Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, April 14, 2024

ایران کا اسرائیل پر حملہ۔۔۔میزائیل و ڈرونس کی یلغار۔۔!

حزب اللہ ' القسام بریگیڈ اور حماس بھی جنگ میں شامل ' آسمان دھماکوں سے لرز گیا٭ امریکہ ' برطانیہ ' فرانس اور اردن نے اسرائیل کی حمایت کا اعلان کردیا

سارے اسرائیل میں ر یڈ الرٹ ۔ شہریوں کو بنکروں میں پناہ لینے کا حکم ' جوابی کارروائی کا عزم

حملے حق مدافعت کے تحت کئے گئے ۔ ایران کا دعوی ' کئی ممالک کی فضائی پٹی بند
٭ امریکہ ' برطانیہ اور اردن نے کئی ایرانی ڈرونس کو مار گرانے کا دعوی کیا '


تہران :/ نئی دہلی / صدائے وقث/ 14 اپریل 2024./ذرائع/ایجںسیاں۔

=====================================

 کئی دن سے جاری کشیدگی کے بعد آج رات دیر گئے ایران نے اسرائیل کے خلاف فضائی حملہ کردیا ہے ۔ ایران کی اسلامی انقلابی گارڈز نے اعلان کیا کہ اس نے اسرائیل کو نشانہ بناتے ہوئے درجنوں ڈرونس اور میزائیل داغے ہیں کہا گیا تھا کہ یہ میزائیل اسرائیل پہونچنے تک چند گھنٹوں کا وقت درکار ہوگا تاہم آخری اطلاعات ملنے تک یہ میزائیل یروشلم پہونچ گئے ہیں اور سارے آسمان میں دھماکوں اور بمباری سے روشنی دیکھی جانے لگی ۔ دوسری جانب اسرائیل نے بھی توثیق کی کہ ایران نے اسے نشانہ بناتے ہوئے ڈرونس داغے ہیں اور اس نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ اپنی فضائی حدود پر نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ ایرانی ڈرونس اور میزائیل کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں مارگرایا جاسکے ۔ اسرائیل نے سارے ملک میں ریڈ الرٹ کے سائرن بھی بجادئے ہیں اور اپنے شہریوں کو حکم دیا ہے کہ وہ محفوظ شیلٹرس اور بنکروں میں چلے جائیں۔ اسرائیل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ان حملوں پر جوابی کارروائی کریگا ۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے بھی توثیق کی ہے کہ یہ حملے کردئے گئے ہیں۔ مشن نے واضح کیا ہے کہ یہ حملے ایران نے اپنے حق مدافعت کے تحت کئے ہیں اور چونکہ اسرائیل نے شام میں اس کے فوجی جرنیلوں کو ہلاک کیا تھا جس کے جواب میں یہ حملے کئے گئے ہیں۔ اسرائیل کی فوج نے کہا کہ یہ ڈرونس چند گھنٹوں میں اپنے نشانوں تک پہونچ سکتے ہیں۔ عراقی سکیوریٹی ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے اپنی فضائی حدود میں ایرانی ڈرونس کو پرواز کرتے دیکھا ہے ۔ اسرائیلی ٹی وی چینلس نے کہا ہے کہ ایرانی میزائیل توقع سے کم وقت میں اپنے نشانوں تک پہونچ سکتے ہیں تاہم کچھ میزائیل اور ڈرونس کو شام اور اردن میں مار گرانے کا بھی دعوی کیا جا رہا ہے ۔ ایک طرف ایران نے ان حملوں کا آغاز کردیا ہے تو فوری طور پر اسرائیل کے حواری امریکہ ' برطانیہ ' فرانس اور اردن نے نہ صرف ان حملوں کی مذمت کی ہے بلکہ ان ممالک نے اس لڑائی میں اسرائیل کی مدد کا اعلان بھی کردیا ہے ۔ ایرانی ایجنسیوں اور حزب اللہ کے سوشیل میڈیا اکاؤنٹس پر دعوی کیا گیا ہے کہ اسرائیل پر تین سمتوں سے حملے کئے جا رہے ہیں۔ یہ حملے یمن ' لبنان ' شام کے علاوہ ایران اور عراق کی سمت سے شروع کئے گئے ہیں۔ حزب اللہ ' پاسداران انقلاب اور حوثیوں نے ایرانی حملوں کی حمایت کی ہے ۔ حزب اللہ نے ایرانی حملوں کے ساتھ ہی جنوبی لبنان سے خود بھی اسرائیل پر فضائی حملے شروع کردئے ہیں۔ اس دوران ایران نے کہا ہے کہ اردن کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے اور اگر اردن اسرائیل کی مدد کیلئے آگے آتا ہے تو اسے اگلا نشانہ بنایا جائیگا ۔ جنوبی اسرائیل میں ان حملوں کے ساتھ ہی اچانک ہی سائرن بجنے لگے اور عوام میں خوف و اضطراب پیدا ہوگیا ۔ ایرانی دفاعی ایجنسیوں کے مطابق ایران نے اپنے طاقتور رشک قمر میزائیل کو بھی لانچ کردیا ہے ۔ خیبر میزائیل کے علاوہ ڈرونس کے ذریعہ حملے کئے جا رہے ہیں۔ ایران کے حملوں کے ساتھ ہی یمن کے حوثی ' فلسطینی حماس ' القسام بریگیڈ اور حزب اللہ جنگ میں راست طور پر کود پڑے ہیں۔ ایرانی حملے کی اطلاع کے ساتھ ہی فلسطینی سڑکوں اور چوراہوں پر جشن کا ماحول پیدا ہوگیا ہے ۔ کثیر تعداد میں فلسطینی عوام سڑکوں پر اتر کر ان حملوں کا جشن مناتے دیکھے گئے ہیں۔ ایرانی دارالحکومت تہران کی سڑکوں پر بھی ایرانی فورسیس کی کارروائی پر جشن کا آغاز ہوگیا ہے ۔ گذشتہ سات ماہ میں پہلی مرتبہ غزہ پر کوئی اسرائیلی فضائی حملہ نہیں ہوپایا ہے کیونکہ اسرائیل نے اپنی فضائی پٹی کو مکمل طور پر بند کردیا ہے ۔ خلیجی ممالک میں بیشتر حکمرانوں نے امریکہ کو ایران کے خلاف اپنی فضائی پٹی کا استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کے فیصلے سے واقف کروادیا ہے جس کے نتیجہ میں عالم عرب میں امریکہ کے یکا و تنہا ہوجانے کی قیاس آرائیاں بھی شروع ہوگئی ہیں۔ ہندوستانی معیار وقت کے مطابق صبح 4 بجے اسرائیل کے کئی علاقوں میں زوردار دھماکے سنائی دینے لگے جن میں یروشلم بھی شامل ہے ۔ مصر ' کویت ' عراق ' اردن ' شام کے علاوہ اطراف کے ممالک نے بھی اپنی فضائی پٹی بند کردی ہے اور ان علاقوں میں کمرشیل پروازوں کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے ۔ صبح صادق کی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے کئی شہروں میں یہ میزائیل اور ڈرونس پہونچ گئے ہیں اور ایک مقام پر ایک لڑکے کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔


