Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, December 12, 2021

آسام میں سی اے اے کے خلاف پھر احتجاج، قانون کے دوسال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منایا، قانون کی کاپیاں نذرآتش

آسام میں سی اے اے کے خلاف پھر احتجاج، قانون کے دوسال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منایا، قانون کی کاپیاں نذرآتش۔
گوہاٹی: آسام... صدائے وقت / ذرائع 
==================================
 شمال مشرق میں شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے ) کے خلاف پھر احتجاج شروع ہوگیا ہے ۔ ہفتہ کو اس قانون کے دو سال کی تکمیل پر نارتھ ایسٹ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ( این ای ایس او ) کی جانب سے گوہاٹی میں زبردست احتجاج کیا گیا اور اس قانون کے دو سال کی تکمیل کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا ۔۱۱دسمبر ۲۰۱۹کو راجیہ سبھا میں شہریت ترمیمی قانون بل منظور کیا گیا تھا جس کے خلاف خاص طور پر شمال مشرقی ریاستوں میں شدید احتجاج کیا گیا تھا ۔ خاص طور پر آسام میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں کم از کم پانچ افراد مارے گئے تھے۔
ریاست کے طلباء گروپس پر مشتمل نارتھ ایسٹ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے احتجاج کے دوران اہم مقامات پر سیاہ پرچم لہرائے اور اس قانون کے خلاف بیانرس بھی لگائے گئے ۔آرگنائزیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سی اے اے کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں ۔ تنظیم نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ۱۱دسمبر ۲۰۱۹کو ملک بھر میں مخالفت کے باوجود مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں اس قانون کو منظور کیا تھا ۔ تنظیم نے اپنے بیان میں حکومت کو یہ بھی پیغام دیا کہ شمال مشرقی خطہ کے عوام اس قانون کے خلاف ہیں۔تنظیم کے صلاح کار سموزل بھٹہ چاریہ نے کہاکہ این ای ایس او نے علاقے کی سات ریاستوں میں اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا، اس کے تحت لوگوں نے غیر قانونی طور سے نافذ شہریت ترمیمی قانون کی مذمت کرنے والے بینر اور کالے جھنڈوں کے ساتھ احتجاج کیا۔ بھٹہ چاریہ نے کہاکہ این ای ایس او کی ہم خیال آل آسام اسٹوڈنٹ یونین نے بھی قانون واپسی کے مطالبے کو لے کر ریاست کے سبھی اضلاع میں احتجاج کیا۔