Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, November 24, 2018

صوبائی و مرکزی حکومتیں اپنی ذمے داری نبھائیں۔مفتی ابولقاسم۔دیوبند


ایودھیا میں چل رہی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے مسلمانوں میں تشویش کی لہر
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
دیوبند، 24نومبر/صداۓوقت۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
  ایودھیا میں چل رہی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے مسلمانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ساتھ ہی یہاں کی انتظامیہ نے بھی حفاظت کے مدنظر علاقہ میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر سماجی لوگوں کی لسٹ بنالی ہے ، ایودھیا کے مسئلہ پر دارالعلوم دیوبندکے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اپنی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ 25نومبر کو ایودھیا میں اکٹھا ہونے والی بھیڑ کے تعلق سے انتہائی تشویشناک خبریں آرہی ہیں، اقلیتیں اوربالخصوص مسلمان خوف وہراس کا شکار ہیں انہو ں نے کہا کہ کچھ لوگوں کے نقل مکانی کی بھی اطلاعات ہیں ۔ مفتی ابوالقاسم نے کہاکہ ان حالات میں ضلع کے حکام اور صوبائی اور مرکزی حکومتوں کو امن وامان برقرار رکھنے اورعلاقوں کے باشندوں کی جان ومال اور جائیداد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں پوری دیانت داری کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔ دوسری جانب اسی مسئلہ کو لے کر  علاقہ میں پولیس انتظامیہ گہری نگاہ ان لوگوں پر لگائے ہوئے ہے۔ محکمہ خفیہ نے بھی اعلیٰ افسران کو رابطہ میں رکھتے ہوئے حکمت عملی تیار کرلی ہے اور حساس علاقوں پر نظریں مرکوز کردی ہیں۔ تفصیل کے مطابق آج ایودھیا میں شیوسینکوں کے پہنچنے کے اور کل سے دھرم سنسد کے اعلان کے سبب انتظامیہ علاقہ میں امن وامان کوبرقرار رکھنے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ حکمت عملی تیارکرکے اسے عملی جامہ پہنارہی ہے، بھلے ہی اس وقت علاقہ میں امن وامان نظر آرہا ہو لیکن عوام کے ذہن میں کل ہونے والی دھرم سنسد کے فیصلے پر نظریں مرکوز ہیں ، حالانکہ بہت سے افراد نے روز مرہ کے سامان بھی خرید کر سامان بھی رکھنا شروع کردیا ہے، ذرائع کے مطابق کرانہ کی دوکانوں میں اور دنوں کی بہ نسبت زیادہ بھیڑ نظر آئی ۔ دیوبند انتظامیہ نے بھی حساس علاقوں میں اضافی فورس تعینات کرنے کی اسکیم تیار کررکھی ہے، بتایا جاتا ہے کہ کل پولیس فورس کو مستعد رہنے کے احکامات دیئے گئے ہیں ، جب کہ خفیہ محکمہ نے بھی اضافی حفاظتی انتظامات کو مستعد رکھنے کے لئے اعلیٰ افسران سے علاقائی پولیس انتظامیہ کو احکامات دیئے جانے کا ان پٹ دیا ہے ۔ اطلاع کے مطابق دیوبند پولیس انتظامیہ اور خفیہ محکمہ کی خفیہ میٹنگ کرکے حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے ، اس سلسلہ میں سی او سدھارتھ سنگھ نے بتایا کہ اتوار یعنی (آج ) پولیس فورس کو مستعد کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت علاقہ میں امن وامان ہے اور کوئی خاص حکمت عملی تیار نہیں کی گئی ہے ، ان کے مطابق پولیس حفاظت کے مدنظر علاقہ میں گشت کرتی رہے گی اور شرپسند عناصر پر نظر رکھے گی ۔