تمام ٹوئیٹر اکاؤنٹس پر '' بسم اللہ الرحمن الرحیم ''
 ایران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف ڈرونس اور میزائیل حملوں سے چند منٹ قبل ایرانی حکومت اور اس کے قائدین و نمائندوں کے تقریبا تمام ٹوئیٹر اکاؤنٹس پر

ایک پیام '' بسم اللہ الرحمن الرحیم '' تحریر کیا گیا تھا ۔ دنیا بھر کے ٹوئیٹر صارفین اور حکومتیں یا سکیوریٹی ایجنسیاں ابھی اس پیام کی اہمیت کو سمجھنے کی کوشش ہی میں تھیں کہ اچانک ہی ایران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف حملے شروع کردئے گئے ۔
اسرائیل کو سزا دی جائے گی : خامنہ ای
ایران کے سپریم مذہبی رہنما خامنہ ای نے اسرائیل پر ایران کے حملوں کی مدافعت کی ہے اور انہوں نے اپنے پیام میں کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنی جارحانہ و انسانیت سوز کارروائیوں پر سزا دی جانی چاہئے اور اسے یہ سزا دی جائے گی ۔ حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے حملوں کے آغاز سے قبل اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ کے ذریعہ لکھا کہ اللہ کے نام پر ' اللہ کے راستہ پر پر عزم جدوجہد ۔ ایران کے بیشتر شہروں میں عوام کی کثیر تعداد سڑکوں پر نکل آئی ہے اور اس نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف پرچم لہراتے ہوئے نعرہ بازی کی اور ایران کی جانب سے کئے گئے فضائی حملوں کا خیر مقدم کیا ہے ۔


صدر جو بائیڈن وائیٹ ہاوس پہونچ گئے
 اسرائیل پر ایران کے فضائی ڈرونس و میزائیل داغے جانے کے ساتھ ہی مغربی دنیا اسرائیل کی حمایت میں اتر آئی ہے۔ امریکہ نے فوری طور پر اس لڑائی میں ایران کے خلاف اسرائیل کی تائیدو حمایت کا اعلان کردیا ہے ۔ امریکی صدر جو بائیڈن اس حملے کی اطلاع کے ساتھ ہی فوری طور پر واہیٹ ہاوس پہونچ گئے اور انہیں  سکیوریٹی مشیروں نے علاقہ کی صورتحال سے واقف کروایا ۔ علاقہ میں کشیدگی کے دوران امریکی حکام نے اسرائیل کا دورہ کرتے ہوئے بھی اسے اپنی تائیدو حمایت کا یقین دلایا  تھا ۔ امریکی صدر نے حملے کے بعد صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور سکیوریٹی مشیروں سے تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