Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, January 7, 2022

ناسا کی حیرت انگیز کامیابی

 
از/ مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ. 
                        صدائے وقت 
=================================
 ناسا کے پا کر سولر یان نے سورج کے حلقہ میں داخل ہوکر حیرت انگیز کامیابی حاصل کی ہے، اب تک یہ سمجھا جاتا تھا کہ جب سورج کی تمازت گرمی کے موسم میں ہمیں بلبلا کر رکھ دیتی ہے ، باد سموم کے جھونکے اور لُو سے بہتوں کی موت ہوجاتی ہے، ایسے میں اگر سورج کے قریب کوئی پہونچے گا تو جل کر خاک ہوجائے گا ، لیکن ۱۴؍ دسمبر ۲۰۲۱ء کو امریکہ کے نیو آرلینس میں کیے گیے اس اعلان سے دنیا حیرت زدہ رہ گئی کہ نا سا کا پار کر سولر سورج کے اوپر کے فضائی حصے سے گذر گیا، اور اس نے زمین سے سورج کی اکانوے فی صد دوری طے کرکے یہ کارنامہ انجام دیا ہے، یہ ایک حیرت انگیز کامیابی ہے، جس کا ذکر خلائی سائنسی کامیابی کے حوالہ سے تاریخ میں ہمیشہ محفوظ رہے گا، اور اس کی مدد سے سورج کے سلسلہ میں ہماری تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگا اور ہم سورج کے جغرافیہ، اس کی تاریخ کے بارے میں پہلے سے کہیں زیادہ جان اور سمجھ سکیں گے، اس نقطۂ نظر سے ناسا کی کامیابی تحقیق کی دنیا میں میل کا پتھر ثابت ہوگا۔
 ناسا نے اس مہم کا آغاز ۲۰۱۸ء میں کیا تھا اور اس کے ماہر سائنس دانوں نے پارکر سولر کو سورج کے حدود میں پہونچا دیا ، جہاں سورج کی کشش ، چمبک کی طرح ہر چیز پر حاوی ہو رہی تھی، جو معلومات مہیا ہو سکیں ان کے ابتدائی مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ سورج کی سطح زمین کی طرح ٹھوس نہیں ہے، وہاں کا ماحول انتہائی گرم ہے، جس کی وجہ سے سورج سے قریب کی چیزیں چھٹک چھٹک کر سورج سے دور ہوتی رہتی ہیں، سورج کی کرنیں اسی طرح ہم تک پہونچتی ہیں، یہ مصنوعی سیارہ صرف ایک ماہ بعد جنوری ۲۰۲۲ء میں پھر سے سورج کے حدود میں داخل ہو کر اپنامطالعہ جاری رکھے گا، اور اگر کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی ہوئی تو بار بار وہ سورج کے حدود میں داخل ہوگا اور دنیا تک نئی نئی معلومات پہونچائے گا۔
 ہمارا ماننا یہ ہے کہ اللہ رب العزت نے پوری کائنات کی تخلیق انسانوں کی خدمت کے لیے کی ہے، اور اس سے خدمت لینے کے لیے اسے مسخر کر دیا ہے ، تسخیر کائنات کی وجہ سے کائنات کی تمام چیزیں انسان کی دسترس میں ہیں، یہ الگ بات ہے کہ اس میں سے بہت سی چیزوں تک ابھی ہماری رسائی نہیں ہو پائی ہے،
 حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم ان الدنیا خلقت لکم وانکم خلقتم للآخرۃ یعنی پوری دنیا تمہارے لیے پیدا کی گئی اور تم آخرت کے لیے پیدا کیے گیے ہو کا یہی معنی ومفہوم ہے، کائنات کے راز سر بستہ اسی طرح کھلتے جائیں گے اور ایک وقت آئے گا یہ دنیا ہی فنا ہوجائے گی۔