ممبران نے اس تجویز کی پر زور تائید کی اور صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر مولانا مستقیم احسن اعظمی صاحب کی نیابت کرتے ہوئے جناب حافظ مسعود احمد حسامی صاحب نے حسب ضابطہ 
آئندہ ٹرم کے جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی کے نام کا اعلان کیا، اس اجلاس میں مرکز سے تشریف لائے ہوئے مہمان خصوصی جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی حضرت مولانا مفتی سید معصوم ثاقب صاحب نے بھی بطور مہمان خصوصی شرکت فرمائی اور اپنے ناصحانہ کلمات سے نوازا ۔
اجلاس کے شرکاء میں مولانا مسعود احمد حسامی، مولانا اشتیاق احمد قاسمی،ڈاکٹر عبد المنان شیخ،حافظ محمد ذاکر صدیقی، مولاناحلیم اللہ قاسمی،مفتی محمد یوسف قاسمی،گلزار احمد اعظمی، مفتی حفیظ اللہ قاسمی،حافظ محمد عارف انصاری،مولانا محمد عارف عمری،مولانا عبد الصمد قاسمی،مولانا عبد القیوم قاسمی،مشتاق صوفی،مفتی محمد محسن قاسمی،قاری محمد ادریس انصاری، مولانا مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی،حافظ شیخ خلیل اللہ وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔
آج مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے اجلاس مجلس منتظمہ میں منظور کی گئی قرارداد کو وزیر اعلی مہاراشٹر ادھو ٹھاکرے ، ہوم منسٹر دلیپ ولسے پاٹِل ، وزیر اقلیتی امورنواب ملک اور ریاست کی سیکولر پارٹیوں کے صدور کوروانہ کیا ۔
منظور کی گئی قرار داد میں اقلیتی اداروں کی تشکیل نو ، دھولیہ اور مالیگاؤں فسادات کی تحقیقات کرنے والے کمیشنوں کی رپورٹ منظر عام پر لاکر خاطی پولیس والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ، مذہبی شخصیات کے احترام کے لئیے خصوصی قانون سازی ، شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر سے مقدمات واپس لینا وغیرہ شامل ہے ۔