Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, November 29, 2018

اعظم گڑھ۔۔" بوہرہ عقائد اور تاریخ"کتاب کا اجراء۔


بوہرہ۔عقائد اور تاریخ ، (اسمعیلی شیعوں کی جماعت بوہرہ کا ایک تعارف)۔
مصنف۔۔۔مولانا رحت اللہ اثری فلاحی مدنی۔(عربی)۔
مترجم۔(اردو)۔مولانا ذکی الرحمن غازی فلاحی ندوی۔(استاد جامة الفلاح بلریا گنج اعظم گڑھ۔)۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . .
رپورٹ / تحریر مولانا طاہر مدنی۔(صدائے وقت)۔
اعظم گڑھ اتر پردیش ۔۔بلریا گنج۔مورخہ 29/11/18۔
جامعة الفلاح کے مولانا ابواللیث ھال میں ایک کتاب کا اجراء عمل میں آیا، یہ کتاب اسماعیلی شیعہ کی ایک جماعت؛ بوہرہ؛ کے بارے میں ہے. شیعوں کے بہت سارے فرقے اور جماعتیں ہیں. البتہ ان کا بنیادی نظریہ وصیت و امامت پر منحصر ہے. یعنی یہ کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے اپنے بعد حضرت علی رضی اللہ عنہ کی خلافت کیلئے وصیت کردی تھی لیکن اسے نظر انداز کردیا گیا اور خلافت انہیں سپرد نہیں کی گئی. یہ حضرات خلافت کو ائمہ اہل بیت میں محصور مانتے ہیں اور اپنے ائمہ کی عصمت کے بھی قائل ہیں. شیعیت کا آغاز خلیفہ ثالث حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے زمانے میں اٹھنے والے فتنہ سے ہوا جس کا سرخیل یہودی النسل عبد اللہ بن سبا تھا. رفتہ رفتہ ان میں بہت سارے فرقے پیدا ہوگئے. ان میں ایک بوہرہ ہیں جن کا مرکز ممبئی میں ہے، مہاراشٹر اور گجرات میں ان کی خاصی تعداد ہے. خلیجی ممالک میں بھی ان کے مراکز ہیں. تجارت میں یہ بہت مضبوط ہیں اور باہمی اشتراک سے کام کرتے ہیں. عام طور سے یہ اپنے عقائد و نظریات کو مخفی رکھتے ہیں. اس لیے ان کے بارے میں میں معلومات حاصل کرنا دشوار امر ہے. استاذ محترم اور ناظم جامعہ مولانا رحمت اللہ اثری فلاحی مدنی حفظہ اللہ شکریے کے مستحق ہیں کہ انہوں نے تقریباً 35 برس قبل انتہائی جانفشانی اور دقت نظری سے مدینہ یونیورسٹی میں ماجستير کیلئے اپنی جو تحقیقی تھیسس پیش کی وہ بوہرہ جماعت کی تاریخ اور عقائد و نظریات سے متعلق تھی. بعد میں کتابی شکل میں یہ علمی کام منظر عام پر آیا اور عربی داں طبقے کیلئے مرجع و ماخذ بنا.
اس بات کی شدید ضرورت تھی کہ اس علمی کتاب کا اردو ترجمہ منظر عام پر آئے. چنانچہ یہ بیڑا نوجوان صاحب قلم مولانا ذکی الرحمن غازی فلاحی ندوی مدنی، استاذ جامعہ نے اٹھایا اور بحسن خوبی اس کام کو انجام دیا. تعارف نامہ اور ضمیمہ جات کے ذریعے اس میں قابل قدر اضافہ بھی کیا. مکتبہ الفھیم مئو نے بڑے اہتمام سے اسے شائع کیا. مختصر مدت میں فاضل مترجم کے قلم سے 22 تصنیفات اور 6 ترجمے منظر عام پر آ چکے ہیں، اللہ نے بڑا ستھرا علمی ذوق اور سیال قلم انہیں عطا فرمایا ہے. اللہ کرے قبولیت حاصل ہو اور اہل علم استفادہ کریں. آمین
اس کتاب کا تعارف مولانا ولی مجید قاسمی صاحب شیخ الحدیث جامعة الفلاح نے کرایا اور محترم مولانا رحمت اللہ اثری فلاحی مدنی حفظہ اللہ نے کتاب کی تیاری کے پس منظر اور مراحل سے واقف کرایا اور فاضل مترجم و ناشر کا شکریہ ادا کیا. محترم مولانا ابوالبقاء ندوی حفظہ اللہ معتمد مال کے اختتامی کلمات اور دعا پر نشست کا اختتام ہوا.
کتاب طلبہ کیلئے انتہائی رعایتی قیمت پر صرف 250 روپیہ میں دستیاب ہے جبکہ قیمت اصلی 560 روپیہ ہے. کتاب 636 صفحات پر مشتمل ہے. یہ ایک بیش قیمت علمی تحفہ ہے، جس سے اہل علم ضرور استفادہ کریں گے اور عام لوگوں کو بھی بوہروں کے بارے میں واقفیت ہوگی. ان شاء اللہ
طاھر مدنی، 29 نومبر 2018